محترم شیخ محبوب عالم خالد صاحب کی وفات

صدر، صدر انجمن احمدیہ پاکستان محترم شیخ محبوب عالم خالدصاحب 12 ؍جنوری 2004ء کو ربوہ میں وفات پاگئے۔
آپ 13 ؍اپریل1909ء کو نکودر ضلع جالندھر میں محترم خانصاحب فرزند علی خانصاحب کے ہاں پیدا ہوئے۔1921ء میں مدرسہ احمدیہ قادیان میں داخلہ لیا۔ 1931ء میں مولوی فاضل کا امتحان پاس کیا۔ 1936ء میں گورنمنٹ کالج لاہور سے بی اے آنرز کیا اور پھر حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کے حکم سے یکم جون 1936ء سے جماعتی خدمات کا آغاز کیا۔ وفات تک خدمت کا یہ سلسلہ جاری رہا۔ 1936ء میں مدرسۃ البنات اور 1937ء میں جامعہ احمدیہ میں تقرر ہوا۔ اس دوران آپ نے بی ٹی کے علاوہ اردو اور عربی میں ایم اے بھی کر لیا۔ 1941ء میں تعلیم الاسلام ہائی سکول میں تقرری ہوئی۔ 1946ء تا اپریل 1969ء تعلیم الاسلام کالج میں پڑھاتے رہے۔ 30 اپریل 1969ء کو صدر انجمن احمدیہ میں ناظر بیت المال آمد مقرر ہوئے۔ اس دوران ناظر ہونے کے ساتھ ساتھ 6 سال آٹھ ماہ تک حضرت خلیفۃالمسیح الثالثؒ کا پرائیویٹ سیکرٹری ہونے کی سعادت بھی حاصل ہوئی۔
آپ مجلس خدام الاحمدیہ کے بانی رکن تھے اور پہلے جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔ اس کے بعد مختلف شعبوں میں مجلس کی خدمت کرنے کا موقع ملا۔ قریباً 12سال تک مجلس انصار اللہ مرکزیہ کے قائد عمومی رہے اور بوقت وفات اعزازی رکن تھے۔ 2 مئی 2002ء سے حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ نے صدر، صدرانجمن احمدیہ پاکستان کے عہدہ پر فائز فرمایا۔ آپ کو 68 سال تک خدماتِ سلسلہ بجالانے کی سعادت نصیب ہوئی۔
آپ کی اہلیہ نصرت جہاں بیگم صاحبہ 24 نومبر 1988ء کو وفات پاگئی تھیں۔ آپ کے 6 بیٹے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں