محترم چودھری عبد الحق صاحب درویش

ہفت روزہ ’’بدر‘‘ قادیان (درویش نمبر 2011ء) میں محترم چودھری عبد الحق صاحب درویش (آف موضع بھٹیاں ضلع گورداسپور) ابتدا میں نہری پٹواری کی حیثیت سے ملازم تھے۔ پھر جنگ عظیم دوم میں فوج میں بھرتی ہوئے اور جنگ کے دوران ہی قبولِ احمدیت کی توفیق پائی۔ فوج سے ریٹائرمنٹ کے بعد صدر انجمن احمدیہ قادیان کے دفاتر میں بطور ہیڈ کلرک نظارت امورعامہ کئی سال تک خدمت بجالاتے رہے پھر بطور معاون ناظر اعلیٰ بھی خدمت کی توفیق ملی۔ یہاں سے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی آخر تک دفتر وقف جدید میں کام کرتے ر ہے۔ کچھ عرصہ لوکل انجمن احمدیہ کے جنرل سیکرٹری بھی رہے۔
آپ کی پہلی بیوی زمانۂ درویشی سے کافی قبل فوت ہوچکی تھیں جن سے دو لڑکے اور دو لڑکیاں ہیں جو پاکستان میں مقیم ہیں ۔ زمانہ درویشی میں مالابار کی ایک بیوہ خاتون سے شادی کی جن کے پہلے خاوند سے دو لڑکے اور تین لڑکیاں تھیں ۔ ان بچوں کی اچھے رنگ میں تربیت کی۔ ایک بیٹا نوجوانی کی عمرمیں فوت ہوگیا اور دوسرے بیٹے مکرم مولوی جلال الدین صاحب نیّر ناظر بیت المال آمد کے طور پر خدمت بجا لارہے ہیں ۔ تینوں ربائب کی شادیاں کیں ۔ آپ کی صلب سے بھی دو بیٹے اور ایک بیٹی ہوئی۔ بیٹی نوجوانی کی عمر میں پہلی زچگی میں وفات پاگئی۔ بڑھاپے میں یہ صدمہ مرحوم چوہدری صاحب نے نہایت صبر کے ساتھ برداشت کیا۔ بعدازاں اپنے عزیز واقارب سے ملنے آپ پاکستان گئے وہاں جاکر یرقان ہوگیا ۔ بغرضِ علاج پہلے ربوہ اور پھر لاہور کے ہسپتال میں داخل رہے۔ 4؍جون1980ء کولاہور ہی میں وفات پائی۔
آپ نیک ، صوم و صلوٰۃ کے پابند خوش مزاج اور زندہ دل آدمی تھے۔ غیرمسلموں سے بھی وسیع تعلقات تھے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں