’’مونا لیزا‘‘ کا خالق – لیونارڈو

لیونارڈو ایک دولتمند معزز شخص کے ہاں 1452ء میں اٹلی کے شہر فلارنس کے قرب میں ونچی کے مقام پر پیدا ہوا۔ اس زمانے میں فلارنس یورپ میں علم و فضل کا مرکز تھا چنانچہ اس کے باپ نے اسے بہترین تعلیم دلوائی۔ 1470ء کے قریب لیونارڈو ایک مشہور سنگ تراش اور مصور انڈریا ویرو شیو کا شاگرد بن گیا لیکن اس کی تصاویر کسی خارجی اثر کی بجائے اس کی اپنی قوت مشاہدہ کا کرشمہ ہیں۔ لیونارڈو کے بارے میں ایک مختصر مضمون مکرم رانا نعمان طاہر کے قلم سے ماہنامہ ’’تشحیذالاذہان‘‘ ستمبر 1997ء میں شامل اشاعت ہے۔
لیونارڈو محض ایک مصور ہی نہیں بلکہ ہر فن مولا تھا۔ سنگ تراشی، موسیقی، انشاپردازی، انجینئرنگ، فن تعمیر اور سائنسی تحقیق میں بھی اس نے کمال پیدا کیا حتی کہ اس نے ہوائی جہاز بنانے کی بھی کوشش کی۔ 1483ء میں وہ میلان جاکر ڈیوک سفورزا کے دربار سے وابستہ ہوگیا۔ یہاں وہ ڈیوک کے جلوسوں کا انتظام کرتا اور اس کی اراضی کی آبپاشی کیلئے مشینیں لگاتا۔ 1502ء میں اس نے بحیثیت ماہر تعمیرات ملازمت کرلی۔ فلارنس واپس آنے کے بعد اس نے مشہور تصویر ’’مونا لیزا‘‘ پر چار سال صرف کئے اور اس کے بعد بھی یہی کہتا رہا کہ یہ تصویر ابھی مکمل نہیں ہوئی۔ 1506ء میں وہ فرانس کے بادشاہ لوئی دواز دہم کا درباری مصور مقرر ہوا۔ 2؍ مئی 1519ء کو اس کی وفات ہوئی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں