مکرم ملک غلام احمد صاحب (دوالمیال)

روزنامہ ’’الفضل ‘‘ربوہ 4؍ فروری 2009ء میں مکرم ریاض احمد ملک صاحب نے مکرم ملک غلام احمد صاحب آف دوالمیال کا ذکرخیر کیا ہے۔

ملک ریاض احمد صاحب

مکرم غلام احمد صاحب یکم نومبر 1946ء کو دوالمیال میں پیدا ہوئے۔ آپ کا تعلق حضرت حافظ شہباز خان صاحب (دوالمیال کے پہلے احمدی) کے خاندان سے تھا اور آپ کے والد محترم صوبیدار ملک محمد خان صاحب ایک نڈر احمدی، پنجوقتہ نمازی، تہجدگزار اور متوکل شخصیت تھے۔ احمدیت کے فدائی اور حضرت مسیح موعودؑ کی کتب کا گہرا مطالعہ رکھنے والے، محبت اور خلوص کا پیکر تھے اور دعوت الی اللہ آپ کی رگ رگ میں سمائی ہوئی تھی۔ اُن کی بیٹھک تبلیغ کا مرکز ہوا کرتی تھی جس میں دوالمیال کے احمدی بزرگ بیٹھ کر مطالعہ کتب اور احمدیت کی صداقت پر گفتگو کرتے تھے۔
مکرم غلام احمد صاحب نے مشن ہائی سکول ڈلوال سے میٹرک کیا۔ بچپن میں ٹائیفائیڈ کے نتیجہ میں آپ کی ریڑھ کی ہڈی ٹیڑھی ہو گئی تھی لیکن اس کے باوجود سکول میں آپ ہاکی اور والی بال کی ٹیموں میں شامل تھے۔ C.Com کرنے کے بعد لاہور سے الیکٹریشن کا کورس کیا اور ٹیکنیکل بورڈ میں اوّل آئے۔ جس کے بعد سنی فلور ملز گلبرگ میں الیکٹریشن کی حیثیت سے ملازمت شروع کی اور وہاں سے ملر کا کورس کیا اور پھر مختلف فلورملز میں ملر کی حیثیت سے خدمات سرانجام دیں۔ آپ نے پاکستان میں درجنوں فلور ملز کو نصب کروایا اور چیف ملر کی حیثیت سے کام کیا۔ پنجاب سرحد فلور ملز ایسوسی ایشن کے صدر بھی رہے۔ لیکن آپ نے اپنی احمدیت کو کبھی نہیں چھپایا بلکہ اپنی ترقیات کو احمدیت کی برکت کا نتیجہ قرار دیا کرتے تھے۔ دوالمیال اور لاہور میں مقامی جماعت میں خدمات بجالاتے رہے۔ بعدازاں برطانیہ منتقل ہوگئے اور وہاں بھی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا۔ بہت مہمان نواز تھے۔ ناٹنگھم (برطانیہ) میں آپ کی وفات 24 دسمبر 2003ء کو 57 سال کی عمر میں ہوئی۔ حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے لندن میں نماز جنازہ پڑھائی اور تدفین لیسٹر کے احمدیہ قبرستان میں عمل میں آئی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں