اداریہ: یوم مسیح موعود منانے کا بہترین انداز

(مطبوعہ انصارالدین یوکے مارچ و اپریل 2023ء)

23؍مارچ (یوم مسیح موعود) ہر سال ہمارے لیے اس عہد بیعت کو تازہ اور اس کی تجدید کرواتا ہے جسے ہم نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام پر ایمان لاتے ہوئے اور آپؑ کی صداقت کا اقرار کرتے ہوئے دس شرائطِ بیعت کی صورت میں اپنی زندگیوں پر نافذ کرنے کا اقرار کیا ہے۔ ہر سال تجدیدِ بیعت کی تقریب کے موقع پر ہم خداتعالیٰ کی وحدانیت اور حضرت اقدس محمد رسول اللہﷺ کی رسالت کی شہادت دینے کے بعد صدقِ دل سے یہ اقرار کرتے ہیںکہ ہم ہمیشہ اُن دس شرائط بیعت پر کاربند رہنے کی کوشش کریں گے جن پر حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے احباب جماعت کو عمل پیرا ہونےکی نصیحت، تلقین اور تاکید فرمائی ہے۔ تجدیدِ بیعت کے وقت بارہا کیے جانے والے اس اقرار کہ ’’مَیں وعدہ کرتا ہوں کہ مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی مقرر فرمودہ دس شرائط بیعت کا پابند رہنے کی کوشش کروں گا‘‘ کے باوجود اگر ہم اپنی عملی حالت کا جائزہ لیں تو اکثریت کو یہ اعتراف کرنا پڑے گا کہ اکثر و بیشتر یہ شرائط ہمارے پیش نظر نہیں رہتیں۔
ان شرائطِ بیعت کی اہمیت کے پیش نظر خلفائے عظام نے مختلف پہلوؤں سے یہ شرائط بارہا اپنے خطبات اور خطابات میں بیان فرمائی ہیں۔ امیرالمومنین سیّدنا و امامنا حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے تو مسند خلافت پر متمکّن ہونے کے ساتھ ہی اس اہم مضمون پر مختلف جہتوں سے تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے اپنے متعدد خطبات اور خطابات میں عہدِ بیعت کے تعلق میں ہمیں ہماری ذمہ داریوں کا احساس دلایا تھا۔ یہ خطبات اور خطابات بعد ازاں یکجائی طور پر کتابی صورت میں بھی شائع ہوچکے ہیں۔
ہمارا مشاہدہ ہے کہ جب سوزِ قلب اور جذبۂ محبت سے کسی کو نصیحت کی جائے تو سعید فطرت پر وہ ضرور اثر دکھاتی ہے۔ اور یہ نصیحت اُس وقت مزید زود اثر ہوجایا کرتی ہے جب اس کا ماخذ کلام اللہ اور قول رسول ﷺ ہو۔ خصوصاً جب وہ نصیحت امام الزمان علیہ الصلوٰۃ والسلام کے بابرکت الفاظ میں ہو اور وہ الفاظ بھی امیرالمومنین ایدہ اللہ تعالیٰ کی زبان مبارک سے ادا ہورہے ہوں۔ پس اپنا عہد بیعت پوراکرنے اور شرائط بیعت کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانے کی خاطر ہمیں مذکورہ کتاب کا مطالعہ کرتے رہنا چاہیے۔ اور اگر کسی وجہ سے اس کتاب کا مطالعہ کرنا ممکن نہ ہوسکے تو ان خطبات اور خطابات کی ریکارڈنگ سننے کا اہتمام کرنا چاہیے۔
شرائط بیعت کو پیش نظر رکھنا اور صمیم قلب سے ان پر عمل کرنے کی کوشش کرنا اگرچہ ہر احمدی کی بنیادی ذمہ داری ہے تاہم انصار کے لیے یہ اس لیے بھی ضروری ہے کیونکہ ہم اپنی عمر کے اُس حصے میں داخل ہوچکے ہیں جہاں اپنے انجام کے بخیر ہونے کے لیے ہمیں زیادہ فکرمند ہونے کی ضرورت ہے۔ شرائط بیعت کو حرزِ جاں بناتے ہوئے جہاں قول و فعل میں عدم تضاد کو یقینی بناکر ہم اپنی اولاد اور دیگر اقرباء کی تربیت کے لیے ایک خوبصورت نمونہ پیش کررہے ہوں گے وہاں اپنی ذاتی، اخلاقی اور روحانی ترقیات کے حصول کو بھی یقینی بناسکیں گے اور اپنے طرزعمل سے معاشرے اور ماحول میں دعوت الی اللہ کا فریضہ مؤثر رنگ میں ادا کرنے کی سعادت بھی پاسکیں گے۔ پس یوم مسیح موعود منانے کا یہی بہترین انداز ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں عہد بیعت کی حکمت و اہمیت کو سمجھتے ہوئے اس پر کماحقّہٗ عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(محمود احمد ملک)

100% LikesVS
0% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں