مکرم ملک مظفر خان جوئیہ صاحب

(مطبوعہ الفضل ڈائجسٹ ’’الفضل انٹرنیشنل‘‘ …؍جون 2026ء)

ملک مظفر خان جوئیہ صاحب

ماہنامہ ’’احمدیہ گزٹ‘‘ کینیڈا جنوری 2014ء میں مکرم ملک مظفر خان جوئیہ صاحب کے قلم سے خودنوشت حالاتِ زندگی شامل اشاعت ہیں جو نہایت ایمان افروز ہیں۔
مضمون نگار رقمطراز ہیں کہ میری پیدائش 1929ء میں ضلع سرگودھا کے چک152شمالی میں ہوئی۔ میری پیدائش سے قبل ہی میرے والد صاحب کی وفات ہوچکی تھی۔ قریباً چھ ماہ کا تھا تو والدہ بھی رحلت فرماگئیں۔ میرے چچا ملک نور محمد جوئیہ صاحب نے میری پرورش کی۔ وہ گاؤں کے پہلے احمدی تھے اور اُن کی تبلیغ سے کئی لوگ احمدیت میں شامل ہوئے اور جماعت قائم ہوگئی۔ مَیں نے گاؤں میں ہی ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ بہت کم عمری میں چچا مجھے اپنے ساتھ مسجد لے جاتے تھے۔ یہ عادت ایسی پختہ ہوئی کہ کسی اشد مجبوری کے بغیر کبھی کوئی نماز باجماعت نہیں چھوڑی۔ دیوبندی فرقے سے میرا تعلق تھا، توحیدپرستی شروع سے ہی پسند تھی اور جھوٹ سے سخت نفرت تھی۔ اسی طرح ہمارے آبائی گاؤں ٹھٹھہ جوئیہ کی نمبرداری میرے والد کی وفات کے بعد (بالغ ہونے کے بعد) میرے کندھوں پر آگئی جسے کینیڈا ہجرت کرنے تک نہایت محنت اور ایمانداری سے مَیں نے نبھایا۔
ایک رات خواب میں سرگودھا کے عالم دین محمد شفیع صاحب کو دیکھا اور اُن سے قرآن پاک پڑھنے اور دَم سیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا تو انہوں نے مجھے دَم سکھایا جس کے لیے شرط بتائی کہ پانچ وقت نماز باقاعدگی سے ادا کی جائے۔ سات مرتبہ سورۃ فاتحہ اور درودشریف پڑھ کر پھونک دیں۔ تب سے مَیں اللہ کے فضل سے دَم بھی کرتا ہوں ، کئی امراض میں بہت افاقہ نظر آیا ہے۔
اپنے احمدی چچا کے گھر میں رہتے ہوئے بھی مَیں اُن کا سخت مخالف تھا۔ محترم احمد خان نسیم صاحب (ایڈیشنل ناظر اصلاح و ارشاد مقامی ربوہ) اکثر تبلیغ کے لیے ہمارے گاؤں آیا کرتے اور وہ میرے چچا کے گھر ہی ٹھہرتے۔
ایک دن مَیں احمدیوں سے مناظرے کے لیے قریبی قصبے سلانوالی سے ایک مشہور دیوبندی مولوی المعروف ’’پستول‘‘ کو لایا۔ ایک نومبائع احمدی حافظ محمد یوسف صاحب نے تفسیر ’’موضح القرآن‘‘ (از شاہ عبدالقادرؒ) مولوی کو دکھائی جس میں نبیوں کے متعلق عجیب و غریب کہانیاں بیان کرکے بہتان لگائے ہوئے ہیں۔ مولوی صاحب نے ہر اعتراض کا جواب یہی دیا کہ یہ تفسیر بہت پرانی ہے، انبیاء تو معصوم ہوتے ہیں۔ نومبائع نے کہا کہ پھر اس تفسیر کا جواب کیوں آج تک نہیں دیا گیا۔ بہرحال مولوی صاحب تو اِدھراُدھر کی کرکے بغیر کھانا کھائے واپس چل پڑے۔ مَیں ساتھ چلا۔ مَیں نے راستے میں کہا کہ آج تو آپ نے مجھے شرمندہ کردیا ہے۔ وہ بولے کہ مرزا صاحب احمدیوں کو کچھ مخصوص کلمے سکھاتے ہیں جس کے بعد یہ کسی سے مار نہیں کھاتے۔ مَیں نے کہا کہ یہ بات تو غلط ہے۔ بہرحال اُس دن مَیں دل سے احمدی ہوچکا تھا۔ چنانچہ اپنے دونوں نوکروں کو خاموشی سے احمدیت کی تبلیغ کرنے لگا۔ ایک دن مولانا احمد خان نسیم صاحب آئے تو مَیں نے عرض کیا کہ یہ دونوں احمدی ہونا چاہتے ہیں ان کی بیعت لے لیں۔ انہوں نے میرا ہاتھ پکڑا اور کہا کہ ’’انہیں دوزخ میں جانے دیتے ہو اور خود بچتے ہو، پہلے خود یہاں دستخط کرو۔‘‘ چنانچہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہم تینوں اُس روز احمدیت میں داخل ہوگئے۔ احمدی ہونے کے بعد خاکسار کو خدمت دین کی بہت توفیق ملی۔ قائد خدام الاحمدیہ، زعیم انصاراللہ، سیکرٹری مال اور صدر جماعت بھی رہا۔ اسی طرح 15 دوستوں کو نظام وصیت میں شامل کرنے کا بھی موقع ملا۔ اپنی جماعت میں ایک لائبریری تعمیر کروائی اور مربی ہاؤس کے لیے اپنا ایک پلاٹ بھی جماعت کو پیش کیا۔ تین بار پندرہ پندرہ دن کے لیے مختلف علاقوں میں وقف عارضی کرنے کی توفیق بھی ملی۔
ایک مقدمہ خاکسار کے خلاف صدر جماعت ہونے پر درج ہوا۔ اس میں میرے ساتھ شریک جرم میرے ایک بیٹے عنایت اللہ (مؤذن) اور حافظ محمد یوسف صاحب تھے جو بچوں کو قرآن کریم پڑھاتے تھے۔ ایک غیراحمدی بھی ملزم تھا جس پر احمدیوں کے ساتھ تعلقات رکھنے اور اُن کے ساتھ نماز پڑھنے کا الزام تھا۔ اس مقدمے میں ہم سلانوالی میں مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہوتے رہے۔ آخر سیشن کورٹ سرگودھا سے ہم بری ہوئے۔ اس کے علاوہ میرے ایک بیٹے محمد نصراللہ کے خلاف کلمہ طیّبہ کیس میں چالان ہوا اور اُسے سزا بھی ہوئی۔
1995ء میں مَیں نے فیملی کے ساتھ کینیڈا ہجرت کرلی۔ تب سے پیس ولیج ٹورانٹو میں بھی مجلس انصاراللہ میں منتظم مال رہا اور کچھ عرصہ مسجد بیت الاسلام میں مؤذن بھی رہا۔ یہاں آٹھ دس بچوں کو گھر گھر جاکر قرآن کریم بھی پڑھایا۔
اگرچہ خاکسار نظام وصیت میں شامل ہوکر اپنی جائیداد کا ایک ٹکڑا فروخت کرکے اپنا حصۂ جائیداد ادا کرچکا تھا تاہم جب حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے نظام وصیت میں شامل ہونے کی تحریک فرمائی تو خلیفہ وقت کی آواز پر لبّیک کہتے ہوئے مَیں نے اپنی وصیت کی شرح کو بڑھاکر تیسرا حصہ کردیا اور پھر تمام واجبات ادا کرکے مرکز سے سرٹیفکیٹ لے لیا۔ میرے سارے بچے بھی نظام وصیت میں شامل ہیں اور دین کو دنیا پر ترجیح دیتے ہیں۔ ایک بیٹا عزیزم محمد مطیع اللہ جوئیہ آج کل لائبیریا میں بطور مبلغ خدمت بجالارہا ہے۔
اللہ تعالیٰ نے مجھے متعدد مواقع پر سچی خوابوں کے ذریعے قبولیتِ دعا کی بشارت دی۔ مثلاً ایک بار میری ایک سرخ گھوڑی چوری ہوگئی۔ دعائیں کرتا رہا کہ ایک روز خواب دیکھا کہ اپنی گھوڑی پر سوار ہوکر اپنے گاؤں میں داخل ہوتا ہوں اور سب سے پہلے ایک عورت یہ دیکھ کر مجھے مبارک دیتی ہے۔ میری یہ خواب لفظاً لفظاً پوری ہوئی حالانکہ چور سے چوری شدہ چیز ملنا قریباً ناممکن ہوتی ہے۔

حضرت مولوی غلام رسول راجیکیؓ

میری اہلیہ اوّل مکرمہ آمنہ صاحبہ سے میرے تین بچے ہوئے تو وہ وفات پاگئیں۔ ایک دوست نے ربوہ میں ایک مالدار بیوہ کا رشتہ دکھایا۔ مَیں نے دعا کی تو خواب میں ایک مکڑی کو دیکھا جو چمٹ گئی ہے۔ مَیں نے حضرت مولوی غلام رسول راجیکی صاحبؓ کو یہ خواب سنائی تو انہوں نے کہا کہ مکڑی کھا جائے گی۔ پھر میری درخواست پر انہوں نے بہتر رشتہ ملنے کے لیے دعا کروائی۔ چنانچہ میری شادی بھیرہ کے ایک گاؤں میں ہوئی جس سے دو لڑکیاں اور پانچ لڑکے عطا ہوئے۔ سب بچے اللہ کے فضل سے شادی شدہ اور خوش و خرم ہیں۔
2003ء میں خواب دیکھا کہ ایک جہاز کی طرح مَیں پرواز کررہا ہوں۔ پھر جلد ہی محض خدا کے فضل سے مجھے حج بیت اللہ کی سعادت اور دو بار زیارتِ قادیان کی توفیق ملی۔ حضرت خلیفۃالمسیح الرابعؒ نے فرمایا تھا:

مَیں اُسی کا فقیر ہوں آقا
تُو جو میرے لیے بھلا سمجھے
مجھے اے کاش ہر کوئی تیرا
اور فقط تیرا ہی گدا سمجھے

اپنا تبصرہ بھیجیں