Polypill کی تیاری – جدید تحقیق کی روشنی میں

Polypill کی تیاری – جدید تحقیق کی روشنی میں
(اطہر ملک)

٭ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 5مختلف دواؤں کو ملا کر بنائی جانے والی ایک گولی، اب دل کے دورے اور فالج سے تحفظ فراہم کرسکتی ہے۔ قریباً پانچ سال پہلے اس قسم کی مرکب گولی یعنی polypill بنانے کا خیال پیش کیا گیا تھا تاہم اس پر بہت آہستہ پیش رفت ہوتی رہی۔ اُس وقت یہ کہا گیا تھا کہ اس گولی کو 55 سال سے زائد عمر کا کوئی بھی شخص استعمال کر کے دل کی بیماریوں میں مبتلا ہونے کا خطرہ 80فیصد تک کم کرسکے گا۔ اب بھارت میں اِس گولی کے کامیاب تجربات کئے گئے ہیں اور جن لوگوں نے اِسے استعمال کیا ہے ان کو مطلوبہ فوائد حاصل ہوئے ہیں اور ان کی صحت پر اِس سے کوئی منفی اثر مرتب نہیں ہوا۔ تاہم بعض طبّی ماہرین نے اس گولی کے استعمال پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہائی بلڈپریشر اور کولیسٹرول کے مسائل سے نمٹنے کے لئے صحت بخش غذائیں استعمال کرنی چاہئیں اور ورزش پر توجہ دینی چاہئے نہ کہ صرف ایک گولی نگل کر یہ سوچ لیا جائے کہ اب ان بیماریوں سے نجات مل گئی ہے۔
اس گولی میں پانچ اہم ادویاتی اجزاء یکجا کردئیے گئے ہیں جن میں سے ایک خون پتلا کرنے والی اسپرین ہے، ایک دوا سٹیٹن ہے جو کولیسٹرول کی سطح میں کمی لاتا ہے۔ اس کے علاوہ بلڈ پریشر کم کرنے والی تین دوائیں نیز فولک ایسڈ بھی اس گولی میں شامل ہے جو خون میں homocysteine کی سطح کم کرتا ہے جس کی زیادتی سے امراض قلب کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس مرکب دوا کے تجربات بھارت میں 2053 صحت مند افراد پر کئے گئے ہیں جنہیں اگرچہ دل کی کوئی بیماری نہیں تھی لیکن ان میں ایسے عوامل موجود تھے جن کی وجہ سے انہیں یہ بیماری لاحق ہوسکتی تھی۔ اس مرکب گولی کے استعمال سے ان کے بلڈپریشر اور کولیسٹرول دونوں میں کمی دیکھی گئی جبکہ کوئی بڑا سائیڈ ایفکٹ بھی دیکھنے میں نہیں آیا۔ ماہرین کا اندازہ ہے کہ اس گولی کے استعمال سے ادھیڑ عمر افراد میں فالج اور دل کے دوروں کا خطرہ نصف ہوسکتا ہے۔
برطانیہ میں بھی امپیریل کالج لندن کے پروفیسر سائمن تھوم کی قیادت میں اس قسم کی ایک گولی کا تجربہ کیا جارہا ہے جسے red heart pill کانام دیا گیا ہے۔ اس ایک گولی میں چار اجزاء شامل کئے گئے ہیں اور اس تجربے کو ویلکم ٹرسٹ اور برٹش ہارٹ فاؤنڈیشن کی سرپرستی حاصل ہے۔ پروفیسر تھوم کا کہنا ہے کہ ابھی اس پولی پل کا عام استعمال کے لئے منظوری حاصل کرنے میں کم از کم پانچ سال درکار ہوں گے۔
٭ مذکورہ بالا تحقیقی رپورٹ کے کچھ عرصہ بعد طبع ہونے والی ایک رپورٹ میں برطانوی طبّی ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ دل کے تقریباً تمام امراض کا علاج نئی تیار کی جانے والی ایک ہی گولی سے ممکن ہوجائے گا۔ برٹش ہارٹ فاؤنڈیشن کے تعاون سے عارضۂ قلب اور اس سے متعلقہ تمام مسائل کے علاج کے لئے جو’’پولی پل‘‘ تیار کی گئی ہے، اس کے بارے میں دل کے مریضوں کو طبی ماہرین نے خوشخبری دیتے ہوئے کہا ہے کہ صرف اس ایک گولی سے اُن کے دل کے جملہ امراض کا علاج ممکن ہو جائے گا ۔ اور یہ بات بھی اہم ہے کہ یہ گولی دل کے لئے استعمال کی جانے والی دیگر ادویات کے مقابلے میں نہایت سستی ہوگی اور اس کو نگلنے کے علاوہ ’’لولی پوپ‘‘ کی طرح منہ میں رکھ کر چوسا بھی جاسکے گا۔ اس گولی کو اب تک 700 سے زائد رضاکا ر مریضوں پر آزمایا جاچکا ہے جن کا تعلق چھ مختلف ممالک سے ہے۔ ماہرین کے مطابق اس ایک گولی میں بلڈ پریشر، دل کے درد، کولیسڑول پر قابو پانے، گھبراہٹ، سینے میں سانس کی تنگی اور دل کے مرض کی دیگر خطرناک علامات کا شافی علاج موجود ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں