سانتاکلاز (یعنی فادر کرسمس یا سینٹ نکولاس)

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 5؍اگست 2011ء میں عیسائیوں کے لیے مقدس حیثیت رکھنے والے ایک کردار کا تعارف کروایا گیا ہے جو فادر کرسمس اور سینٹ نکولاس بھی کہلاتا ہے۔ تصاویر میں ’’سانتاکلاز‘‘ کو ایک خوش باش بوڑھے کی شکل میں دکھایا جاتا ہے۔ اس کی گھنی سفید داڑھی ہے۔ کرسمس کی شام وہ سرخ لباس میں ملبوس ہنستا مسکراتا اپنی بگھی پر نکلتا ہے جسے بارہ سنگھے چلارہے ہوتے ہیں۔ پھر وہ گھر گھر جا کر بچوں میں تحائف تقسیم کرتا ہے۔

’’سانتاکلاز‘‘ کو سرخ لباس پہنانے کا رواج سب سے پہلے فن لینڈ میں شروع ہوا۔ لیکن اس کی جڑیں ایک ولندیزی لو ک کہانی سے نکلی ہیں جو چوتھی صدی عیسوی کے ایک عیسائی بزرگ سینٹ نکولاس سے تعلق رکھتی ہے۔ تاریخ کے مطابق یہ بزرگ موجودہ ترکی کے علاقے مائرا میں مقیم اور بڑا راست باز، ہمدرد اور دوسروں کے دکھ درد میں کام آنے والا شخص تھا۔ وہ خاص طور پر بیماروں اور غریبوں کی بھرپور مدد کرتا تھا۔ لوک کہانی کچھ یوں ہے کہ جب ایک آدمی اپنے کاروبار میں خسارہ اٹھاکر بہت غریب ہو گیا یہاں تک کہ اس کے لیے تین بیٹیوں کا خرچ اٹھانا ممکن نہ رہا۔ اور جہیز نہ ہونے کی وجہ سے کوئی لڑکا ان سے شادی کرنے کو تیار نہیں تھا۔ جب سینٹ نکولاس کو بات معلوم ہوئی تو اس نے لڑکیوں کو بہت سارا سونا دیا تاکہ وہ کسی کی محتاج نہ رہیں۔ عیسائیوں میں یہ بھی مشہور ہے کہ سینٹ نکولاس ضرورت مندوں کو خفیہ طریقے سے تحفے دیتا تھا۔
رفتہ رفتہ ہالینڈ، بیلجیم اور جرمنی کے لوگ اس سینٹ کے یوم پیدائش کو بطور تہوار منانے لگے۔ ان کے مطابق سینٹ نکولاس 6 دسمبر کو چل بسا تھا لہٰذا وہ 5 دسمبر کی شام کو یہ تہوار مناتے ہیں۔ یہ تہوار سینٹر کلاس (Sinter Klaas) کہلاتا ہے۔ جب سترہویں اور اٹھارہویں صدی میں انگریز نیوایمسٹرڈیم (نیویارک) میں آباد ہوئے تو انہوں نے اس ڈینش لفظ کو غلط بول کر اسے سانتا کلاز بنا دیا۔ یوں سینٹ نکولاس انگریزی دنیا میں اسی نام سے مقبول ہوا۔
گو سانتا کلاز کی بنیادیں عیسائی روایات سے نکلی ہیں مگر قدامت پسند اسے کرسمس کا سیکولر کردار سمجھتے ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ بوقت کرسمس تحفے لینا دینا مادی نقطہ نظر رکھتا ہے۔ اسی لیے پروٹسٹنٹ فرقے کرسمس کو رومن کیتھولک فرقے یا عہد جاہلیت کی یادگار سمجھ کر نظرانداز کرتے چلے آرہے ہیں۔ حتیٰ کہ برطانیہ میں برسراقتدار آتے ہی کرامویل نے کرسمس پر پابندی لگا دی تھی۔ اس تنازع کے باوجود دنیائے عیسائیت میں سانتا کلاز کا کردار ایک اہم کردار رکھتا ہے اور خصوصاً بچے اس سے اپنی خوشیاں وابستہ کرکے مسرت حاصل کرتے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں