نیاگرا آبشار (Niagra-Falls)

(مطبوعہ ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘، الفضل انٹرنیشنل لندن 10؍ستمبر 2021ء)

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 11 مارچ 2013ء میں دنیا کی ایک بہت خو بصورت، شاندار اور پُرشور آبشار ’’نیاگرا‘‘کے بارے میں ایک معلوماتی مضمون شائع ہوا ہے۔

’’نیاگرا‘‘ امریکہ میں واقع ہے۔ دریائے نیاگرا کے وسط میں ایک جزیرہ ’’گوٹ‘‘ واقع ہے جس کی وجہ سے یہ آبشار دو حصوں میں بٹ جاتی ہے۔ دریائے نیاگرا صرف 58کلومیٹر لمبا ہے اور شمال کی طرف سے بہتا ہوا جھیل ایری کو، جھیل اونٹیارو سے ملاتا ہے اور اس طرح کینیڈا اور امریکہ کے درمیان سرحد بھی قائم کرتا ہے۔ یہ آبشار ان دونوں جھیلوں کے درمیانی راستے سے شروع ہوتی ہے۔ دھند میں ڈوبا جزیرہ گوٹ ان جھیلوں کو دو آبشاروں میں تقسیم کر دیتا ہے۔ نیاگرا آبشار کا 6فیصد پانی امریکن آبشار پر سے جبکہ 94فیصد پانی ہارس شو (Horse Shoe) آبشار پر سے گزرتا ہے۔
امریکن آبشار جس جگہ گرتی ہے وہاں ایک غار ہے جو ہواؤں کا غار کہلاتا ہے۔ یہ چٹانوں کا ایک 30میٹر لمبا اور 23میٹر چوڑا کمرہ ہے۔ یہ کمرہ پانی کے کٹاؤ نے پیدا کیا ہے۔ ان آبشاروں کے نیچے نیا گرا آبشار ڈھلوان عمودی دیواروں میں سے تیزی سے گزرتی ہے اور ایک تالاب میں گرتی ہے۔

ایک منٹ کے مختصر سے وقفے میں ایک کروڑ 50لاکھ کیوسک فٹ یعنی 4لاکھ 67ہزار ٹن سے زیادہ پانی اس آبشار کے دہانے سے طرح طرح کی ہولناک آوازیں پیدا کرتا ہوا گرتا ہے۔سردیوں میں آبشار کے کچھ حصے جم جاتے ہیں اور دھوپ میں کسی عظیم الشان عمارت کے مرمریں ستون معلوم ہوتے ہیں ۔ نیاگرا آبشار سے تقریباً40لاکھ کلوواٹ بجلی بھی حاصل کی جاتی ہے۔ کینیڈا کے شہر نیاگرا میں ملکہ وکٹوریہ پارک ایسی جگہ ہے جہاں سے اس آبشار کا سب سے حسین منظر نظر آتا ہے ۔ امریکہ کی طرف گوٹ جزیرے میں پروسپیکٹ پوائنٹ وہ جگہ ہے جہاں سے آبشار کا سب سے خوبصورت منظر نگاہوں کے سامنے آتا ہے۔

1829ء میں سام پیچ نامی شخص نے اسے دوبار تیر کر عبور کیا۔ بلاڈن پہلا شخص تھا جس نے 1859-60ء میں اس آبشار کو ایک مضبوط رسے کے ذریعے دوبار عبور کیا۔ فرانس کی ایک مہم جُو ٹیم کے رکن رابرٹ ڈی لا سیلے نے پہلی بار اس آبشار کو دیکھا تھا۔ اس ٹیم نے 1678ء میں نیا گرا آبشار دریافت کی۔ 18ویں صدی عیسوی میں نیا گرا آبشار کے اردگرد کے علاقے میں بے شمار تجارتی منڈیاں اور بہت سے فوجی قلعے تھے۔ 19ویں صدی عیسوی کے اوائل میں دنیا میں یہ پہلی آبشار تھی جو بجلی پیدا کرنے کا مرکز بنی۔

100% LikesVS
0% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں