مکرم ڈاکٹر محمد اسلم جہانگیری صاحب

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 19 مارچ 2009ء میں محترم ڈاکٹر محمد اسلم جہانگیری صاحب امیر جماعت احمدیہ ہزارہ ڈویژن کی وفات کی خبر ہے جو 15مارچ 2009ء کو ہارٹ فیل ہونے کی وجہ سے بعمر 74سال وفات پا گئے۔ جنازہ ہری پور سے ربوہ لایا گیا اور بہشتی مقبرہ میں تدفین عمل میں آئی۔
مکرم ڈاکٹر محمد اسلم جہانگیری صاحب ابن مکرم محمد عرفان صاحب مانسہرہ کے رہنے والے تھے، آپ یکم اگست 1935ء کو پیدا ہوئے ۔1971ء تا 1974ء مجلس نصرت جہاں کے تحت 3سال تک وقف عارضی کیا اورسیرالیون میں ابتدائی ڈاکٹر کے طور پر خدمات سر انجام دیں اور وقف کی برکات سے فیضیاب ہوئے۔ جب آپ 1974ء میں واپس آئے تو حالات کی خرابی کی وجہ سے مانسہرہ سے ہری پور شفٹ کر گئے۔ لمبا عرصہ تک آپ کے گھر میں ہی پنجوقتہ نماز اور نماز جمعہ کا انتظام رہا۔ 1991ء میں آپ کو امیر جماعت ہزارہ ڈویژن کے طور پر خدمات انجام دینے کی سعادت حاصل ہوئی اور تا وفات اسی عہدہ پر فائز رہے۔ آپ احمدیہ میڈیکل ایسوسی ایشن ہزارہ ڈویژن کے 2سال سے چیپٹر کے پریذیڈنٹ بھی تھے۔
آپ مہمان نواز، مرکزی وفود خاص طورپر مربیان سلسلہ ، واقفین زندگی اورمرکزی نمائندگان کی بہت عزت کرتے، سفر کے دوران عزت افزائی فرماتے اور کارمیں پہلی سیٹ پر جگہ دیتے اور خود پیچھے بیٹھتے۔ 1999ء میں آپ نے مسجد اور مربی ہائوس تعمیر کروایا، جس کو ذاتی دلچسپی ، محنت اور لگن سے مکمل کروایا۔ آپ دلیر ، مخلص اور جماعت کی خدمت کرنے والے مفید وجود تھے۔ خدا تعالیٰ نے آپ کے ہاتھ میں شفا رکھی تھی اور اپنے علاقہ میں بہت معروف تھے۔ چند ماہ قبل آپ کے کلینک پر ایک لڑکے نے آپ پر قاتلانہ حملہ کیا جس میں اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے آپ کو محفوظ رکھا۔ گہرے زخموں کے باوجود یہ تکلیف بڑے صبر اور حوصلے سے برداشت کی۔ آپ کے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں