بچوں میں چھوٹے قد کی وجوہات

ماہنامہ ’’مصباح‘‘ اگست 1995ء میں مکرمہ ڈاکٹر امتہ الرقیب اعجاز صاحبہ کا مذکورہ بالا موضوع پر ایک مضمون شامل اشاعت ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ اگر پیدائش کے چند ہفتے بعد والدین کو محسوس ہو کہ بچہ چڑچڑا ہے، دودھ ٹھیک سے نہیں پیتا یا اسے مستقل قبض رہتی ہے، بچہ کھیلتا یا مسکراتا نہیں یا اس کا چہرہ پیلا ہے یا وہ بہت کمزور آواز میں روتا ہے اور دن رات سویا رہتا ہے یا بہت زیادہ سوتا ہے تو اسے فوراً ڈاکٹر کو دکھانا چاہئے۔
عام طور پر پیدائش کے وقت بچے کا قد 20 ؍انچ کے قریب ہوتا ہے جبکہ 6 ماہ بعد 26؍انچ، ایک سال بعد 30؍انچ، دو سال بعد 33؍انچ ، تین سال بعد 37؍انچ، چار سال بعد 40 اور سات سال بعد تقریباً 47؍انچ ہوتا ہے اور اس کے بعد ہر سال تقریباً دو انچ بڑھتا ہے۔ تیرہ سال کی عمر میں بچے کا قد پیدائش کے قد سے تقریباً تین گنا ہوتا ہے۔
بچے کے قد کے بڑھنے کی رفتار کم ہونے کی وجوہات میں لمبے عرصہ تک خوراک کی کمی، پیٹ، دل، سانس یا گردوں اور غدودوں کی بیماریاں، ملیریا جو بار بار ہو اور بعض دوائیں مثلاً Steroids وغیرہ شامل ہیں۔ اسی طرح بچوں میں یا حمل کے دوران ماں میں جذباتی دباؤ اور بے توجہی کے احساس سے قد کے علاوہ ذہانت بھی متاثر ہوتی ہے۔
مضمون نگار کے مطابق ان میں سے اکثر امراض کے تدارک کے لئے حفظانِ صحت کے اصولوں کا خیال رکھئے، بچے کو ابلا ہوا پانی ٹھنڈا کرکے دیں، حفاظتی ٹیکے وقت پر لگوائیں اور بچوں کو مکھی ، مچھر وغیرہ سے بچائیں۔ بچے کے لئے مناسب نیند، تازہ ہوا، سورج کی روشنی اور ورزش بہت ضروری ہیں۔ اسی طرح بچے کے جذبات اور عزتِ نفس کا بھی خیال رکھئے۔ حاملہ خواتین کے لئے بھی مندرجہ بالا امور پیش نظر رکھنے چاہئیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں