محترم ملک محمد جہانگیر جوئیہ صاحب

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 12؍جولائی 2008ء میں مکرم نصیر احمد بدر صاحب کے قلم سے محترم ملک محمد جہانگیر جوئیہ صاحب ایڈووکیٹ کا ذکرخیر شائع ہوا ہے جو 14جون 2008ء کو وفات پاگئے۔
خاکسار کی بطور مربی سلسلہ پہلی تقرری 1989ء میں ضلع خوشاب میں ہوئی تو محترم ملک محمد جہانگیر صاحب سے ملاقات ہوئی۔ میرے تصور کے برعکس آپ کی سادہ طبیعت اور عاجزی وا نکساری نے خاکسار کو متأثر کیا اور جوں جوں ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا تو دل میں ان کی قدر و عزت بھی بڑھتی گئی۔ جماعت سے محبت اور خلیفہ وقت کی اطاعت ان کے ہر قول و فعل سے خوب عیاں ہوتی تھی اور جماعت کی خدمت کرنے والوں خصوصاً کا بے حد احترام کرتے تھے۔ بڑے پیار سے راہنمائی بھی کرتے اور دعا پر بھی زور دیتے۔ معمول کی خدمات کو بھی اتنا سراہتے کہ دل خود بخود اس سے بڑھ کر خدمت کرنے پر مائل ہو جاتا۔
محترم ملک صاحب کا چیمبر وکالت کے لئے کم اور جماعتی کاموں اور دعوت الی اللہ کے لئے زیادہ استعمال ہوتا تھا ۔ کئی مقدمات بھی ہوئے لیکن بڑی جرأت اور بہادری سے ان کا سامنا کرتے تھے۔ ایک موقع پر مکرم جاوید احمد جاوید صاحب مربی سلسلہ اور محترم ملک صاحب کو مخالفین نے سخت ایذائیں دیں یہاں تک کہ ان کی آنکھوں میں مرچیں ڈال دیں۔ لیکن انہوں نے کلمہ طیبہ کو اپنے سینے سے جدا نہ کیا۔ ان کا جذبہ دیکھ کر دوسروں کے دل میں بھی قربانی کا مادہ پیدا ہوتا۔ ایک موقع پر جب پولیس نے انہیں کلمہ کا بیج لگانے پر گرفتار کیا تو ان کے ساتھ ایک سو خدام نے بھی کلمہ سینوں پر سجا کر گرفتاری پیش کردی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں