محترم جمال الدین ملک صاحب

ماہنامہ ’’النور‘‘ امریکہ جون2009ء میں مکرم جلال ملک صاحب اپنے والد محترم جمال الدین اے ملک صاحب کا ذکرخیر کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ 5مئی 2009ء کو میرے والد کی وفات ہوئی۔ آپ واشنگٹن DC جماعت کے حلقہ میٹرو کے ابتدائی احمدیوں میں سے تھے اور مسجد فضل واشنگٹن کی بنیاد رکھنے کے وقت لی گئی تصاویر میں بھی موجود ہیں۔
محترم جمال الدین ملک صاحب کشمیری نژاد ملک معراج الدین صاحب کے بیٹے تھے جو اپنے خاندان میں اکیلے احمدی تھے۔ ملک معراج الدین صاحب نے جب احمدیت قبول کی تھی تو اُن کے والد نے اُنہیں کرایہ کے قاتل کے ذریعے مروانے کی بھی کوشش کی تھی۔ چنانچہ انہوں نے اپنا وطن چھوڑ دیا اور عرب ممالک میں چلے گئے اور اس طرح بلاد عربیہ کے ابتدائی احمدیوں میں بھی شامل تھے۔ جب وہ برٹش ایئرفورس کی طرف سے عراق میں متعین تھے تو وہاں جمال الدین ملک صاحب کی پیدائش ہوئی تھی۔
محترم جمال الدین ملک صاحب نے گورنمنٹ کالج لاہور سے پولیٹکل سائنس میں ڈگری حاصل کی۔ آپ کی شادی محترم صوفی مطیع الرحمن بنگالی صاحب مبلغ سلسلہ امریکہ (1920ء تا 1940ئ) کی بیٹی کے ساتھ ہوئی۔ آپ امریکہ میں ایک فضائی کمپنی میں ملازم رہے اور 2007ء میں ریٹائر ہوئے۔ آپ ایک بہترین کھلاڑی اور شکاری تھے۔ آپ نے رائفل شوٹنگ میں پاکستان کی اولمپکس گیمز میں حصہ لیا۔ سکول اور کالج میں کئی اعزازت حاصل کئے لیکن اپنی احمدیت کو انہوں نے ہمیشہ قابل فخر سمجھا۔
آپ ہر قسم کا ٹیکنیکل کام اپنے ہاتھ سے کرلیتے تھے۔ مکان میں ہرقسم کا تعمیراتی کام کرسکتے تھے اور کار کی ہر خرابی کو دُور کرسکتے تھے۔ کھانا پکانے کے بہت شوقین تھے اور حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ کو بھی آپ کی کوکنگ (cooking) بہت پسند تھی۔ لذیذ کھانا پکانے کی تراکیب دوسروں کو بتادیتے اور اپنے علم کو پھیلاکر نہایت درجہ مسرّت محسوس کرتے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں