Thursday, 12th November, 2026
»»
الفضل ڈائجسٹ مکرم ڈاکٹر مہدی علی بشیرالدین قمر صاحب خطبات جمعہ و عیدین خطبہ جمعہ سیدنا امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ 23؍اکتوبر 2026ء خطبات جمعہ و عیدین خطبہ جمعہ سیدنا امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ 16؍اکتوبر 2026ء دیگر جرائد خطبہ جمعہ سیدنا امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ 09؍اکتوبر 2026ء خطبات جمعہ و عیدین خطبہ جمعہ سیدنا امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ 02؍اکتوبر 2026ء الفضل ڈائجسٹ آنحضورﷺکا ایتاءِ ذی القربیٰ اور صلہ رحمی الفضل ڈائجسٹ مکرم ڈاکٹر مہدی علی بشیرالدین قمر صاحب خطبات جمعہ و عیدین خطبہ جمعہ سیدنا امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ 23؍اکتوبر 2026ء خطبات جمعہ و عیدین خطبہ جمعہ سیدنا امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ 16؍اکتوبر 2026ء دیگر جرائد خطبہ جمعہ سیدنا امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ 09؍اکتوبر 2026ء خطبات جمعہ و عیدین خطبہ جمعہ سیدنا امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ 02؍اکتوبر 2026ء الفضل ڈائجسٹ آنحضورﷺکا ایتاءِ ذی القربیٰ اور صلہ رحمی
««
ہفتہ، 2 / ربیع الاول، 1448ھ

مکرم ڈاکٹر مہدی علی بشیرالدین قمر صاحب

November 12, 2026 • 8 مناظر • الفضل ڈائجسٹ

(مطبوعہ الفضل ڈائجسٹ، الفضل انٹرنیشنل … نومبر2026ء)

ڈاکٹر مہدی علی شہید

مکرم ڈاکٹر مہدی علی قمر صاحب کی شہادت 26؍مئی 2014ء کو ہوئی جب صبح پانچ بجے کے قریب بہشتی مقبرہ ربوہ کے قریب دو نامعلوم افراد نے اُنہیں فائرنگ کرکے شہید کردیا۔ 30؍مئی کو حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے خطبہ جمعہ میں مکرم ڈاکٹر صاحب کا ذکرخیر کرتے ہوئے فرمایا کہ اب مَیں اپنے ایک انتہائی پیارے،مخلص، باوفا، نافع الناس اور بہت سی خوبیوں کے مالک ڈاکٹر مہدی علی قمر کا ذکر خیر کروں گا۔ وہ ہارٹ سپیشلسٹ تھے اور دو یوم قبل امریکہ سے وقف عارضی کے لیے طاہر ہارٹ انسٹیٹیوٹ میں تشریف لائے تھے۔ اگلی صبح بعد نماز فجر جب بہشتی مقبرہ دعا کے لیے جا رہے تھے تو موٹرسائیکل پر سوار دو افراد نے اُن پر فائرنگ کردی۔ گیارہ گولیاں لگنے سے موقع پر ہی ان کی شہادت ہوگئی۔ ان کو اللہ تعالیٰ نے تین بیٹے عطا فرمائے تھے۔

ماسٹر ضیاءالدین ارشد شہید

ڈاکٹر صاحب شہید کے خاندان کا تعلق گوکھووال ضلع فیصل آباد سے ہے۔ ان کے خاندان میں احمدیت کا نفوذ آپ کے والد مکرم چودھری فرزند علی صاحب کے ذریعہ سے ہوا تھا جنہوں نے اوائل جوانی میں حضرت خلیفۃالمسیح الثانیؓ کے ہاتھ پر بیعت کی تھی۔ شہید کے نانا مکرم ماسٹر ضیاءالدین صاحب ربوہ کے مکینوں میں پہلے شہید تھے جو 1974ء میں سرگودھا سٹیشن پر فائرنگ سے شہید ہوئے۔ وہ محلہ دارالبرکات کے صدر اور تعلیم الاسلام سکول میں استاد بھی تھے۔
ڈاکٹر صاحب شہید 23؍ستمبر1963ء کو ربوہ میں پیدا ہوئے۔ اُسی روز حضرت مرزا بشیر احمد صاحبؓ قمر الانبیاء کا وصال ہوا تھا۔ اسی مناسبت سے ان کے والدنے ان کے نام کے ساتھ ’’قمر‘‘ کا لقب لگا دیا۔ پھر ان کے نانا نے حضرت مصلح موعودؓ کے نام کا حصہ ’’بشیرالدین‘‘ بھی ساتھ شامل کردیا۔ چنانچہ ان کا پورا نام ’’مہدی علی بشیر الدین قمر‘‘ ہوگیا۔
ڈاکٹر صاحب شہید نے ابتدائی تعلیم ربوہ میں ہی حاصل کی۔ نہایت ذہین اور ہونہار طلباء میں ان کا شمار ہوتا تھا۔ پھر پنجاب میڈیکل کالج فیصل آباد میں میڈیکل کی تعلیم شروع کی تو وہاں کافی مخالفت ہوئی۔ کتابیں اور سامان وغیرہ جلا دیا گیا۔ بہرحال ایم بی بی ایس کا امتحان پاس کیا۔ پھر 1989ء سے دو سال تک فضل عمر ہسپتال ربوہ میں خدمات سرانجام دیتے رہے بعدازاں اپنی والدہ کے ساتھ کینیڈا منتقل ہوگئے۔ کینیڈا میں میڈیکل کے امتحانات پاس کرنے کے بعد ہاؤس جاب کیا۔ پھر نیویارک چلے گئے اور کارڈیالوجی میں سپیشلائزیشن کیا۔ ملازمت کے دوران طاہرہارٹ انسٹیٹیوٹ کے قیام کے بعد وقف عارضی کے لیے وہاں جاتے رہے۔ اب تیسری دفعہ تشریف لائے تھے۔ بڑے نرم مزاج اور نرم خُو تھے۔ ہر کسی کے ہمدرد اور دکھ درد میں شریک ہوتے تھے۔
شہید مرحوم بہت مہمان نواز تھے۔ جماعتی تقریبات کے موقع پر اپنے گھر میں مہمان ٹھہرانے کا اہتمام کرتے اور انہیں ائیرپورٹ سے لانے لے جانے کا کام کرتے۔ غریبوں اور ضرورتمندوں کی کثرت سے امداد کیا کرتے تھے۔ ادبی ذوق بھی رکھتے تھے۔ ایک اچھے شاعر بھی تھے۔ ان کا مجموعہ کلام ’’برگ خیال‘‘ ان کی شہادت کے بعد شائع ہوا ہے۔ کیلیگرافی بھی اچھی کر لیتے تھے۔ خلافت سے گہری محبت اور خلوص کا تعلق تھا اور ہر تحریک پر فوری لبیک کہنے والے تھے۔ بڑھ چڑھ کر چندہ دیتے تھے۔ کولمبس کی مسجد کی تعمیر میں بھی ایک خطیر رقم پیش کی اور اس کی زیبائش اور آرائش کا کام بھی کیا۔ اسی طرح اپنے آبائی محلہ دارالرحمت غربی ربوہ کی مسجد کے لیے بھی بڑی رقم دی۔ طاہر ہارٹ انسٹیٹیوٹ کے لیے بھی عطیات کی فراہمی میں پیش پیش رہتے تھے۔ تبلیغ کا جنون کی حد تک ان کو شوق تھا اور دینی مطالعہ بھی اللہ کے فضل سے کافی تھا۔ ان کی آخری نظم کے دو تین شعر یہ ہیں ؎

موت کے رو برو کریں گے ہم
زندگی کے حصول کی باتیں
نہ مٹا پائے گا یزید کوئی
حق ہیں ابن بتول کی باتیں
سب فنا ہوگا پر رہیں گی تمام
باقی اللہ رسول کی باتیں

پھر ایک ان کا ایک پرانا شعر ہے کہ ؎

اللہ تیری راہ میں یہی آرزو ہے اپنی
اے کاش کام آئے خون جگر ہمارا

ہادی علی چودھری صاحب

آپ ہادی علی صاحب مبلغ سلسلہ کے چھوٹے بھائی تھے۔ دونوں بھائیوں کو کیلیگرافی کا بڑا شوق تھا۔جب مَیں 2012ء میں کولمبس امریکہ کے دورے پر گیا ہوں تو دونوں بھائی رات بھر مسجد کی آرائش اور خطاطی کا کام کرتے رہے۔ پھر ڈاکٹر صاحب نےصبح اپنے ہسپتال کی ڈیوٹی بھی پوری نبھائی۔ اور پھر یہ کہ مسجد کی سجاوٹ پر جو بھی خرچ ہوا شہید مرحوم نے ہمیشہ اپنی جیب سے ادا کیا۔

ڈاکٹر مسعودالحسن نوری صاحب

ڈاکٹر مسعودالحسن نوری صاحب کہتے ہیں کہ ڈاکٹر مہدی علی صاحب مریضوں میں بے حد مقبول تھے۔ غریب اور نادار مریض آپ کے پاس بہت خوشی اور امید سے علاج کے لیے آتے تھے۔ ذاتی دلچسپی اور توجہ سے ہر مریض کو دیکھتے۔ طبیعت میں انتہائی سادگی تھی۔ لباس اتنا سادہ ہوتا کہ ان کو مریضوں کے درمیان دیکھ کر پہچاننا مشکل ہوتا تھا۔ طاہر ہارٹ انسٹیٹیوٹ میں خدمت کے لیے اپنے آپ کو رضاکارانہ طور پر اور بغیر کسی تکلّف کے پیش کیا۔ بے لوث خدمت خلق کے لیے ان کا اس ہسپتال میں آتے رہنا اپنے پیشہ کے ساتھ پُرخلوص وابستگی کا ثبوت ہے۔ انتہائی عاجز انسان تھے۔ حافظہ کمال کا تھا۔ قرآن کریم اور کتب حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ساتھ ساتھ شاعری اور کیلیگرافی میں بھی دلچسپی تھی۔

ڈاکٹر سلطان احمد مبشر صاحب

ڈاکٹر سلطان مبشر صاحب لکھتے ہیں کہ غریبوں کا بہت خیال رکھنے والے تھے۔ بنک میں پیسے جمع کروا دیے کہ ان سے ضرورتمندوں کی مدد کر دیا کرو۔ ایک دن فون آیا کہ جماعت کے فلاں سابق کارکن مکان بنا رہے ہیں، ان کو ایک لاکھ روپیہ دے دو۔ اسی طرح یہ بھی کہا کہ اگر کوئی سٹوڈنٹ جو میڈیکل کالج میں پڑھنا چاہے تو میں اس کا سارا خرچہ دوں گا۔
حافظ عبدالقدوس صاحب نے بتایا کہ ڈاکٹر صاحب جب فضل عمر ہسپتال میں تھے تو ایک دن دوپہر کو میرے گھر تشریف لائے اور بتایا کہ ایک لاوارث مریض ہے اُسے ایک بوتل خون تو میں نے دے دی ہے، ایک کی مزید ضرورت ہے مَیں چاہتا ہوں کہ وہ آپ دیں۔ مرحوم طاہر ہارٹ انسٹیٹیوٹ کے لیے سامان وغیرہ بھیجتے رہتے تھے اور چاہتے تھے کہ ربوہ میں مکان بنالیں تاکہ جماعت کی رہائش پر بوجھ نہ بنیں۔
Dawn اخبار کی ویب سائٹ پر ڈاکٹر صاحب کی شہادت پر جماعت احمدیہ کی مخالفت کا پس منظر بیان کرکے ذکر کیا گیا ہے کہ وہ کوئی عام ڈاکٹر نہیں تھے۔ انہوں نے امریکن کالج آف کارڈیالوجی سے young investigator کا ایوارڈ حاصل کیا اور دو سال امریکہ کے بہترین فزیشنز میں اور سات مختلف سالوں میں امریکہ کے بہترین کارڈیالوجسٹ میں ان کا شمار ہوا۔ نیز انہیں امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن کی جانب سے فزیشن recognition کا بھی ایوارڈ ملا۔ پھر آخر میں انہوں نے لکھا کہ ڈاکٹر مہدی علی قمر! مَیں معذرت خواہ ہوں کہ آپ کو بچا نہیں سکا لیکن میں نے اس ظلم کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔ مَیں نے اپنی سلامتی خطرے میں ڈال دی ہے تاکہ کل میں ایسے نہ مروں کہ میری آواز نہ سنی گئی ہو۔

فضل عمر ہسپتال ربوہ

پاکستان، امریکہ، کینیڈا، برطانیہ اور دنیا کے جن اخبارات و نیوز چینلزنے اس بہیمانہ قتل اور انسانیت سوز فعل کی سخت مذمت کی اب تک ان کی تعداد تیس سے زیادہ ہے۔ ان میں National Post Canada, The star Canada, CBC News Canada, Global News, CNN, U.S.A Today, New York Times, Washington Post, Columbus Dispath, The Wall Street Journal, The Express Tribune, Washington Times, The Stragetic Intelligence, Daily Mail, BBC Urdu، الجزیرۃ، ڈان وغیرہ شامل ہیں۔ ان میں جماعت احمدیہ کا تعارف اور کئی دہائیوں سے ہونے والے جبر و تشدد کا بھی تفصیل سے ذکر موجود ہے۔ نیز حضرت مسیح موعودؑ کے دعویٔ نبوت و مسیحیت کا ذکر کیا گیاہے۔ بعض اخباروں نے جماعت کے فلاحی کاموں کو بھی سراہا۔ پس وہ جان دے کر بھی تبلیغ کے نئے راستے کھول گئے ہیں۔
وَال سٹریٹ جرنل امریکہ کا مشہور اخبار ہے، دنیا میں کئی جگہ چھپتا ہے۔ اس کے تجزیہ نگار نے ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی چیئرپرسن کا تجزیہ بھی پیش کیا کہ گو پاکستان میں تمام تر اقلیتیں ہی مظالم کا شکار ہیں مگر جماعت احمدیہ سخت ترین ظلموں کا شکار ہے۔ پاکستان کی کئی لوکل اخباریں احمدیوں کے خلاف اشتعال انگیز خبریں شائع کرتی رہتی ہیں۔
تجزیہ نگار نے شہید کے ایک ساتھی ڈاکٹر شنتانو سنہا کا انٹرویو بھی شائع کیا ہے جنہوں نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں ان سے زیادہ دیانتدار اور خوش اخلاق شخص نہیں دیکھا۔ آپ کے جسم میں ایک بھی شرپسند ذرّہ نہ تھا۔ آپ بہت زیادہ خدمت خلق کرنے والے شخص تھے اور گو کہ آپ جانتے تھے کہ آپ کے ساتھ ایسا واقعہ پیش آ سکتا ہے مگر اس کے باوجود خدمت خلق کے لیے پاکستان گئے۔
اسی طرح الجزیرۃ کے ایک تجزیہ نگار نے بھی یہی لکھا ہے کہ اکثر احمدیوں کے خلاف ظلم اور تشدد کی خبریں ملتی رہتی ہیں اور مجرم یہ ظلم اس تسلی کے ساتھ کرتے ہیں کہ حکومت انہیں سزا دینے کے لیے کچھ نہیں کرے گی۔
واشنگٹن پوسٹ میں بھی تفصیلی خبر شائع ہوئی اور مزید لکھا کہ جرم اس لیے ہو رہے ہیں کہ پتہ ہے کچھ نہیں ہونا۔
Lancaster Eagle Gazette اس علاقے کا اخبار ہے جہاں ڈاکٹر صاحب خدمت انجام دے رہے تھے۔ اس اخبار نے مرحوم کے ساتھ کام کرنے والوں کے تاثرات بھی درج کیے گئے۔ کیلی موریسن جو کارڈیو ویسکولر بزنس ڈیویلپمنٹ کے مینیجر ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ ایک انتہائی افسوسناک وقت ہے اور یہاں ہسپتال میں ہر ایک کی آنکھ آنسوؤں سے تر ہے۔ شہید مرحوم کارڈیو ویسکیولر انسٹی ٹیوٹ کے بانی ڈاکٹروں میں سے تھے اور انہیں 2013ء میں عظیم الشان خدمت خلق یعنی لیجنڈری فلنتھراپسٹ کا اعزاز بھی ملا تھا۔ نامہ نگار نے لکھا ہے کہ مرحوم کی وفات سے نہ صرف جماعت احمدیہ کے افراد بلکہ کمیونٹی کا ہر فرد متاثر ہوا ہے۔ ان کے مریض بھی اخباروں میں ان کی بڑی تعریفیں کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر مہدی علی شہید

کولمبس ڈِسپیچ نے اپنی خبر میں مرحوم کے بڑے بیٹے کا انٹرویو لیا۔ Fox 28 Columbus نے بھی مرحوم کی شہادت کا ذکر کیا اور مرحوم کے بڑے بیٹے عبداللہ علی کا انٹرویو شائع کیا جس میں انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اگر قاتل کچھ دیر رُک کر میرے والد سے بات کرتے تو یقیناً آپ ان کی زندگی میں بھی کوئی مثبت تبدیلی لے آتے۔
بی بی سی اردو نے بھی مرحوم کی شہادت اور احمدیوں کے خلاف ظلم و ستم کا ذکر کیا نیز طاہر ہارٹ انسٹی ٹیوٹ کے خلاف چھپنے والے پمفلٹ کا عکس بھی شائع کیا جس میں لکھا ہوا ہے کہ طاہر ہارٹ میں علاج کروانا حرام اور گناہ کبیرہ ہے۔ نیز احمدیوں سے تعلق رکھنے والا خود بھی کافر ہو جاتا ہے۔
بہرحال یہ شہید تو اپنی زندگی میں بھی کامیابیاں دیکھتا رہا اور مخلوق خدا کی خدمت کرتا رہا اور موت بھی ایسی پائی جو اللہ تعالیٰ کے ہاں اسے دائمی زندگی دے گی۔ اللہ تعالیٰ ہمارے اس پیارے بھائی کو جنت میں اعلیٰ درجے عطا فرمائے۔

…………………………………………………

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 6؍جون2014ء میں شائع ہونے والی محمد آصف منہاس صاحب کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر مہدی علی شہید کا جسدخاکی کینیڈا لے جایا گیا۔ جہاں 3؍جون کو نماز جنازہ ادا کی گئی اور 4؍جون کو احمدیہ مسجد کے قریبی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔ اس موقع پر ایک میڈیا کانفرنس بھی منعقد ہوئی نیز کینیڈا کے بعض سرکاری عہدیدار اور میڈیا سے تعلق رکھنے والی متعدد شخصیات بھی احمدیہ مشن ہاؤس میں تشریف لائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *