ٹماٹر کے فوائد – جدید تحقیق کی روشنی میں

ٹماٹر کے فوائد – جدید تحقیق کی روشنی میں
(اطہر ملک)

٭ برطانیہ کی ایک یونیورسٹی میں کی جانے والی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ٹماٹر کے بیج میں موجود ایک بے رنگ اور بے ذائقہ قدرتی عنصر، خون کو رواں رکھنے اور پتلا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ماہرین نے اِس عنصر کو اسپرین کا عمدہ نعم البدل بھی قرار دیا ہے۔ کیونکہ یہ عنصر شریانوں میں خون کا انجماد روکتا ہے اور اس طرح دل کے امراض سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اِس تحقیق کا خیال 1999ء میں ٹماٹر سے تیار کی جانے والی ایک جَل کریم کے استعمال کے نتیجے میں پیدا ہوا تھا جس کے استعمال سے جسم کے اندر خون کے بہاؤ کو بہتر رکھنے میں کامیابی ملی تھی۔ اس کریم میں استعمال ہونے والے مادے نے خون کے بہاؤ میں تیزی لانے کے ساتھ ساتھ خون کو پتلا کرنے میں بھی حیرت انگیز کارکردگی دکھائی تھی۔ تجربے میں دیکھا گیا ہے کہ ٹماٹر کے بیجوں کے گرد جمع ہونے والا یہ مادہ صرف تین گھنٹوں میں اپنا اثر دکھانا شروع کردیتا ہے اور اٹھارہ گھنٹے تک اُس کا اثر باقی رہتا ہے۔
٭ ایک امریکی تحقیق میں اس بات کا اعادہ کیا گیا ہے کہ آرگینک خوراک یعنی بغیر ادویات کے اور مصنوعی طور پر تیار کی گئی کھادوں اور کیمیائی مرکبات کی مدد کے بغیر اُگائی جانے والی خوراک دوسری قسم کی خوراک سے کہیں زیادہ بہتر ہوتی ہے۔ دس سالہ تحقیق میں دونوں قسم کی خوراک کا تفصیلی موازنہ کیا گیا چنانچہ معلوم ہوا کہ آرگینک ٹماٹروں میں عام ٹماٹروں کی نسبت فلیونائیڈ کی دوگنی مقدار پائی جاتی ہے۔ یہ وہ زہرکُش مادہ ہے جو قدرتی طور پر پھلوں اور سبزیوں میں پایا جاتا ہے اور اس کے استعمال کے نتیجے میں بلڈپریشر کم ہوجاتا ہے جس کے نتیجے میں دل کے حملے اور فالج کے خطرات بھی کم ہوجاتے ہیں۔ اس مادے کے استعمال سے بعض اقسام کے سرطان کو بڑھنے کی شرح روک دینے میں بھی مدد ملی ہے۔
زراعت اور کیمیائی خوراک سے متعلق ایک جرنل میں لکھا گیا ہے کہ مٹی میں موجود قدرتی نائیٹروجن ہی اس فرق کی وجہ دکھائی دیتی ہے۔ کیونکہ Flavonoids ایسا مادہ ہے جو دفاعی عمل کے تحت پیدا ہوتا ہے اور مٹی میں نائیٹروجن کی کمی سے اس کا گہرا تعلق ہے۔ جب مٹی میں ادویات یا مصنوعی کھاد ملادی جائے تو نباتات کو اُسی میں سے نائیٹروجن مل جاتی ہے جس کے باعث یہ مادہ کم مقدار میں پیدا ہوتا ہے۔
یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے فوڈ کیمیسٹ ڈاکٹر مچل اور اُن کے ساتھیوں نے ٹماٹر میں موجود مذکورہ مادے کی دو مختلف اقسام کا جائزہ لے کر یہ نتائج اخذ کئے۔ نیوسائنٹسٹ جریدے کا کہنا ہے کہ مٹی مصنوعی کھاد اور ادویات کی غیرموجودگی کے باعث، صحت کے لئے زیادہ بہتر ٹماٹر حاصل ہوئے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں