ہیں اس کی محبت میں سب اپنی مناجاتیں – نظم
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 22 جون 2012ء میں مکرم عبدالصمد قریشی صاحب کی ایک نظم شامل اشاعت ہے۔ اس نظم میں سے انتخاب ملاحظہ فرمائیں:
ہیں اس کی محبت میں سب اپنی مناجاتیں
جس نے ہمیں بخشی ہیں خوشیوں کی یہ شبراتیں
ہم اپنے مقدر پر فرحاں بھی ہیں نازاں بھی
حاصل ہیں ہمیں ہر پل اس پیار کی سوغاتیں
بخشے ہیں سکینت کے یہ لیل و نہار اس نے
سب اپنے حسیں دن ہیں چاہت بھری سب راتیں
رہتے ہیں یوں ہی ہم تو دن رات اجالوں میں
ہم پر تو برستی ہیں اس نور کی برساتیں
اس کی ہی محبت کے ہر لب پہ ترانے ہیں
جس حسن کی ہوتی ہیں افلاک پہ بھی باتیں
ان چاند ستاروں سے ہم کو نہیں کچھ لینا
ملتی رہیں بس ہم کو اس حسن کی خیراتیں