مکرم قریشی محمد اعظم طاہر صاحب (شہید)

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 30 ستمبر 2009ء میں مکرم قریشی محمد اعظم طاہر صاحب آف اوچ شریف (ضلع بہاولپور) کی شہادت کی خبر شائع ہوئی ہے جنہیں 26 ستمبر 2009ء کو رات ساڑھے آٹھ بجے دو مسلح افراد نے سر راہ فائر کرکے شہید کردیا۔ آپ کی عمر 51 سال تھی۔ آپ ایک تقریب سے فارغ ہوکر اپنی بیٹی اور نواسہ و نواسی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر واپس گھر آرہے تھے جب یہ واقعہ پیش آیا۔ بعد میں حملہ آور شہید مرحوم کی موٹرسائیکل لے کر فرار ہوگئے۔
مکرم قریشی محمد اعظم طاہر صاحب 1958ء میں اوچ شریف میں پیدا ہوئے اور وہیں سے میٹرک کیا۔ پھر طبیہ کالج ربوہ اور طبیہ کالج بہاولپور سے میڈیکل ٹیکنیشن کا کورس کیا۔ گزشتہ 19 سال سے ایک سرکاری ہسپتال میں بطور میڈیکل ٹیکنیشن ملازم تھے۔ نہایت عمدہ اخلاق کے مالک تھے۔ دیانتداری اور خلوص کے ساتھ کام کرتے تھے۔ صوم و صلوٰۃ کے پابند تھے اور خلافت کے ساتھ فدائیانہ تعلق تھا۔ مالی قربانی اور دیگر خدمات میں بھرپور حصہ لیتے۔ قائد خدام الاحمدیہ اور زعیم انصاراللہ کے طور پر خدمت کی توفیق پاچکے تھے۔ گزشتہ دس سال سے سیکرٹری مال تھے۔
شہید مرحوم نے پسماندگان میں بوڑھے والد (عمر 82 سال) کے علاوہ اہلیہ، ایک بیٹی اور تین بیٹے چھوڑے ہیں۔ نیز پانچ بھائی اور پانچ بہنیں بھی ہیں جن میں سے ایک بھائی مکرم محمد اکرم عمر صاحب مربی سلسلہ نظارت تعلیم القرآن میں ہیں۔ مرحوم موصی تھے۔ تدفین ربوہ میں کی گئی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں