دنیا کی چند مشہور آبشاریں
(مطبوعہ الفضل ڈائجسٹ، روزنامہ الفضل انٹرنیشنل جون 2025ء)

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 24؍جون2014ء میں دنیا کی مشہور آبشاروں سے متعلق مختصر معلومات روزنامہ ایکسپریس سے منقول ہیں۔
٭…اینجل (Angel) آبشار دنیا کی سب سے بلند آبشار ہے۔ اسے امریکی ہواباز ‘جیمزکوا فورڈ اینجل’ نے 1936ء میں دریافت کیا تھا۔ دریائے چورون وینزویلا پر واقع اس آبشار کی بلندی 979؍میٹر ہے چنانچہ اس کا بہت سا پانی گرنے کے بعد زمین پر پہنچنے سے پہلے ہی بخارات بن کر اُڑ جاتا ہے۔ (نوٹ: 2018ء سے اس آبشار کا نام بدل کر Kerepakupai-Meru کردیا گیا ہے۔)
٭…برازیل اور ارجنٹائن کی سرحد کے قریب دریائے اگوازو پر واقع Iguazu آبشار کی بلندی 262؍میٹر ہے۔ یہ دراصل 270؍آبشاروں کا ایک عظیم نظام ہے جو 2700؍میٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔

٭…کینیڈا اور امریکہ کی سرحد پر واقع نیاگرا (Niagara) آبشار قدرتی عجائبات میں شامل ہے۔ اسے 1678ء میں لوئس ہیپی پن نے دریافت کیا تھا۔ آبشار کی لمبائی 173؍فٹ اور چوڑائی اڑہائی ہزار فٹ ہے۔ اس آبشار کا نظارہ کرنے کے لیے ہر سال چالیس لاکھ سیاح آتے ہیں۔
٭…زمبابوے میں واقع وکٹوریہ (Victoria) آبشار بھی دنیا کی بڑی آبشاروں میں شمار ہوتی ہے۔ یہ دریائے زمبیزی پر واقع ہے۔ یہاں پانی 420؍فٹ بلندی سے گرتا ہے اور اس کا شور پچیس میل دُور سے سنا جاسکتا ہے۔