محترم حاجی احمد خان ایاز صاحب

ہفت روزہ الفضل انٹرنیشنل 12؍جولائی 2002ء کے اسی کالم میں محترم حاجی احمد خان ایاز صاحب کے بارہ میں ایک مضمون شائع ہوا ہے۔ روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 15؍نومبر 2001ء میں آپ کا ذکر خیر مکرم عبدالغفار ڈار صاحب کے قلم سے شامل اشاعت ہے جس میں درج اضافی مضمون پیش ہے۔
1935ء میں حضرت مصلح موعودؓ نے محترم ایاز صاحب کی سپاہیانہ قابلیت دیکھ کر آپ کو آل انڈیا نیشنل لیگ کور کا افسر اعلیٰ مقرر کیا۔ 6؍دسمبر 1935ء کے خطبہ جمعہ میں حضورؓ نے آپ کی خدمت کی تعریف کرتے ہوئے فرمایا:
’’اس احمدی لڑکے نے ثابت کردیا ہے کہ جماعت میں خدا تعالیٰ کے فضل سے ایسے نوجوان موجود ہیں کہ جب کام کا وقت آئے، خواہ حالات کچھ ہوں، وہ کام کرکے دکھا سکتے ہیں۔ … ہمارے نوجوانوں میں وہ روح موجود ہے، اگر اسے ابھارا جائے تو اللہ تعالیٰ کے فضل سے ان میں ایسے افراد موجود ہیں جو ہر قربانی کرکے کام پورا کریں گے‘‘۔
1936ء میں آپ بیرون ملک بطور مبلغ بھجوائے گئے۔ اس دوران آپ نے پبلک ریلیشننگ کا بہت تجربہ حاصل کرلیا۔ ہنگری کے دارالحکومت بوڈاپسٹ سے شائع ہونے والے ایک اخبار روزنامہ “Pastimaplo” کی 18؍اپریل 1937ء کی اشاعت میں ایک خاتون قلمکار نے اپنے مضمون میں محترم ایاز صاحب کا تفصیلی تعارف کروانے کے بعد لکھا:
’’ان کو بوڈاپسٹ آئے صرف ایک سال کا عرصہ ہوا ہے۔ اس دوران انہوں نے متعدد اخبارات کے نمائندوں کو بیان دئے اور ہماری زبان سیکھنے میں حیرت انگیز ترقی کی اور ایسی اعلیٰ کامیابیاں حاصل کی ہیں کہ اب تک ایک سو سے زائد ہنگیرین اسلام قبول کرچکے ہیں‘‘۔
جب آپ راولپنڈی میں پریکٹس کر رہے تھے تو دعوت الی اللہ کا بہت جوش رکھتے تھے۔ اس دوران صدر ایوب کے دَور میں جب اسلامی کانفرنس کے نمائندگان راولپنڈی آئے تو آپ نے بہت سے نمائندگان سے وقت حاصل کیا تاکہ جماعتی وفد اُن نمائندوں سے ملاقات کرکے اُن کو پیغام حق پہنچاسکے۔
1985ء میں محترم ایاز صاحب جب جلسہ سالانہ برطانیہ میں شمولیت کے لئے تشریف لائے تو حضرت خلیفۃالمسیح الرابع ایدہ اللہ تعالیٰ کے ارشاد پر ہنگری اور پولینڈ بھی تشریف لے گئے۔ وہاں اپنے پرانے دوستوں سے ملاقات کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں