محترم چودھری غلام سرور وڑائچ صاحب

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 11 مارچ 2010ء میں مکرم فرید احمد بھٹی صاحب کے قلم سے محترم چودھری غلام سرور وڑائچ صاحب کا ذکرخیر شامل اشاعت ہے جو یکم ستمبر 2009ء کو 61 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔
آپ مکرم چودھری عنایت اللہ صاحب وڑائچ کے بیٹے تھے اور نہایت شریف النفس، مخلص اور باوفا انسان تھے۔ تہجد گزار اور بڑے دعاگو بزرگ تھے۔ گھٹنوں کی شدید درد کے باوجود مسجد تشریف لاکر نماز باجماعت ادا کرتے۔ انفاق فی سبیل اللہ کے میدان میں بھی نمایاں قربانی کرنے والے تھے۔ موصی تھے۔ فصل پکنے کے بعد گھر لانے سے پہلے کسی غریب کو اُس میں سے کچھ ضرور دیتے اور پھر اناج گھر لاتے۔ پیشہ کے لحاظ سے ٹیچر تھے۔ ریٹائر ہونے پر ڈرتے تھے کہ کہیں چندہ میں کمی نہ ہو لیکن اللہ کے فضل سے پہلے سے زیادہ قربانی کی توفیق پاتے رہے۔
سالہاسال اپنی جماعت کے صدر رہے۔ خلافت کے ساتھ محبت کے جذبات آپ کی باتوں سے عیاں تھے۔ خدمت خلق کے لئے ہمیشہ تیار رہتے اور ضرورتمندوں کی مدد کے مواقع تلاش کرتے رہتے۔ بے حد مہمان نواز تھے۔ اگرچہ آپ اولاد کی نعمت سے محروم تھے لیکن واقفین زندگی کے ساتھ محبت رکھتے اور اُن کی تمام ضروریات کا خیال رکھتے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں