Thursday, 19th November, 2026
»»
الفضل ڈائجسٹ مکرم سیّد مودود احمد صاحب الفضل ڈائجسٹ محترمہ سیّدہ فریدہ انور صاحبہ الفضل ڈائجسٹ مکرم ڈاکٹر مہدی علی بشیرالدین قمر صاحب خطبات جمعہ و عیدین خطبہ جمعہ سیدنا امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ 23؍اکتوبر 2026ء خطبات جمعہ و عیدین خطبہ جمعہ سیدنا امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ 16؍اکتوبر 2026ء دیگر جرائد خطبہ جمعہ سیدنا امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ 09؍اکتوبر 2026ء الفضل ڈائجسٹ مکرم سیّد مودود احمد صاحب الفضل ڈائجسٹ محترمہ سیّدہ فریدہ انور صاحبہ الفضل ڈائجسٹ مکرم ڈاکٹر مہدی علی بشیرالدین قمر صاحب خطبات جمعہ و عیدین خطبہ جمعہ سیدنا امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ 23؍اکتوبر 2026ء خطبات جمعہ و عیدین خطبہ جمعہ سیدنا امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ 16؍اکتوبر 2026ء دیگر جرائد خطبہ جمعہ سیدنا امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ 09؍اکتوبر 2026ء
««
ہفتہ، 2 / ربیع الاول، 1448ھ

مکرم سیّد مودود احمد صاحب

November 19, 2026 • 18 مناظر • الفضل ڈائجسٹ

(مطبوعہ الفضل ڈائجسٹ، الفضل انٹرنیشنل … نومبر2026ء)

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 24؍اپریل2014ء میں مکرمہ ش۔مودود صاحبہ اپنے شوہر مکرم سیّد مودود احمد صاحب ابن مکرم سیّد محمود احمد صاحب سابق درویش قادیان کا ذکرخیر کرتے ہوئے رقمطراز ہیں کہ مرحوم کے دادا نے احمدیت قبول کی تھی اور پھر شدید مخالفت میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔ اُن کا تعلق رتڑچھتڑ کے پیروں سے تھا اور وہ گدی نشین بھی تھے۔ پھر جلد ہی اُن کی اہلیہ نے بھی بیعت کرلی۔ اگرچہ باقی سارا خاندان شدید مخالف تھا لیکن اُن کے چھوٹے بھائی کی ایک بیٹی سیّدہ رشیدہ صاحبہ اپنے چچا سے اتنی متاثر تھیں کہ انہوں نے کتب کا مطالعہ کیا اور پھر خاموشی سے بیعت کرلی۔ کچھ عرصے بعد اُن کے گھر والوں کو جب اپنی بیٹی کی بیعت کا علم ہوا تو بہت تکلیفیں دیں۔ حتّٰی کہ اُس کے ایک بھائی ارشد شاہ نے اپنی بہن کے گلے میں کپڑا ڈالا اور گلا دباکر اُسے مارنا بھی چاہا۔ خدا تعالیٰ نے بہن کی جان تو بچالی لیکن اسی بھائی نے اپنی شادی سے چند دن قبل اپنے گلے میں پھندا ڈال کر خودکُشی کرلی۔
مکرم سیّد محمود احمد صاحب ابھی چودہ برس کے تھے کہ اُن کے والد وفات پاگئے۔ اُن کی والدہ بیوہ اور تین بہنیں بھی یتیم ہوگئیں۔ جلد ہی اُن کی والدہ نے اپنے شوہر کی اُسی بھتیجی کو اپنی بہو بنالیا جو ایک عرصے سے احمدی ہونے کی بِنا پر مخالفت کا مقابلہ استقامت سے کرتی چلی آرہی تھی۔ اللہ تعالیٰ نے اس جوڑے کو دو بیٹے عطا فرمائے۔ بڑے بیٹے سیّد ودود احمد ساجد صاحب اور چھوٹے میرے شوہر سیّد مودود احمد صاحب تھے۔
میرے سُسر محترم سیّد محمود احمد صاحب لمبا عرصہ اپنی جماعت موسیٰ والا (ڈسکہ) کے صدر رہے۔ دونوں میاں بیوی نے لاتعداد بچوں اور بچیوں کو قرآن کریم پڑھایا۔ دونوں انتہائی شفیق تھے۔ انہوں نے اپنے دونوں بیٹوں کی بہت عمدہ تربیت کی۔ میری ساس کو اُن کی رخصتی کے وقت کہا گیا تھا کہ تمہارا تو جنازہ بھی کوئی نہیں پڑھے گا۔ خداتعالیٰ نے ایسا فضل کیا کہ اُن کی وفات جلسہ سالانہ 1978ء کے دوران ربوہ میں ہوئی اور ہزاروں احمدی بھائی اُن کے جنازے میں شامل ہوئے۔ جبکہ وہ غیراحمدی عزیز جو مخالفت میں پیش پیش تھے اُن کا انجام انتہائی تکلیف دہ ہوا۔
سیّد محمود احمد صاحب نے قادیان میں درویشی کا آغاز کیا تو اُن کی اہلیہ سیّدہ رشیدہ صاحبہ اپنے دو ننھے بچوں کے ہمراہ لاہور آگئیں اور رتن باغ میں قیام کیا۔ اُن کے والد سیّد حسن علی شاہ صاحب کو علم ہوا تو اپنی بیٹی کو ساتھ لے جانے کے لیے وہ رتن باغ آئے۔ جب یہاں اُن کو لنگرخانے سے کھانا منگواکر پیش کیا گیا تو اُن کی آنکھوں میں آنسو آگئے اور وہ اپنی بیٹی سے کہنے لگے کہ مَیں باپ ہوکر بھی تمہیں ایسا کھانا نہیں کھلاسکتا جو تمہارا یہ باپ تمہیں دے رہا ہے۔ لہٰذا تم یہیں رہو۔
رتن باغ میں میری ساس قریباً ڈیڑھ سال مقیم رہیں۔ پھر میرے سُسر قادیان سے آگئے اور اپنی فیملی کے ہمراہ موسیٰ والا میں سکونت اختیار کرلی۔ ان کے بڑے بیٹے اور میرے شوہر کے بڑے بھائی ڈاکٹر سیّد ودود احمد صاحب جوانی میں ہی تین بیٹے اور ایک بیٹی چھوڑ کر وفات پاگئے۔
میرے شوہر سیّد مودود احمد صاحب بچپن سے ہی نڈر اور جماعت و خلافت کے فدائی تھے۔ چھوٹی عمر سے ہی اکثر سچے خواب دیکھتے۔ بڑے ہوئے تو صوم و صلوٰۃ کے پابند، تہجدگذار اور پُرجوش داعی الی اللہ بنے۔ اس راہ میں کبھی اپنی جان کی بھی پرواہ نہیں کی۔ خدمت خلق بھی خوب کرتے اور لوگوں کی دعائیں لیتے۔ لاہور اور کراچی میں ہمیں کئی بیعتیں کرانے کی سعادت بھی ملی۔
میرے والد محترم سیّد احمد علی شاہ صاحب (نائب ناظر اصلاح و ارشاد ربوہ) جب مناظروں کے لیے جاتے تو اکثر میرے شوہر بھی اُن کے ہمراہ جاتے اور شرائط مناظرہ آپ ہی طے کرتے۔ آپ کو آنحضرت ﷺ سے عشق تھا۔ جب بھی آنحضور ﷺ کا اسم گرامی زبان پر آتا تو آواز بھرّاجاتی اور آنکھوں میں آنسو آجاتے۔ اس بےساختہ پیار کو دیکھ کر غیرازجماعت بہت متاثر ہوتے۔
1976ء میں نماز عید کے موقع پر شرپسندوں نے ہماری عیدگاہ پر اچانک حملہ کرکے دو احمدیوں کو شہید اور بہت سے افراد کو شدید زخمی کردیا۔ میرے شوہر کی کمر پر لاتعداد ڈنڈے برسائے گئے جس سے ریڑھ کی ہڈی بُری طرح متأثر ہوئی۔ لیکن آپ پھر بھی کوشش کرکے زخمیوں کو سنبھالتے رہے۔ ہم عورتیں گھر میں محصور تھیں اور مرد عیدگاہ میں تڑپ رہے تھے۔ ایسے میں خاکسار بمشکل اپنی ساس صاحبہ سے اجازت لے کر سر پر چادر لپیٹ کر فصلوں میں چھپتی چھپاتی قریبی جماعت بھروکے کلاں پہنچی اور وہاں کے صدر جماعت مکرم نواب دین صاحب کو حالات بتائے۔ پھر ڈسکہ کی جماعت کو بھی اطلاع ہوئی تو پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ اُس وقت زخمیوں کو چارپائیوں پر ڈسکہ ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا۔ میرے والد اُس وقت گوجرانوالہ میں مربی تھے۔ پھر ظلم یہ ہوا کہ ہمارے تمام احمدی مردوں کو ڈسکہ حوالات میں بند کردیا گیا۔ میرے سُسر میرے چھوٹے سے بیٹے کو ساتھ لے کر قریبی گاؤں عید پڑھانے گئے ہوئے تھے۔ وہ واپس آئے تو پولیس نے اُن کو بھی دھرلیا۔ جب لوگوں نے پولیس والوں کو لعن طعن کی تو میرے بیٹے کو حوالات سے نکال دیا۔ باقی اسیران سیالکوٹ جیل میں منتقل کردیے گئے۔ حضرت خلیفۃالمسیح الثالثؒ نے اس بہیمانہ ظلم کا ذکر اپنے خطبہ جمعہ میں کیا اور بی بی سی نے بھی اپنی خبروں میں رپورٹ نشر کی۔
سیالکوٹ جیل میں مقامی جماعت نے اسیران کے کھانے اور دیگر ضروریات کا بہت عمدہ خیال رکھا۔ اسیران باجماعت نماز تہجد اور دیگر نمازیں ادا کرتے اور قرآن کریم کی تلاوت بھی کرتے اور دوسرے قیدیوں کو تبلیغ بھی خوب کرتے۔ جب جیل سے رہائی ملی تو حضورؒ کے ارشاد کے مطابق سب کو پہلے ربوہ لے جایا گیا جہاں حضورؒ نے شرف ملاقات بخشا۔
تب موسیٰ والا کی احمدیہ مسجد سیل کردی گئی جو کہ اب بھی اُسی طرح ہے۔ میرے سُسر کیس کے سلسلے میں اکثر سفر میں رہتے۔ اسی دوران وہ ربوہ گئے ہوئے تھے کہ ہارٹ اٹیک کے نتیجے میں وفات پاگئے۔ جبکہ میرے شوہر کی ریڑھ کی ہڈی کی چوٹیں مسلسل بگڑتی رہیں اور آخر نچلا دھڑ بےحِس ہوگیا۔ کسی علاج سے فائدہ نہیں ہورہا تھا۔ پھر ملازمت بھی ختم ہوگئی اور مختصر سی پنشن پر گزارہ ہورہا تھا۔ لیکن آپ پھر بھی خلیفۂ وقت کی طرف سے ہونے والی ہر مالی تحریک پر لبّیک کہتے اور اپنی جماعت میں سب سے پہلے رسید کٹواتے۔ ویسے بھی موصی تھے۔ الغرض جماعت کی خدمت کا کوئی موقع نہ گنواتے۔
جب ہم لاہور منتقل ہوئے تو کافی عرصہ اپنے علاقے کی ویلفیئر سوسائٹی کے صدر رہے۔ بہت فلاحی کام کروائے۔ سڑک، سوئی گیس، ٹیوب ویل، ٹرانسفارمر لگوایا اور ایک گرلز سکول تیار کرواکے حکومت کو دیا۔ غیرازجماعت افراد کی مدد کرکے اُن کے لیے مسجد تعمیر کروائی اور اُن کے کہنے پر اُن کی مسجد کا نام بھی رکھا یعنی مسجد دارالسلام۔ سارا علاقہ جانتا تھا کہ آپ احمدی ہیں۔ اگرچہ مخالفت بھی ہوتی تھی لیکن وہاں شرفاء زیادہ تعداد میں تھے۔ آپ کو اکثر خاندانی جھگڑوں کو نمٹانے کے لیے بھی بلایا جاتا تھا۔
جب 28؍مئی 2010ء کا سانحہ ہوا تو شہداءکے تابوت دیکھ کر آپ بلک بلک کر روتے رہے۔ اُن دنوں خاکسار دارالذکر میں دفتر لجنہ کی سیکرٹری تھی۔ روزانہ آپ مجھے اپنے ہمراہ دارالذکر لے کر جاتے اور سات آٹھ گھنٹے جو مَیں وہاں ٹھہرتی تو اس دوران آپ دارالذکر کی سیکیورٹی کی ڈیوٹی دیتے، خدام کو ٹریننگ بھی دیتے۔
1976ء میں شرپسندوں کے عیدگاہ پر حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے کے بعد سے آپ کی کمر کی تکلیف بھی مسلسل بڑھتی ہی جارہی تھی۔ علاج بھی کروارہے تھے اور دعائیں بھی جاری تھیں۔ اسی اثناء میں کسی نے ہڈیوں کے ایک ماہر کا بتایا جو ہمارے گھر کے قریب ہی کلینک کرتا تھا لیکن آپ یہ نہیں جانتے تھے کہ وہ احمدیت کا شدید معاند ہے۔ اُس نے آپ کو تعصّب کی وجہ سے ایسی ادویات دیں جنہوں نے آپ کے معدے اور جگر کو تیزی سے ختم کردیا۔ لیکن اُس نے دھوکا دینے کے لیے دوا دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ دوائی کے استعمال سے ابتدائی طور پر آپ کو شدید تکلیف ہوگی اور پھر آہستہ آہستہ آرام آجائے گا اس لیے ناغہ نہیں کرنا۔ چنانچہ شدید تکلیف کے باوجود آپ اُس کی دوا استعمال کرتے رہے۔ اُس بدبخت کی دشمنی کا اندازہ تب ہوا جب ایک روز اچانک آپ کو خون کی اُلٹی آئی اور پھر ناک اور منہ سے خون جاری ہوگیا۔ چنانچہ 4؍اگست2012ء کو آپ کی وفات ہوگئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *