حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؒ

سلسلہ قادریہ کے بانی حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی کا اصل نام عبدالقادر بن ابی صالح تھا۔ آپؒ کا سلسلہ نسب حضرت امام حسنؓ سے جاملتا ہے۔ آپؒ 470ھ میں جیلان میں پیدا ہوئے اور 18 سال کی عمر میں تحصیل علم کے لئے بغداد آئے اور پھر ساری عمر یہیں گزار دی۔ 561ھ میں آپ کی وفات ہوئی۔ آپؒ کی پندرہ تالیفات بتائی جاتی ہیں جن میں سے ایک مشہور کتاب ’فتوح الغیب‘ کے حوالے سے ایک مختصر مضمون مکرم انتصار نذر صاحب کے قلم سے روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 2؍جون 1998ء میں شامل اشاعت ہے۔
حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؓ نے پچاس برس کی عمر میں وعظ و نصیحت کا سلسلہ شروع کیا۔ چھ سال بعد آپ کے شیخ کا مدرسہ بھی آپؒ کے سپرد کردیا گیا جس کے نتیجہ میں آپ کے شاگردوں کے دائرہ میں وسعت آگئی۔ آپ کا طرز بیان بہت سادہ اخلاقی نصائح پر مشتمل ہوتا تھا۔ ’اردو دائرہ معارف‘ میں لکھا ہے کہ آپؒ کے تصوّف کی تعلیم ہوا و ہوس کے خلاف جہاد کرنے پر مشتمل ہے جو جہاد بالسّیف سے افضل و اکبر ہے۔
حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؒ تقویٰ اور بزرگی کے ایک بہت اعلیٰ مقام پر فائز تھے۔ آپ فرماتے تھے کہ میں اس وقت تک کھانا نہیں کھاتا جب تک خدا مجھے نہیں کہتا کہ اے عبدالقادر تجھے میری ذات ہی کی قسم یہ کھانا کھا اور میں کپڑا نہیں پہنتا جب تک مجھے خدا نہیں کہتا کہ اے عبدالقادر تجھے میری ذات ہی کی قسم یہ کپڑا پہن۔
حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کی کتاب ’فتوح الغیب‘ ایک عظیم کتاب ہے جس میں عام فہم انداز میں بہت گہری نصائح کی گئی ہیں۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو اوائل عمر سے ہی یہ کتاب بہت پسند تھی۔ بعد میں حضورؑ نے آپؒ کے روحانی تجارب کا ذکر بھی اپنی کتب میں جابجا فرمایا اور اپنی ایک کتاب میں آپؒ کا ذکر سیدی و حبیبی کے الفاظ سے فرمایا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں