پیاز ایک اہم سبزی – جدید تحقیق کی روشنی میں

پیاز ایک اہم سبزی – جدید تحقیق کی روشنی میں
محمود احمد ملک

جاپان کی ایک یونیورسٹی میں کی جانے والی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ پیاز کی وہ قسم انسانی یادداشت کی کمزوری دُور کرکے اُس میں اضافہ کرسکتی ہے جسے کاٹتے وقت آنکھوں سے پانی بہنے لگے۔ محققین کے مطابق ایسی تمام سبزیاں بھی یادداشت پر مثبت اثرات مرتّب کرتی ہیں جو تہوں پر مشتمل ہوتی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اُن کی یہ دریافت الزیمر اور پارکنسن جیسی دماغ کی بیماریوں کے خلاف جدوجہد میں بھی اہم ہوسکتی ہے۔ اُن کے مطابق پیاز میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ دماغ میں مضر زہروں کو دماغ میں باندھ دیتا ہے اور پھر جسم سے خارج کردیتا ہے۔ یہ مرکب جس میں سلفر ہوتا ہے، لہسن میں بھی ہوتا ہے جبکہ پیاز میں یہ نمایاں طور پر زیادہ پایا جاتا ہے۔ ان سبزیوں میں پایا جانے والا سلفر کا یہ مرکب، عمر کے ساتھ زائل ہونے والی یادداشت میں پیدا ہونے والی کمزوری کو دُور کرتا ہے۔ تاہم ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ زیادہ دیر کے لئے اور زیادہ درجہ حرارت پر پکانے سے یہ مرکبات تَباہ ہوجاتے ہیں اس لئے ان سبزیوں سے فائدہ اٹھانے کے لئے انہیں کم درجہ حرارت پر پکایا جانا چاہئے۔

بعض دیگر تحقیقات میں ہلدی اور پیاز کا استعمال کینسر میں نہایت مفید پایا گیا ہے- اسی طرح پیاز اور ادرک کے اجزاء بھی گوناگوں طبی فوائد کے حامل ہیں- چنانچہ طبّی ماہرین نے کہا ہے کہ ادرک اور پیاز کا روزمرہ کی خوراک میں استعمال، کینسر کی مختلف اقسام کو ختم کرنے میں مدد دیتا ہے۔سوئٹزرلینڈ میں دو بار لئے جانے والے اِس جائزے سے معلوم ہوا ہے کہ ادرک اور پیاز، کینسر کے مرض کی شدّت کو قابو میں رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ اس تحقیق میں مریضوں کے طرز زندگی، جسمانی سرگرمیوں اور کھانے پینے کی عادات کو بھی شامل کیا گیا تھا۔ نیز مشرقی ممالک میں ادرک اور پیاز کے زیادہ استعمال کی وجہ سے اس تحقیق میں مشرقی غذاؤں کا بھی تجزیہ کیا گیا تھا۔ طبّی ماہرین نے ان دونوں سبزیوں میں پائے جانے والے کیمیائی اجزاء یعنی سلفر کمپاؤنڈز کو جانوروں پر بھی ایک تجربے کے دوران چیک کیا جس سے ثابت ہوا کہ یہ کیمیائی مادے کینسر کو پھیلنے سے روکنے میں مفید ثابت ہوتے ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اِن دونوں سبزیوں سے سرطان کی نئی ادویات کی تیاری میں بھی مدد لی جاسکتی ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں