سیرت النبی ﷺ (صداقت و امانت)
(مطبوعہ الفضل ڈائجسٹ ’’الفضل انٹرنیشنل‘‘ 19؍اکتوبر 2026ء)

اللہ تعالیٰ نے آنحضورﷺ کو پہلے تمام انبیاء کا مصدّق قراردیا ہے۔ یہ بلند مقام اُسی کو مل سکتا ہے جو خود بھی صداقت کے بلند ترین مقام پر فائز ہو۔ آپؐ کی صداقت و امانت کے حوالے سے ایک مضمون ماہنامہ ’’خالد‘‘ ربوہ کے ’’سیرت خیرالوریٰؐ نمبر‘‘ برائے نومبرو دسمبر 2012ء میں مکرم حافظ محمود احمد طاہر صاحب کے قلم سے شامل اشاعت ہے۔
عام زندگی میں تو اکثر لوگ سچ ہی بولتے ہیں مگر اصل امتحان تب ہوتا ہے جب سچ بولنے سے مشکلات پیدا ہونے کا خدشہ ہو۔ آنحضورﷺ کی زمانۂ نبوت کی زندگی ایسے ہی امتحانات سے عبارت ہے۔ جبکہ آپؐ کی بعثت سے پہلے کی زندگی کو بھی اللہ تعالیٰ نے آپؐ کے صادق القول ہونے کے ثبوت میں پیش فرمایا ہے۔ (یونس:17)
چنانچہ ہرقل شاہ روم نے بھی جب عرب سے آنے والے قافلے میں شامل ابوسفیان کو دربار میں طلب کیا اور آنحضورﷺ کے بارے میں تحقیق کی غرض سے یہ سوال پوچھا کہ کیا اس مدعیٔ نبوت پر اس کی پہلی زندگی میں کبھی جھوٹ بولنے کا الزام لگا ہے؟ ابوسفیان نے جواب دیا: بالکل نہیں۔ ہرقلؔ نے کہا کہ میرا بھی یہی خیال تھا کیونکہ یہ ممکن نہیں ہوسکتا کہ اُس نے لوگوں کے ساتھ تو کبھی جھوٹ نہ بولا ہو اور خدا پر جھوٹ بولنے لگ جائے۔
اصل فضیلت وہی ہے جس کی گواہی دشمن بھی دے۔ چنانچہ ابوجہل بھی کہا کرتا تھا کہ اے محمد! ہم تجھے جھوٹا نہیں کہتے بلکہ تُو جو تعلیم لایا ہے اُس کی تکذیب کرتے ہیں۔
جب آنحضورﷺ کو اپنے رشتہ داروں کو اسلام کا پیغام پہنچانے کا حکم ہوا تو آپؐ نے مکّہ سے باہر نکل کر صفا پہاڑ پر چڑھ کر لوگوں کو بلایا۔ جب سب آپؐ کے پاس جمع ہوگئے تو آپؐ نے فرمایا: بتاؤ کہ اگر مَیں تمہیں کہوں کہ دشمن اس پہاڑ کی اوٹ سے نکلنے والا ہے تو کیا تم میری بات سچ مانوگے؟ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ آپؐ کو سچ بولتے ہی دیکھا ہے۔ لوگوں کی تصدیق کے بعد آپؐ نے انہیں پیغام حق پہنچایا۔
حدیث مبارکہ ہے: سچ اختیار کرو۔ سچ نیکی کی طرف لے جاتا ہے اور نیکی جنت میں لے جاتی ہے۔ انسان سچ بولتا ہے یہاں تک کہ وہ اللہ کے ہاں صدیق لکھا جاتا ہے۔ جھوٹ سے بچو کیونکہ جھوٹ فسق و فجور کا باعث بنتا ہے جو آگ کی طرف لے جاتا ہے اور جھوٹ کا عادی اللہ کے ہاں کذاب لکھا جاتا ہے۔
ایک عورت نے ایک بار آنحضورﷺ کی خدمت میں حاضر ہوکر پوچھا کہ میری ایک سوتن ہے، کیا یہ جھوٹ ہوگا اگر مَیں اُس کو جلانے کے لیے بتاؤں کہ مجھے شوہر نے فلاں فلاں چیز دی ہے؟ فرمایا: جو نہیں دیا گیا تو اُس کا دکھاوا کرنے والا جھوٹ کے دو جامے پہننے والے کی طرح ہے۔
حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کے قیام کے لیے بھی سچ بولنا انتہائی ضروری چیز ہے۔ اللہ تعالیٰ نے شرک اور جھوٹ سے اجتناب کا ایک ہی جگہ ذکر فرمایا ہے۔ آنحضورﷺ سچ کو قائم کرنے اور بچوں میں اس کو راسخ کرنے کے لیے کتنا خیال رکھا کرتے تھے اس کا پتہ اس واقعہ سے لگتا ہے کہ عبداللہ بن عامرؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول کریمﷺ ایک دفعہ ہمارے گھر تشریف لائے۔ مَیں اُس وقت کم سِن تھا۔ مَیں کھیلنے کے لیے جانے لگا تو میری امّی نے کہا عبداللہ! ادھر آؤ مَیں تمہیں ایک چیز دوں گی۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ تم اسے کچھ دینا چاہتی ہو؟ میری ماں نے جواب دیا کہ ہاں مَیں کھجور دوں گی۔ آپؐ نے فرمایا: اگر واقعی تمہارا یہ ارادہ نہ ہوتا اور صرف بچے کو بلانے کے لیے ایسا کہا ہوتا تو تمہیں جھوٹ بولنے کا گناہ ہوتا۔ (ماخوذ از خطبات مسرور جلد3صفحہ503)
حضرت ابوبکرؓ نے بیان فرمایا کہ آنحضرتﷺ نے فرمایا:کیا مَیں تمہیں سب سے بڑے گناہ نہ بتاؤں؟ ہم نے عرض کیا : جی ضرور بتائیں۔ فرمایا: اللہ کا شریک ٹھہرانا، والدین کی نافرمانی کرنا۔ آپؐ تکیے کا سہارا لیے ہوئے تھے، جوش میں آکر بیٹھ گئے اور بڑے زور سے فرمایا: دیکھو! تیسرا بڑا گناہ جھوٹ بولنا اور جھوٹی گواہی دینا ہے۔ آپؐ نے اس بات کو اتنی دفعہ دہرایا کہ ہم نے چاہا کاش! حضورؐ خاموش ہوجائیں۔
آنحضورﷺ ایک بار ایک شخص کے پاس سے گزرے جو بازار میں غلّہ بیچ رہا تھا۔ جب آپؐ نے غلّے کے برتن کے اندر ہاتھ ڈالا تو معلوم ہوا کہ نیچے کا غلّہ گیلا تھا۔ آپؐ نے فرمایا: دھوکہ فریب ہمارا شیوہ نہیں۔
آنحضورﷺ نہ صرف امین مشہور تھے بلکہ دشمن بھی اپنی امانتیں آپؐ کے پاس رکھواتا تھا۔ مکّہ سے ہجرت کرتے وقت آپؐ نے وہ امانتیں حضرت علیؓ کے سپرد کیں تاکہ اُن کو مالکوں کے سپرد کرکے پھر مدینہ آئیں۔
اللہ تعالیٰ کا پیغام بھی آپؐ کے پاس امانت تھی جس کا حق آپؐ نے ایسا ادا کیا کہ اللہ تعالیٰ نے آپؐ کے احساسِ ذمہ داری کو ان الفاظ میں یاد فرمایا: کیا تُو اس احساس سے خود کو ہلاک کرلے گا کہ یہ لوگ ایمان کیوں نہیں لاتے۔ (الشعراء:4)
غزوۂ خیبر میں جب قلعہ قموص کا محاصرہ جاری تھا تو ایک یہودی رئیس کا گلہ بان مسلمان ہوگیا۔ اُس نے پوچھا کہ یہ بکریاں فلاں رئیس کی امانت ہیں، ان کا کیا کروں؟ آپؐ نے فرمایا: ان کا منہ قلعے کی طرف کرکے ہانک دو، خداتعالیٰ ان کو خود مالک کے پاس پہنچادے گا۔ چنانچہ ایسا ہی کیا گیا اور قلعہ والوں نے بکریاں قلعے میں داخل کرلیں۔ حالتِ جنگ میں امانت کا ایسا نمونہ آنحضورﷺ سے ہی ممکن تھا۔
ایک بار آنحضورﷺ نے ایک شخص کو صدقہ وصول کرنے پر مامور فرمایا۔ جب وہ لَوٹ کر آیا تو کہنے لگا کہ یہ آپؐ کا مال ہے اور یہ مجھے تحفے میں ملا ہے۔ اس پر آنحضورﷺ منبر پر کھڑے ہوئے اور اللہ تعالیٰ کی حمد کے بعد فرمایا: کیا حال ہے اُس عامل کا جس کو مَیں مقرر کرتا ہوں۔ پھر وہ کہتا ہے یہ تمہارا مال ہے اور یہ مجھے تحفہ ملا ہے۔ وہ اپنے ماں باپ کے گھر کیوں نہ بیٹھ رہا، پھر دیکھتے کہ اُس کو ہدیہ ملتا ہے یا نہیں۔ قسم ہے اُس ذات کی جس کے ہاتھ میں محمدؐ کی جان ہے کوئی تم میں سے ایسا مال نہیں لے گا مگر قیامت کے روز اپنی گردن پر لادکر اُس کو لائے گا۔ … پھر آپؐ نے دو مرتبہ فرمایا کہ یا اللہ! مَیں نے تیرا حکم پہنچادیا۔
آنحضورﷺ نے ایک بار تین مسافروں کا حال سنایا جو ایک غار میں پھنس گئے تھے اور پھر انہوں نے اپنے نیک اعمال کا واسطہ دے کر دعا کی۔ اُن میں سے ایک نے یوں عرض کیا کہ اے میرے اللہ! مَیں نے کچھ مزدور رکھے تھے اور کام لینے کے بعد اُن کو مزدوری ادا کردی۔ البتہ ایک آدمی نے مزدوری کم سمجھتے ہوئے نہ لی اور ناراض ہوکر چلاگیا۔ مَیں نے اُس کی یہ رقم کاروبار میں لگادی۔ اللہ تعالیٰ نے اس میں بہت برکت دی۔ کچھ مدّت کے بعد وہ شخص آیا کہ مجھےمیری مزدوری دے دو۔ مَیں نے وہ سب گائیں، بکریاں اور اونٹ اُس کو دے کر کہا کہ یہ تیری مزدوری ہے۔ وہ کہنے لگا: اللہ کے بندے! اگر مزدوری نہیں دیتے تو نہ دو مگر مذاق تو نہ کرو۔ مَیں نے کہا کہ مَیں تجھ سے مذاق نہیں کررہا، یہ تیرا ہی مال ہے جو مَیں نے کاروبار میں لگایا تھا اور وہ بڑھتا رہا۔ اس پر وہ خوشی خوشی سارا مال ہانک کر لے گیا۔ اے میرے اللہ! اگر مَیں نے یہ کام صرف تیری رضا کی خاطر کیا تھا تو اس مصیبت سے ہمیں رہائی بخش۔ چنانچہ اس دعا کی برکت سے باقی ماندہ پتھر بھی سرک گیا اور وہ تینوں باہر نکل آئے۔
جناب شردھے پرکاش دیوجی اپنی کتاب ’’سوانح عمر حضرت محمد صاحب بانی اسلام’’ میں لکھتے ہیں: ‘‘انہوں نے یمن وغیرہ کے اطراف میں سوداگری کے لیے سفر کیے جن سے اُن کی دیانتداری و ایمانداری، سچائی اور خوش اطواری اس درجے ظاہر ہوئی کہ لوگوں نے اُن کو صادق و امین کا خطاب دیا۔ ‘‘ (صفحہ24۔ ایڈیشن دہم)

Leave a Reply