یوگنڈ جورنال ڈیئر جماعت کا ’’صحافت نمبر‘‘
جرمنی سے نوجوانوں کے لئے جرمن زبان میں شائع ہونے والا سہ ماہی رسالہ ’’یوگنڈجورنال ڈیئر جماعت‘‘ (بہار و گرما 1997ء) ’’صحافت نمبر‘‘ ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو صحافت کی طرف متوجہ کرنا ہے۔ چنانچہ صحافت میں دلچسپی رکھنے والوں کے لئے مکرم عاطف خالد صاحب نے اپنے مضمون میں وہ تمام معلومات پیش کی ہیں جو مستقبل کے اخبار نویسوں کے لئے مفید ہیں۔ مکرمہ عطیہ احمد ہیوبش صاحبہ نے صحافت کی مختلف اصطلاحات کا تعارف پیش کرنے کے بعد ایک عام خبر اور رپورتاژ میں فرق بیان کیا ہے اور بتایا ہے کہ اداریہ کا مقصد کیا ہوتا ہے، فیچر کیا چیز ہے۔ نیز اخباری زبان کا تنقیدی جائزہ بھی لیا ہے۔
جرمن زبان کے مشہور صحافی و ادیب محترم ہدایت اللہ ہیوبش صاحب نے ذاتی تجربات کی روشنی میں جرمن صحافت کی صورتحال پر بحث کی ہے۔ جرمنی میں اگرچہ بہت سے ذہنوں میں آئیڈیل صحافی کا تصور ہے لیکن حقیقت میں اگر کوئی نوجوان صحافی صاف بات کرنے کی ہمت کرے تو اسے کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ … محترم مسعود احمد خان دہلوی صاحب نے اپنے مضمون میں اچھے صحافی کے دس خواص بیان کئے ہیں مثلاً وہ چوکنا ہو، اس میں خبروں کو جان لینے کی حِس ہو، جانچ پڑتال کی صلاحیت ہو اور وہ اپنا مافی الضمیر مختصر مگر جامع انداز میں بیان کرسکنے کا اہل ہو۔ اس کے لئے ضروری نہیں کہ وہ ہر فن مولا ہو لیکن اسے ہر شعبہ کا بنیادی علم ہونا چاہئے اور اسے مطالعہ سے اپنے علم میں اضافہ کرتے رہنا چاہئے۔
کسی کو صرف زبان کا علم ہونا اس کو قوت تحریر نہیں بخشتا بلکہ اسکے لئے کثرتِ مطالعہ کے ساتھ تحریر کی باقاعدہ مشق لازمی چیز ہے۔ مکرم تلمیذ الرحمٰن صاحب کے مضمون میں تحریر کی صلاحیت پیدا کرنے کا طریق بیان کیا گیا ہے۔
خبروں میں کسی کی عزت نفس پر حملہ کرنا ہتک عزت کے زمرے میں آتا ہے جس کے قانونی پہلوؤں پر مکرم عبدالرفیق احمد صاحب نے بحث کی ہے۔… اس کے علاوہ بعض دیگر مفید مضامین بھی اس شمارے کی زینت ہیں۔