مکرم مرزا محمد لطیف بیگ صاحب

مکرم مرزا محمد لطیف بیگ صاحب قادیان کے قریب گاؤں لنگر وال میں مکرم مرزا محمد شریف بیگ صاحب سابق امیر جماعت احمدیہ پتوکی ضلع قصور کے ہاں پیدا ہوئے۔حضرت مرزا دین محمدصاحبؓ لنگروال کے پوتے تھے۔ ابتدائی تعلیم قادیان میں حاصل کی۔ بچوں کی تربیت کی خاطر ان کے والد صاحب لنگر وال سے قادیان آگئے تھے۔ اُن کا اینٹوں کا بھٹہ بھی تھا۔ قیام پاکستان کے بعد پتوکی ضلع قصور میں آباد ہوئے۔ روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 14ستمبر 2005ء میں مکرم رانا مبارک احمد صاحب کے قلم سے اپنے نسبتی بھائی مکرم مرزا محمد لطیف بیگ صاحب کا ذکر خیر شائع ہوا ہے۔
مکرم مرزا محمد لطیف بیگ صاحب نے فرقان فورس میں بھی خدمات سرانجام دیں۔ دعوت الی اللہ کا بہت شوق رکھتے تھے۔ اپنے گھر میں سیرت النبی ؐ اور دوسرے جلسے کرواتے تھے۔ گھر میں ہمیشہ لنگر جاری رہا۔ 1994ء میں پندرہ دن سے زیادہ اسیر راہِ مولا رہے۔ 1974ء اور 1984ء میں بھی خاص خدمت کی توفیق پائی۔ اس وقت آپ کے بڑے بھائی مرزا محمد سعید بیگ صاحب مرحوم صدر جماعت پتوکی تھے۔ آپ بھی جماعت کی مختلف خدمات پر مامور رہے۔ اپنی زندگی میں کئی غریب بچیوں کی اپنے خرچ پر شادیاں کروائیں۔ غرباء کا علاج اپنی جیب سے کراتے۔ آپ نے آنکھوں کا عطیہ کرنے کی وصیت بھی کی ہوئی تھی۔ آپ 7 دسمبر 2004ء کو قریباً 73 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ احمدیہ قبرستان ماڈل ٹاؤن میں دفن ہوئے۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو 4بیٹے اور 2 بیٹیوں سے نوازا۔ اہلیہ کی چند سال قبل وفات ہوگئی تھی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں