محترم چودھری ظہور احمد باجوہ صاحب

محترم چوہدری ظہور احمد باجوہ صاحب ان خوش نصیب افراد میں سے ہیں جنہیں متعدد اہم جماعتی خدمات کی توفیق ملی ہے۔ آپ کا ایک انٹرویو روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 4 ؍اپریل 1997ء میں شائع ہوا ہے جو محترم عبدالستار صاحب نے قلمبند کیا ہے۔

محترم چوہدری صاحب 20؍ اپریل 1919ء کو چک 33 جنوبی ضلع سرگودھا میں محترم چوہدری شیر محمد صاحب کے ہاں پیدا ہوئے جنہیں اپنے خاندان میں سب سے پہلے قبول احمدیت کی سعادت حاصل تھی۔ محترم چوہدری صاحب نے ابتدائی تعلیم کے بعد نویں جماعت میں قادیان میں داخلہ لیا لیکن والدہ کی وفات کی وجہ سے واپس گاؤں آگئے اور پھر لالیاں سے میٹرک کیا، بہاولپور سے F.A.اور گورنمنٹ کالج فیصل آباد سے B.A. کیا۔ اور پھر اس خیال سے کہ حضرت مسیح موعودؑ نے بھی اپنی ملازمت کا آغاز سیالکوٹ سے کیا تھا محترم چوہدری صاحب بھی ملازمت کے لئے سیالکوٹ چلے گئے اوروہاں ضلعی دفاترمیں ملازم ہوگئے اور پھر 4 ماہ بعد دہلی جاکر وہاں ملازمت کرلی۔ 1944ء میں آپ نے زندگی وقف کردی اور 1946ء میں آپ کی پہلی تقرری لندن مشن میں بطور مربی سلسلہ ہوئی۔ 1949ء میں واپس آئے تو اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری برائے غیرملکی ڈاک مقرر ہوئے۔ 1950ء میں دوبارہ انگلستان تشریف لائے اور 1955ء تک یہاں دعوت الی اللہ کی توفیق پائی۔ واپس وطن پہنچے تو مختلف عہدوں پر کام کرنے کے بعد بطور نائب ناظر اصلاح و ارشاد تقرر ہوا۔ بعد میں آپ نے ناظر امور عامہ، ناظر زراعت، ایڈیشنل ناظر اصلاح و ارشاد اور بطور پرائیویٹ سیکرٹری بھی خدمات سرانجام دیں۔ اس وقت آپ ایڈیشنل ناظر اعلیٰ ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کی عمر اور صحت میں برکت دے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں