محترم مرزا محمد سعید بیگ صاحب

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 12؍جولائی 2001ء میں محترم مرزا محمد سعید بیگ صاحب کے بارہ میں مکرم رانا مبارک احمد صاحب کا ایک مضمون شائع ہوا ہے۔ آپ لکھتے ہیں کہ محترم مرزا صاحب 1926ء میں محترم مرزا محمد شریف بیگ صاحب آف لنگروال (نزد قادیان) کے ہاں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم قادیان میں حاصل کی پھر لاہور آگئے۔ لاہور میں مختلف جماعتی خدمات کی توفیق پائی اور 1942ء کے سالانہ اجتماع خدام الاحمدیہ پر لاہور سے جاتے ہوئے آپ نے اپنی جان کو خطرہ میں ڈال کر اس لئے چلتی ہوئی گاڑی سے چھلانگ لگادی تاکہ گاڑی سے گرجانے والے مجلس خدام الاحمدیہ کے جھنڈے کو زمین سے اٹھالیں۔ حضرت مصلح موعودؓ نے اپنے ایک خطبہ جمعہ میں آپ کے اس فعل پر نہایت خوشنودی کا اظہار فرمایا۔
پھر محترم بیگ صاحب پتوکی منتقل ہوگئے اور وہاں قائد خدام الاحمدیہ، صدر جماعت پتوکی کے علاوہ امیر ضلع قصور کے طور پر بھی خدمت کی توفیق پائی۔ 1974ء کے فسادات کے دوران اسیرراہ مولیٰ ہونے کی سعادت بھی پائی۔ مساجد سے خاص لگاؤ تھا۔ نماز فجر کی نماز ادا کرنے کے بعد انتظار کرتے اور اشراق پڑھ کر مسجد سے نکلتے۔ تبلیغ کا بہت شوق تھا اور خدمت دین کرنے والوں کی قدر کرتے تھے۔ غریب پرور مشہور تھے۔ کئی ایک بچیوں کی شادیاں اپنے پاس سے کروائیں۔
13؍جون 1992ء کی رات آپ کی وفات ہوئی۔ روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ کے علاوہ بعض قومی اخبارات نے بھی آپ کی وفات پر خبر شائع کی۔ بہشتی مقبرہ ربوہ میں تدفین عمل میں آئی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں