حضرت چوہدری احمد علی خان صاحبؓ

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 9؍اپریل 2011ء میں مکرم رانا عبدالرزاق خان صاحب نے حضرت چودھری احمد علی خان صاحبؓ کاٹھگڑھی کا ذکرخیر کیا ہے۔

کاٹھگڑھ میں 1903ء میں حضرت چوہدری غلام احمد خاں صاحب رئیس کاٹھگڑھ اپنی ساری برادری سمیت سلسلۂ بیعت میں شامل ہوئے تو آپ بھی ان میں شامل تھے۔
حضرت چودھری احمد علی خاں صاحبؓ ابن محترم چوہدری حسن خاں صاحب 1891ء کو کاٹھگڑھ (ضلع ہوشیارپور) انڈیا میں پیدا ہوئے۔ آپ کا تعلق راجپوت برادری سے تھا۔ 1945ء میں آپ کے دونوں بیٹوں کو فوجی ہونے کی وجہ سے اس گاؤں میں زرعی زمین الاٹ ہوئی تھی۔ تقسیم ملک کے وقت آپ کا خاندان کچھ عرصہ ہڑپہ ضلع ساہیوال پنجاب میں مقیم رہا۔ پھر منگلی سانگھڑ سندھ میں آباد ہوگیا جہاں آپؓ نے ا پنی جدّی زمین کا کلیم بھی الاٹ کروالیا۔ آپ بہت اچھے کردار کے مالک بزرگ تھے۔ آپ نے تعلیم الاسلام احمدیہ مڈل سکول کاٹھگڑھ میں تیس سال سے زائد عرصہ تک بچوں کو پڑھایا۔ آپ کے خاندان کی شرافت اس علاقے میں بہت مشہور ہے۔ تقریباً سارا خاندان تعلیم جیسے معزز پیشے سے منسلک ہے۔
حضرت چودھری احمد علی خاں صاحبؓ اورآ پ کی اہلیہ محترمہ نیاز بیگم صاحبہ دونوں موصی تھے۔ آپؓ نے 80سال کی عمر میں 29جولائی 1971ء کووفات پائی۔ دونوں بہشتی مقبرہ ربوہ میں مدفون ہیں۔ آپ کے تین بیٹے اور تین بیٹیاں تھیں۔ ساری نسل اللہ کے فضل سے خلافت سے وابستہ اور مخلص خدّام دین ہیں۔ آپؓ کے بڑے بیٹے محترم رانا بشیر احمد صاحب کو راہ مولیٰ میں شہادت نصیب ہوئی اور منجھلے بیٹے محترم رانا نذیر احمد صاحب کے بیٹے محترم رانا سلیم احمد صاحب بھی 26 نومبر 2009ء کو سانگھڑ میں شہید کردیئے گئے۔ آپؓ محترم ناصر احمد صاحب شیربہادر (افسر حفاظتِ خاص) کے پھوپھا تھے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں