اداریہ: یہ موسم ہے دعاؤں کا

(مطبوعہ سہ ماہی اسماعیل جولائی تا ستمبر 2012ء)
اداریہ

 یہ موسم ہے دعاؤں کا

پیارے بھائیو!
اس وقت دنیا کے بہت سے ممالک میں اور خصوصاً پاکستان میں ہمارے بھائی انتہائی مظالم کا نشانہ بنائے جارہے ہیں۔ ہمارے پیارے امام، امیرالمومنین ، خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے اس حوالہ سے کئی بار اپنے خطبات اور خطابات میں ہمیں توجہ بھی دلائی ہے۔ چنانچہ 12 اکتوبر 2012ء کے خطبہ جمعہ میں ہمیں نصیحت کرتے ہوئے ایک بار پھر پیارے حضور نے فرمایا:
’’جوں جوں جماعت ترقی کی منازل طے کر رہی ہے، حاسدوں کی اور مفسدین کی سرگرمیاں بھی تیز ہوتی چلی جا رہی ہیں اور وہ مختلف طریقوں سے جماعت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔ بعض دفعہ چھپ کر حملے کرتے ہیں، بعض دفعہ ظاہری حملے کرتے ہیں، بعض دفعہ ہمدرد بن کر وار کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس لئے ہر احمدی کو دشمن کے ہر قسم کے شر سے بچنے کے لئے بہت دعائیں کرنے کی ضرورت ہے۔

اَللّٰھُمَّ اِنَّا نَجْعَلُکَ فِیْ نُحُوْرِھِمْ وَنَعُوْذُبِکَ مِنْ شُرُوْرِھِمْ کی دعا۔1
رَبِّ کُلِّ شَيْء خَادِمُکَ رَبِّ فَاحْفَظْنِیْ وَانْصُرْنِیْ وَارْحَمْنِیْ۔2

اور اس طرح باقی دعائیں بھی، ثبات قدم کی دعا:

رَبَّنَا اَفْرِغْ عَلَیْنَا صَبْرًا وَّثَبِّتْ اَقْدَامَنَا وَانْصُرْنَاعَلَی الْقَوْمِ الْکَافِرِیْنَ۔ 3

یہ ساری دعائیں اور درود شریف بھی میں نے کہا تھا، اس کو بہت زیادہ پڑھنے کی ضرورت ہے تا کہ ہم دشمن کے ہر قسم کے شر سے محفوظ رہیں‘‘۔
ہمیں چاہئے کہ ہم سب اپنے پیارے آقا ایدہ اللہ تعالیٰ کے ارشاد کی تعمیل میں ان دعاؤں کا وِرد کرنا اور دوسروں کو بھی اس بارہ میں یاددہانی کرواتے رہنا، اپنی عادت بنالیں۔ اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے ان دعاؤں کو شرف قبولیت عطا فرمائے۔
دسمبر 2010ء میں بھی پیارے آقا نے جماعت احمدیہ کی ترقیات اور احمدیوں کی حفاظت کے لئے روزانہ دو نفل ادا کرنے اور ہفتہ وار نفلی روزہ کا اہتمام کرنے کی جو ہدایت فرمائی تھی، اِس ہدایت کو بھی یاد رکھنے کی ضرورت ہے۔ ہر واقف نو بچہ جس پر نماز فرض ہوچکی ہے اُسے روزانہ دو نفل بھی ادا کرنے چاہئیں اور تحریک وقفِ نو میں شامل ایسے خدام جنہیں روزہ رکھنے میں کوئی امر مانع نہیں ہے انہیں (اپنی جماعت کی طرف سے مقررّہ دن) روزہ بھی رکھنا چاہئے۔
اللہ تعالیٰ ہمیں خلیفۂ وقت سے محبت اور آپ کی اطاعت کرتے ہوئے اپنی زندگیوں کو بسر کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(محمود احمد ملک)

—————-
1 (سنن ابی داؤد کتاب الصلاۃ باب ما یقول الرجل اذا خاف قوماً حدیث نمبر 1537)
2 (تذکرہ صفحہ 363 ایڈیشن چہارم مطبوعہ ربوہ)
3 (البقرۃ:251)

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں