حضرت منشی سید صادق حسین صاحبؓ

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 6؍اکتوبر 2007ء میں حضرت منشی صادق حسین صاحبؓ کا مختصر تعارف شائع ہوا ہے۔ آپ کو 11؍اپریل 1889ء کو بیعت کی سعادت ملی۔ 313 صحابہ میں آپؓ کا نام 138نمبر پر درج ہے۔ آپؓ حکیم وارث علی صاحب کے فرزند تھے اور قبول احمدیت سے قبل بھی یوپی کے مشہور اور کامیاب وکلاء میں شمار ہوتے تھے۔ اردو، فارسی اور عربی میں یدطولیٰ رکھتے تھے، شعر و ادب کا شوق تھا۔ ’’صبح صادق‘‘ کے نام سے ایک ماہنامہ اور ’’اظہارالحق‘‘ کے نام سے ایک اخبار بھی جاری کیا ہوا تھا۔ مشاعروں کا اہتمام بھی کروایا کرتے۔ دیانت اور انصاف میں ایسے نیک نام تھے کہ غیرازجماعت بھی اپنے معاملات میں آپؓ کو ثالث بنایا کرتے۔ آپ کے نیک نمونہ سے بے شمار لوگوں نے احمدیت قبول کرنے کی توفیق پائی۔ اٹاوہ میں مسلمانوں اور آریوں کے مابین ہونے والے ایک مباحثے میں آپؓ نے مسلمانوں کی طرف سے صدارت کی۔ آپؓ ہمیشہ قلمی جہاد میں مصروف رہے۔ شیعہ لٹریچر پر خاص دسترس رکھتے تھے۔ جماعتی اخبارات و رسائل میں آپؓ کے علمی مضامین بکثرت شائع ہوتے رہے۔ قریباً دس تالیفات بھی کیں۔ 6؍اکتوبر 1949ء کو بعمر 90 سال وفات پائی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں