ہوائی جہاز

(مطبوعہ الفضل ڈائجسٹ، الفضل انٹرنیشنل 25 ستمبر 2020ء)

ماہنامہ’’خالد‘‘ربوہ اکتوبر 2012ء میں ہوائی جہاز کے بارے میں مکرم عطاء الودود احمد صاحب کا معلوماتی مضمون شائع ہوا ہے۔

ہوائی جہاز وہ مشین ہے جو ہوا سے بھاری ہونے کے باوجود ہوا میں اُٹھان اور پرواز کی صلاحیت رکھتی ہے اور اس کے لیے اس کے جسم یا پروں میں ہونے والی اضافی حرکت کوئی کردار ادا نہیں کرتی۔یہ تعریف جہاز کو ہیلی کاپٹر سے ممتاز کرتی ہے جسے اٹھان کی قوّت پنکھا مہیا کرتا ہے۔جبکہ جہاز کو ہوا میں بلند ہونے اور اُڑتے وقت لگنے والی قوّت کا زیادہ تر حصہ پَر فراہم کرتے ہیں۔ زمین سے اُٹھنے اور ہوا میں پرواز کرنے کے لیے جہاز پر لگائی گئی قوّت تھرسٹ کہلاتی ہے۔ یہ قوّت مختلف جہازوں کو پروپیلر یا جیٹ انجن کے ذریعے مہیا کی جاتی ہے۔
گلائیڈر جہاز کی وہ قسم ہے جس میں پرواز کے لیے انجن استعمال نہیں ہوتا بلکہ ہوا کی قدرتی طاقت کو استعمال کیا جاتا ہے۔ اگرچہ اب انجن والے گلائیڈروں کا رواج بڑھ رہا ہے۔
پنکھوں والے جہاز میں پروپیلر استعمال ہوتے ہیں جو تیل سے چلتے ہیں۔ یہ جہاز سستے پڑتے ہیں اور ان کی دیکھ بھال بھی آسان ہے لیکن یہ زیادہ بلند پرواز نہیں کرسکتے اور وزن بھی نسبتاً کم اٹھاتے ہیں۔نجی ملکیت میں عموماً یہی جہاز ہوتے ہیں۔
جیٹ جہازوں میں تھرسٹ پیدا کرنے کے لیے ٹربائن استعمال ہوتی ہے۔یہ دیگرجہازوں کے مقابلے میں اونچا اُڑتے ہیں اور وزن بھی زیادہ اٹھاتے ہیں۔ ان کی دیکھ بھال اور ایندھن کا خرچ کہیں زیادہ ہے۔ یہ اُترتے اور چڑھتے وقت بہت زیادہ شور کرتے ہیں اور آلودگی کا باعث بنتے ہیں۔ پہلا جیٹ جہاز جرمنی اور انگلینڈ نے 1931ء میں بنایا تھا۔ پہلا لڑاکا جیٹ جرمنی نے اپنی فوج میں 1943ء میں شامل کیا۔ ایئر بس A-380 اور بوئنگ707 بڑے جیٹ جہاز ہیں جو سینکڑوں مسافروں اور ٹنوں سامان کے ساتھ ہزاروں میل مسلسل پرواز کرسکتے ہیں۔
بعض فوجی اور کنکارڈ مسافر بردار جہاز آواز کی رفتار سے زیادہ تیز اُڑتے ہیں۔ ان کی ساخت اور ڈیزائن کے مسائل دیگر جہازوں سے بہت مختلف ہوتے ہیں۔ Sonic Boom کی وجہ سے یہ جہاز دیگر جہازوں کے مقابلے میں بہت زیادہ شور کرتے ہیں۔ اسی لیے آبادی والے علاقوں میں ان جہازوں کی رفتارمحدود رکھی جاتی ہے۔ کم طلبی کے باعث مسافر بردار کمپنیوں نے یہ جہاز اپنے بیڑے سے نکال دیئے ہیں۔ کنکارڈ نے بھی اپنی آخری پرواز 25؍نومبر 2003ء کو کی تھی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں