مکرم چودھری محمد اشرف صاحب

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 6جون 2011ء میں شائع ہونے والے مکرم رانا مبارک احمد صاحب کے مضمون میں محترم چودھری محمد اشرف صاحب کا ذکرخیر کیا گیا ہے۔
مکرم چوہدری محمد اشرف صاحب حلقہ علامہ اقبال ٹاؤن لاہور کے سیکرٹری اصلاح و ارشاد کے طور پر طویل عرصہ خدمت بجا لاتے رہے۔ لوگوں کو نماز کے لئے مسجد لانے کی ذمہ داری نہایت ذوق و شوق سے بجالاتے۔ اسی طرح ہمیشہ مسکراتے چہرے کے ساتھ قرآن کریم کے پڑھنے کی طرف بار بار احباب جماعت کو توجہ دلواتے ۔
آپ مارچ 1917ء میں گھٹیالیاں ضلع سیالکوٹ میں حضرت چودھری محمد منیر احمد صاحبؓ ابن حضرت چودھری غلام رسول صاحبؓ کے ہاں پیدا ہوئے۔ خاندانی پیشہ زمینداری تھا۔ نہایت باوقار وضع دار گھرانہ تھا۔ آپ اپنے بہن بھائیوں میں سب سے بڑے تھے۔ دوسری جنگ عظیم کے وقت فوج کے پوسٹ آفس ڈویژن میں بھرتی ہوئے۔ جنگ کے بعد انڈیا میں متعیّن ہوگئے۔ پاکستان بنا تو فوج کی ملازمت چھوڑ کر پاکستان میں محکمہ جنگلات میں ملازم ہوگئے اور پھر اسی محکمہ سے ریٹائر ہوئے۔
مرحوم بے شمار خوبیوں کے مالک تھے۔ نڈر، دانشمند، متقی، پرہیز گار، مخلوق خدا سے بے حد محبت کرنے والے باہمت، بلند حوصلہ بہادر انسان تھے۔ کبھی کسی سے مرعوب نہ ہوتے ۔ آپ کسی نہ کسی طریقے سے احمدیت کی تبلیغ کا موقعہ پیدا کر لیتے تھے۔ کوئی منفی بات یا منفی رویہ بالکل برداشت نہ کرتے۔ دعوت الی اللہ ہی آپ کا مشغلہ تھا۔ حضرت مسیح موعودؑ کی نظموں کے اشعار گنگناتے رہتے۔
آپ ہر چھوٹے بڑے سے اس قدر محبت سے ملتے کہ گمان ہوتا کہ شاید یہ کوئی ان کا اپنا بچہ ہے۔ کھانا کھانے یا چائے پینے کے لئے اصرار کرتے۔ عمر میں مجھ سے بیس سال بڑے تھے لیکن صدر حلقہ سمجھ کر اس طرح اطاعت کرتے جیسے مجھ سے بہت چھوٹے ہوں۔ گزشتہ پانچ سال سے گردے کام کرنا چھوڑ گئے تھے لیکن کبھی اپنی تکلیف کا اظہار نہیں کیا ہمیشہ شکرگزار بندہ بن کر وقت گزارا۔
برطانیہ، امریکہ اور جرمنی کے سالانہ جلسوں میں شامل ہوتے۔ آپ کے کل 8بچے تھے جن میں سے بڑی بیٹی کی وفات ہوگئی۔ آپ کے تین بیٹے امریکہ میں مقیم تھے اس لئے 1992ء میں آپ بھی پاکستان سے امریکہ مستقل طور پر چلے گئے۔ آپ نے 17فروری 2010ء کو امریکہ میں وفات پائی۔ وہیں تدفین ہوئی۔ آپ موصی تھے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں