احمدیہ گزٹ‘‘ کینیڈا کی خصوصی اشاعت (جلسہ سالانہ نمبر)

اس وقت ماہنامہ ’’احمدیہ گزٹ‘‘ کینیڈا کی خصوصی اشاعت (از اگست تا نومبر 2000ء) ہمارے پیش نظر ہے۔ قریباً دو سو صفحات پر مشتمل اس اشاعت میں کینیڈا کے 24ویں جلسہ سالانہ 2000ء کے حوالہ سے اہم رپورٹس، یادگار تصاویر، جلسہ کے موقع پر کی جانے والی عالمانہ تقاریر اور مہمانانِ کرام کے خطابات یکجا صورت میں پیش کئے گئے ہیں۔ عمدہ سفید کاغذ پر طبع کیا جانے والا یہ شمارہ اپنے نہایت شاندار مضامین اور رپورٹس کے حوالہ سے اس قابل ہے کہ ریفرنس لائبریریوں کی زینت بنایا جائے۔ محترم حسن محمد خان عارف صاحب (مدیر اعلیٰ) اور محترم ہدایت اللہ ہادی صاحب (مدیر) اس پیشکش پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔
اس جلسہ میں سیدنا حضرت خلیفۃالمسیح الرابع ایدہ اللہ تعالیٰ کے نمائندہ کے طور پر محترم چودھری حمیداللہ صاحب وکیل اعلیٰ تحریک جدید ربوہ نے شمولیت فرمائی۔

محترم چودھری حمیداللہ صاحب

محترم چودھری صاحب نے اس موقع پر تین خطابات فرمائے جو اس خصوصی اشاعت کی زینت ہیں۔ افتتاحی خطاب میں جلسہ سالانہ کے نظام کا تفصیلی تعارف کرواتے ہوئے آپ نے جلسہ کے مقاصد، تاریخ اور اس کی اہمیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے ارشادات اور مہمان نوازی کے اسلوب کا ذکر کرتے ہوئے آپ نے جلسہ سالانہ کو امّت واحدہ کے قیام کا ایک اہم ذریعہ قرار دیا۔
حضرت مسیح موعودؑ نے ایک بار نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ ’’انسان کی عمر ناپائیدار ہے، اس کا کچھ بھی بھروسہ نہیں اور عظیم الشان کام درپیش ہے اس لئے کوشش کرنی چاہئے کہ خاتمہ بالخیر ہو‘‘۔ خاتمہ بالخیر کے لئے جو تین ذرائع حضرت اقدسؑ نے بیان فرمائے، اُن میں پہلا تدبیر ہے کہ انسان دیدہ و دانستہ اپنے آپ کو گناہ کے گڑھے میں نہ ڈالے ورنہ ضرور ہلاک ہوگا۔ دوسرا ذریعہ دعا ہے اور تیسرا صحبت صادقین۔ محترم چودھری صاحب نے اپنی دوسری تقریر میں’’صحبت صادقین‘‘ کے موضوع پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور قرآن و حدیث اور حضرت مسیح موعودؑ کے ارشادات نیز متعدد واقعات سے اپنی تقریر کو مزین کیا۔ مثلاً آنحضرت ﷺ سے دریافت کیا گیا کہ کس کے پاس بیٹھنا (دینی لحاظ سے) بہتر ہے؟ آپؐ نے فرمایا: ایسے شخص کے پاس بیٹھنا مفید ہے جس کو دیکھنے سے تمہیں خدا یاد آوے، جس کی باتوں سے تمہارے علم میں اضافہ ہو اور جس کے عمل کو دیکھ کر تمہیں آخرت کا خیال آئے۔ حضرت مسیح موعودؑ کا ارشاد ہے: ’’خدا کے فضل کے سوا تبدیلی نہیں ہوتی۔ اعمال نیک کے واسطے صحبت صادقین کا نصیب ہونا بہت ضروری ہے۔ یہ خدا کی سنّت ہے ورنہ اگر چاہتا تو آسمان سے قرآن مجید یونہی بھیج دیتا اور کوئی رسول نہ آتا‘‘۔
محترم چودھری صاحب کا جلسہ سالانہ سے اختتامی خطاب انگریزی زبان میں تھا جس میں آپ نے انسانی حقوق کے حوالہ سے مختلف اقسام کے حقوق کی قرآن کریم کی تعلیم کی روشنی میں تفصیلی وضاحت فرمائی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں