حضرت قاضی عبدالرحیم بھٹی صاحبؓ

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 23 جون 2011ء میں حضرت قاضی عبدالرحیم بھٹی صاحبؓ کا مختصر ذکرخیر شامل اشاعت ہے۔ آپؓ 23 جون 1881ء کو حضرت قاضی ضیاء الدین صاحبؓ آف قاضی کوٹ ضلع گوجرانوالہ کے ہاں پیدا ہوئے۔ دونوں باپ بیٹا 313 اصحاب میں شامل تھے۔ حضرت قاضی عبدالرحیم بھٹی صاحبؓ کا نام ضمیمہ انجام آتھم میں مندرج فہرست میں شامل ہے۔
حضرت قاضی عبدالرحیم بھٹی صاحبؓ نقشہ نویسی کا کام سیکھ کر محکمہ پبلک ورکس میں ملازم ہوگئے۔ بعدازاں قادیان میں محکمہ تعمیرات جاری ہونے پر اپنی خدمات پیش کردیں اور مستقل طور پر قادیان آگئے جہاں حضرت میر ناصر نواب صاحبؓ مہتمم تعمیرات کے ساتھ محرّر تعمیرات مقرر ہوئے اور اپنے خلوص، محنت اور غیرمعمولی فرض شناسی کی بدولت لمبے عرصہ تک تعمیراتی خدمات بجالاتے رہے۔ قادیان میں سلسلہ احمدیہ کی سب عظیم الشان مرکزی عمارتیں بنوانے کی توفیق آپ کو ملی جن میں مسجد نُور، بورڈنگ تعلیم الاسلام ہائی سکول اور ملحقہ کوارٹرز، منارۃالمسیح اور قصر خلافت شامل ہیں ۔ مسجد اقصیٰ میں کنویں اور پانی کے انتظام کو مسجد کے فرش کے نیچے لے جانے کی صورت بھی آپ ہی کے ہاتھوں ہوئی۔ اسی طرح بہشتی مقبرہ کا پُل اور کنواں بھی آپ کی نگرانی میں بنا اور حضور علیہ السلام کے مزار کی تعمیر بوقتِ تدفین کی سعادت بھی آپؓ کو ملی۔ اسی طرح خاندان حضرت اقدسؑ اور کئی جیّد بزرگوں کی طرف سے بھی تعمیراتی کام آپؓ کے سپرد کئے جاتے رہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں