محترم پروفیسر (ر) محمد یوسف صاحب

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 7؍جنوری 2010ء کے مطابق حلقہ رچنا ٹاؤن لاہور کے ایک مخلص احمدی بزرگ اور صدر حلقہ مکرم پروفیسر محمد یوسف صاحب ریٹائرڈ بعمر تقریباً70سال معاندین احمدیت کی فائرنگ سے 5جنوری 2010ء کو شہید ہوگئے۔
مرحوم صبح کے وقت اپنی رہائشگاہ سے ملحق اپنے بیٹے کے جنرل سٹور پر بیٹھے تھے کہ موٹرسائیکل پر سوار دو نقاب پوش افراد نے آکر فائرنگ کر دی۔ شدید زخمی حالت میں ہسپتال لے جاتے ہوئے راستہ میں ہی وفات ہو گئی۔ آپ موصی تھے۔ تدفین ربوہ کے عام قبرستان میں امانتاً کی گئی۔
محترم محمد یوسف صاحب کی پیدائش موضع سعداللہ پور ضلع منڈی بہاؤالدین میں 5جنوری 1945ء کو ہوئی۔ آپ کو 20سال تک مختلف ادوار میں بطور صدر حلقہ رچنا ٹاؤن اور تین سال تک زعیم اعلیٰ مجلس انصاراللہ فیکٹری ایریا لاہور خدمت کی توفیق ملی۔ آپ پڑھے لکھے اور سلجھی ہوئی اور سنجیدہ شخصیت کے مالک تھے۔ آپ نے ایم اے پنجابی اور ایم ایڈ کیا ہوا تھا۔ آپ گورنمنٹ ہائی سکول شاہدرہ میں سینئر سائنس ٹیچر، ننکانہ اور کوٹ پنڈی داس میں سینئر ہیڈ ماسٹر اور گورنمنٹ ہائیرسیکنڈری سکول مریدکے میں بطور پرنسپل رہے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد اپنا سکول محمود آئیڈیل سکول کے نام سے کھولا۔ آپ مخلص اور فدائی احمدی تھے۔ اپنے خاندان میں اکیلے احمدی ہونے کے باوجود استقامت سے حالات کا مقابلہ کیا ۔ خلافت کے ساتھ پختہ تعلق رکھتے تھے۔ ملنسار ، نظام سلسلہ کی پابندی کرنے والے عجز و انکسار کے پیکر تھے۔ مرحوم نہایت نیک سیرت ، ملنسار اور اچھی شہرت کے حامل تھے۔ کسی سے کوئی تنازعہ یا دشمنی نہ تھی۔
پسماندگان میں بیوہ مکرمہ ثریا یوسف صاحبہ کے علاوہ چار بیٹے اور ایک بیٹی یادگار چھوڑے ہیں ۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں