مشتری (Jupiter)

(مطبوعہ ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘، الفضل انٹرنیشنل لندن 14جنوری 2022ء)

کرۂ ارض سے عام انسانی آنکھ سے نظر آنے والا روشن سرمئی سیارہ ہمارے نظام شمسی کا سب سے بڑا سیارہ مشتری ہے جو سورج سے پانچویں نمبر پر ہے۔ اس کا نام جس رومن دیوتا کے نام پر رکھا گیا ہے وہ عہدوپیمان، شادیوں، بارش، بجلی کی چمک اور بادلوں کی گرج کا مختار سمجھا جاتا تھا اور قحط سالی کے ایام میں خاص طور پر اُس سے مدد مانگی جاتی تھی۔
مشتری کی سطح کا درجہ حرارت منفی 150ڈ گری سینٹی گریڈ ہے۔ یہ زمین سے گیارہ گُنا بڑا ہے اور سورج سے اس کا فاصلہ 778ملین کلومیٹر سے زیادہ ہے چنانچہ اس کا ایک سال ہمارے 11.86 سال کے برابر ہے۔ لیکن اپنے محور کے گرد اس کے گھومنے کا دورانیہ صرف 9گھنٹے 55منٹ ہے جو نظام شمسی کے تمام سیاروں میں تیزترین ہے۔ اتنے تیزرفتار گھماؤ کی وجہ سے زوردار آندھیاں آتی ہیں جن سے فضا متوازی پٹیوں میں تقسیم نظر آتی ہے اور اس کے گرد حلقے نظر آتے ہیں۔ دراصل مشتری کے شدید اندرونی دباؤ کی وجہ سے ہائیڈروجن گیس نیم ٹھوس میٹالک صورت اختیار کرگئی ہے چنانچہ ٹھنڈی مائع گیس کا غلاف تیز آندھیوں کی وجہ سے اس کی کثیف فضا میں سے اُبھرتا ہے۔
مشتری کے 16 چاند ہیں جن میں سب سے بڑا Callisto کہلاتا ہے جسے گیلیلیو نے 1610ء میں دریافت کیا تھا۔ سیارے کی فضا میں زیادہ تر ہائیڈروجن اور ہیلیم ہیں جبکہ دیگر گیسوں کی نہایت قلیل مقدار صرف بادلوں کی تہوں میں ملتی ہے۔ اس کی سطح پر ایک وسیع و عریض سرخ دھبہ ہے جسے تین سو سال قبل Cassini نے دریافت کیا تھا۔ یہ دراصل ایک گھومتا ہوا دیوقامت طوفان ہےجس کا حجم ہماری زمین سے بھی زیادہ ہے جبکہ رقبہ قریباً 375ملین مربع کلومیٹر ہے۔
مشتری کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ اس کے مختلف مقامات پر مختلف رنگ نظر آتے ہیں جو وہاں مختلف مرکبات اور حیاتیاتی پولیمرز کی موجودگی کی علامت ہیں۔ چھ ہزار کلومیٹر چوڑا وسیع بیرونی حلقہ بھی مشتری کی ایک خصوصیت ہے۔
یہ معلوماتی مضمون عزیزم مدثر احمد کے قلم سے ماہنامہ ’’تشحیذالاذہان‘‘ ربوہ اگست 2012ء میں شائع ہوا ہے۔

نوٹ: شعبہ فلکیات میں ہونے والی تیزرفتار ترقی سے مختلف دریافتوں کے حوالے سے پیش کی جانے والی معلومات مسلسل اَپ ڈیٹ کی جارہی ہیں۔ چنانچہ وکی پیڈیا میں شائع کی جانے والی اس وقت کی صورتحال کے مطابق:

Jupiter  has  53  named  moons  and  another  26  awaiting  official  names.  Combined,  scientists  now  think  Jupiter  has  79  moons.

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں