محترم میر مسعود احمد صاحب

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 26؍دسمبر 2002ء میں محترم سید میر مسعود احمد صاحب کی وفات کی خبر شامل اشاعت ہے۔ آپ 23؍دسمبر 2002ء کو ربوہ میں 75 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔
آپ یکم ستمبر 1927ء کو حضرت میر محمد اسحاق صاحبؓ کے ہاں پیدا ہوئے۔مدرسہ احمدیہ قادیان میں تعلیم پائی، مولوی فاضل اور شاہد کی ڈگری حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ دنیاوی تعلیم بھی جاری رکھی اور اسلامیات میں ایم۔اے کیا۔ 1945ء میں نظام وصیت میں شامل ہوئے۔ 23؍فروری 1952ء کو زندگی وقف کی۔ کچھ عرصہ نظارت دعوت الی اللہ میں کام کرنے کے بعد وکالت تجارت تحریک جدید میں خدمت میں توفیق پائی۔ 1955ء میں نائب وکیل الدیوان مقرر ہوئے۔ 1962ء میں بطور مربی سلسلہ ڈنمارک تشریف لے گئے اور تین سال کے بعد واپس آئے تو پہلے نائب اور پھر وکیل الدیوان مقرر ہوئے۔ 1969ء میں دوبارہ ڈنمارک بھجوائے گئے اور 1973ء میں واپس آئے۔ 1975ء میں سوئٹزرلینڈ تقرری ہوئی جہاں سے قریباً ڈیڑ ھ سال بعد ڈنمارک بھجوائے گئے اور دسمبر 1982ء تک وہاں رہے۔ پھر ربوہ تشریف لائے تو وکیل صدسالہ جشن تشکر مقرر ہوئے اور 1992ء تک اس عہدہ پر فائز رہے۔ یکم اگست 1992ء سے متخصصین کے نگران کے طور پر خدمت بجالارہے تھے۔ آخر دم تک مجلس تحریک جدید کے ممبر بھی رہے۔
آپ کی شادی محترمہ صاحبزادی امۃالرؤف صاحبہ بنت حضرت صاحبزادہ مرزا منصور احمد صاحب سے ہوئی۔ آپ حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے بہنوئی تھے۔ آپ کو اللہ تعالیٰ نے چار بیٹوں سے نوازا جن میں سے دو (مکرم ڈاکٹر سید مشہود احمد صاحب اور مکرم سید میر محمود احمد صاحب نائب ناظر تعلیم ربوہ) واقف زندگی ہیں۔
محترم میر صاحب غیرمعمولی ذہین اور وسیع مطالعہ رکھنے والے تھے۔ مسائل پر سیرحاصل بحث اور گفتگو کا ملکہ رکھنے والے وجود تھے۔ آخری چند سالوں میں بہت سا علمی اور تحقیقی کام کیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں