عَلَیْکَ الصَّلوٰۃُ عَلَیْکَ السَّلَامْ — نعتیہ کلام

September 21, 2026 5 مناظر الفضل ڈائجسٹ

(مطبوعہ الفضل ڈائجسٹ ’’الفضل انٹرنیشنل‘‘ …؍اکتوبر 2026ء)

ماہنامہ ‘‘خالد’’ ربوہ کے ’’سیرت خیرالوریٰؐ نمبر‘‘ برائے نومبرو دسمبر2012ء میں حضرت ڈاکٹر میر محمد اسماعیل صاحبؓ کی درج ذیل معروف نعت بھی شامل اشاعت ہے جس کے بارے میں حضرت خلیفۃالمسیح الرابعؒ نے فرمایا تھا: ’’جب سے مَیں نے ہوش سنبھالی ہے کبھی ایسی نعت، حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی نعتوں کے بعد، نہ سنی نہ کبھی دیکھی۔ اور میرا خیال ہے ہمیشہ کے لیے یہ نعت حضرت میر صاحبؓ کو ایک خراج تحسین پیش کرتی رہے گی۔‘‘

حضرت ڈاکٹر میر محمد اسماعیل صاحبؓ

بدَرگاہِ ذی شانِ خیرُالاَنامؐ
شَفیعُ الوَریٰ، مَرجَعِ خاص و عام
بَصَد عِجز و مِنَّت بَصَد اِحترام
یہ کرتا ہے عرض آپؐ کا اِک غُلام
کہ اے شاہِ کونَین عالی مُقام
عَلَیْکَ الصَّلوٰۃُ عَلَیْکَ السَّلَامْ

مسجد نبوی مدینہ منورہ

حَسینانِ عالَم ہوئے شرمگیں
جو دیکھا وہ حُسن اور وہ نُورِ جبیں
پھر اس پر وہ اَخلاق اکمل تریں
کہ دشمن بھی کہنے لگے آفریں
زَہے خُلقِ کامِل زَہے حُسنِ تام
عَلَیْکَ الصَّلوٰۃُ عَلَیْکَ السَّلَامْ

خَلائِق کے دِل تھے یقیں سے تہی
بُتوں نے تھی حَق کی جگہ گھیر لی
ضَلالت تھی دُنیا پہ وہ چھا رہی
کہ توحید ڈھونڈے سے ملتی نہ تھی
ہوا آپؐ کے دم سے اُس کا قیام
عَلَیْکَ الصَّلوٰۃُ عَلَیْکَ السَّلَامْ

مسجد نبوی مدینہ منورہ

مَحبت سے گھائِل کیا آپؐ نے
دلائِل سے قائِل کیا آپؐ نے
جَہالت کو زائِل کیا آپؐ نے
شریعت کو کامِل کیا آپؐ نے
بیاں کر دیئے سب حلال و حرام
عَلَیْکَ الصَّلوٰۃُ عَلَیْکَ السَّلَامْ

نبوت کے تھے جس قدر بھی کمال
وہ سب جمع ہیں آپؐ میں لامَحال
صِفاتِ جَمال اور صِفاتِ جَلال
ہر اِک رنگ ہے بس عَدیمُ المِثال
لیا ظُلم کا عَفْو سے اِنتِقام
عَلَیْکَ الصَّلوٰۃُ عَلَیْکَ السَّلَامْ

مُقَدَّس حَیات اور مُطَہَّر مَذاق
اِطاعَت میں یکتا، عِبادت میں طاق
سوارِ جہانگیرِ یکراں بُراق
کہ بگُزَشت اَز قَصرِ نیلی رَواق
محمدؐ ہی نام اور محمدؐ ہی کام
عَلَیْکَ الصَّلوٰۃُ عَلَیْکَ السَّلَامْ

عَلَمدارِ عُشّاقِ ذاتِ یگاں
سپہ دارِ افواجِ قُدُّوسیاںؓ
معارِف کا اِک قُلزُمِ بیکراں
اِفاضات میں زندۂ جاوداں
پلا ساقیا آبِ کوثر کا جام
عَلَیْکَ الصَّلوٰۃُ عَلَیْکَ السَّلَامْ

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *