آج ہے آزادیٔ نسواں کا چرچا ہر طرف – نظم

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 19؍اکتوبر 2012ء میں مکرمہ ارشاد عرشی ملک صاحبہ کی ایک طویل نظم بعنوان ’’لجنہ اماء اللہ‘‘ شاملِ اشاعت ہے۔ جس میں سے انتخاب پیش ہے:

آج ہے آزادیٔ نسواں کا چرچا ہر طرف
پھر رہی ہے بنتِ حوّا بے محابا ہر طرف
نہ تعیّن سمت کا نہ مقصدِ اعلیٰ کوئی
عقل و دانش پر پڑا ہے جس طرح تالا کوئی
وہ سمجھتی ہیں کہ جاہل ہیں ہماری عورتیں
بند پردے میں ہیں ہم سوچوں سے عاری عورتیں
ہم بتاتے ہیں انہیں لجنہ اِماء اللہ ہے کیا
کیا ہیں اغراض و مقاصد ، شان کیا ، رتبہ ہے کیا
منفرد ہیں ہم ہماری منفرد تنظیم ہے
عورتوں کے واسطے جو باعثِ تکریم ہے
منسلک آپس میں یوں ہیں جس طرح اِک خاندان
اور سر پر ہے خلافت کا مبارک سائبان
مختلف نسلیں ، علاقے اور زبانیں مختلف
تیر سب کے ایک جانب ہیں کمانیں مختلف
عہد لیکن ایک ہے ، پیمان لیکن ایک ہے
مختلف ہیں جسم گرچہ جان لیکن ایک ہے
الغرض لجنہ اِماء اللہ عجب تنظیم ہے
دین دنیا پر مقدّم ہو ، یہی تعلیم ہے

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں