محترم چودھری محمد صادق صاحب

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 23اکتوبر 2009ء کے مطابق محترم چودھری محمد صادق صاحب 19 اکتوبر 2009ء کو ربوہ میں وفات پاگئے۔
محترم چودھری محمد صادق صاحب 26 دسمبر 1929ء کو مانگٹ اونچا میں محترم الحاج میاں پیر محمد صاحب کے ہاں پیدا ہوئے جنہوں نے 1904ء میں بذریعہ خط بیعت کی اور خلافت اولیٰ میں 1910ء میں دستی بیعت کی توفیق پائی تھی۔ پرائمری کے بعد محترم چودھری محمد صادق صاحب قادیان چلے گئے جہاں سے 1947ء میں میٹرک کیا اور اپنی زندگی وقف کردی۔ آپ کی تقرری تحریک جدید زرعی فارمز سندھ میں ہوئی جہاں یکم جنوری 1948ء سے خدمات کا آغاز کیا۔ 1978ء میں وکالت تبشیر ربوہ میں ٹرانسفر ہوگئی اور 30جون 2002ء کو 55 سال کی خدمت کے بعد آپ ریٹائر ہوگئے۔
آپ کو مختلف جماعتوں میں سیکرٹری مال کے طور پر خدمت کی توفیق ملی اور 1982ء سے 2002ء تک مجلس انصاراللہ مقامی ربوہ کے منتظم مال رہے۔ 1996ء میں نمائندہ تحریک جدید کے طور پر جلسہ سالانہ برطانیہ میں شرکت کا موقع بھی ملا۔ آپ تہجد اور نوافل باقاعدگی سے ادا کرتے۔ انتہائی منکسرالمزاج، متحمل اور مستجاب الدعوات بزرگ تھے۔
آپ کا نکاح 14 مارچ 1952ء کو حضرت مصلح موعودؓ نے مکرمہ صادقہ ثریا بیگم صاحبہ بنت محترم مولوی محمد عبداللہ صاحب پیرکوٹی (واقف زندگی) کے ساتھ پڑھایا۔ آپ کثیرالعیال تھے اور بچوں کی تعلیم و تربیت اعلیٰ انداز میں کی۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ پانچ بیٹے، چھ بیٹیاں اور اُن کی اولاد چھوڑی ہے۔ مکرم محمد محمود طاہر صاحب مربی سلسلہ دفتر نظارت اشاعت بھی آپ کے بیٹے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں