Sunday, 29th November, 2026
»»
خطابات اختتامی خطاب حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز برموقع جلسہ سالانہ برطانیہ فرمودہ 26؍ جولائی 2026ء خطبات جمعہ و عیدین خطبہ جمعہ سیدنا امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ 13؍نومبر 2026ء خطبات جمعہ و عیدین خطبہ جمعہ سیدنا امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ 06؍نومبر 2026ء خطبات جمعہ و عیدین خطبہ جمعہ سیدنا امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ 30؍اکتوبر 2026ء الفضل ڈائجسٹ حضرت حافظ روشن علی صاحبؓ الفضل ڈائجسٹ مکرم سیّد مودود احمد صاحب خطابات اختتامی خطاب حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز برموقع جلسہ سالانہ برطانیہ فرمودہ 26؍ جولائی 2026ء خطبات جمعہ و عیدین خطبہ جمعہ سیدنا امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ 13؍نومبر 2026ء خطبات جمعہ و عیدین خطبہ جمعہ سیدنا امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ 06؍نومبر 2026ء خطبات جمعہ و عیدین خطبہ جمعہ سیدنا امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ 30؍اکتوبر 2026ء الفضل ڈائجسٹ حضرت حافظ روشن علی صاحبؓ الفضل ڈائجسٹ مکرم سیّد مودود احمد صاحب
««
ہفتہ، 2 / ربیع الاول، 1448ھ

اختتامی خطاب حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز برموقع جلسہ سالانہ برطانیہ فرمودہ 26؍ جولائی 2026ء

November 29, 2026 • 4 مناظر • خطابات

(نوٹ: سیدنا حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے پرمعارف خطبات و خطابات قرآن کریم، احادیث مبارکہ اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ارشادات کی لطیف تفسیر ہیں – چنانچہ دوستوں کی خواہش پر ویب سائٹ ’’خادم مسرور‘‘ میں حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ کے ارشاد فرمودہ تمام خطبات جمعہ اور خطابات upload کئے جارہے ہیں تاکہ تقاریر اور مضامین کی تیاری کے سلسلہ میں زیادہ سے زیادہ مواد ایک ہی جگہ پر باآسانی دستیاب ہوسکے)

آپؑ نے اللہ تعالیٰ سے حکم پا کر ایک پاک جماعت کا قیام فرمایا اور بعض شرائط پر جن کی تعداد دس ہے اپنے ماننے والوں سے بیعت لی۔
یہی بیعت کے الفاظ ہم ہمیشہ ہر سال اور جب بھی بیعت کرنی ہویا جماعت میں داخل ہونا ہو، دہراتے ہیں

درود شریف کی طرف بھی بہت توجہ دینے کی ضرورت ہے اور جب ہم یہ کریں گے تب ہی ہم اپنا حقِ بیعت بھی ادا کرنے والے ہوں گے

توبہ اور استغفار کی طرف بھی بہت توجہ کی ضرورت ہے

بہت سارے لوگ اپنے مسائل کے حل کے لیے پوچھتے ہیں تو مَیں ان کو یہی جواب دیتا ہوں کہ استغفار کی طرف بہت زیادہ توجہ دو

امام الزمان حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے پُر معارف ارشادات کی روشنی میں شرائط بیعت اور احمدیوں کی ذمہ داریوں کا بیان

بروز اتوار بمقام حدیقۃ المہدی (جلسہ گاہ) آلٹن ہمپشئر۔ یوکے

أَشْھَدُ أَنْ لَّا إِلٰہَ اِلَّا اللہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِیکَ لَہٗ وَأَشْھَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُہٗ وَ رَسُوْلُہٗ
أَمَّا بَعْدُ فَأَعُوْذُ بِاللہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ- بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلْحَمْدُلِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ۔ اَلرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ۔ مٰلِکِ یَوْمِ الدِّیْنِ اِیَّاکَ نَعْبُدُ وَ اِیَّاکَ نَسْتَعِیْنُ۔
اِھْدِناَ الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِیْمَ۔ صِرَاطَ الَّذِیْنَ اَنْعَمْتَ عَلَیْھِمْ غَیْرِالْمَغْضُوْبِ عَلَیْھِمْ وَلَاالضَّآلِّیْنَ۔

اللہ تعالیٰ نے ہم پر احسان کرتے ہوئے ہمیں اس زمانے میں پیدا کیا ہے جب آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے غلام ِصادق کو اسلام کی تعلیم دنیا میں پھیلانے کے لیے بھیجا اور اسلام کی نشأة ثانیہ کے لیے مبعوث فرمایا۔

آپؑ کو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف سے دی ہوئی تعلیم کے مطابق دنیا میں خدائے واحد کی حکومت قائم کرنے کےلیے، شرک کے خاتمے کے لیے، روحانی اور اخلاقی اقدار پیدا کرنے کے لیے، وفا اور خلوص کی تعلیم دینے کے لیے اور وہ اقدار پیدا کرنے کے لیے جو کامل طور پر وفا، اخلاص اور اطاعت کا جذبہ اپنے اندر رکھیں، مبعوث فرمایا۔ اس آنے والے مسیح و مہدیؑ نے اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ بھرپور کوشش کرنی تھی اور ایک ایسی جماعت تیار کرنی تھی جو کامل موحد ہو اور شرک کے خاتمے کے لیے ہر فرد جماعت جہاں اپنے آپ کو شرک سے مکمل طور پر پاک کرے وہاں دنیا کو بھی خدائے واحد کی آغوش میں لانے کے لیے اپنی تمام تر استعدادیں اور صلاحیتیں استعمال کرے۔

اسی طرح جیسا کہ میں نے کہا تمام قسم کی اخلاقی برائیوں سے دنیا کو پاک کرنے کے لیے بھیجا اور یہی آپؑ کے ماننے والوں کا کام تھا تاکہ دنیا روحانی اور اخلاقی اقدار سے اپنی بقا کے سامان پیدا کر سکے۔

پس اس کے لیے آپؑ نے اللہ تعالیٰ سے حکم پا کر ایک پاک جماعت کا قیام فرمایا اور بعض شرائط پر جن کی تعداد دس ہے اپنے ماننے والوں سے بیعت لی۔ یہی بیعت کے الفاظ ہم ہمیشہ ہر سال اور جب بھی بیعت کرنی ہویا جماعت میں داخل ہونا ہو، دہراتے ہیں۔

آپؑ نےجو بیعت لی وہ ان باتوں پر لی کہ ہمیشہ یہ سچے دل سے عہد کرتا ہوں کہ جب تک میں قبر میں داخل نہ ہو جاؤں شرک کے قریب بھی نہیںجاؤں گا ۔اور پھر یہ کہ جھوٹ نہیں بولوں گا۔ زنا نہیں کروں گا۔ بد نظری نہیں کروں گا۔ فسق و فجور، ظلم، خیانت، فساد اور بغاوت کے طریقوں سے بچتا رہوں گا۔ نفسانی جوشوں کے وقت ان کا مغلوب نہیں ہوں گا چاہے جو مرضی حالات پیدا ہو جائیں۔ یہ روحانی اور اخلاقی اصلاح کے لیے بہت ضروری باتیں ہیں۔ پھریہ کہ روحانیت میں ترقی کرنے کے لیے بلاناغہ پنج وقت نمازیں اللہ اور رسولؐ کے حکم کے مطابق ادا کروں گا۔ پھر یہ بھی کہ صرف فرض نمازیں نہیں بلکہ نماز تہجد بھی پڑھنے کی کوشش کروں گا۔ اسی طرح نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھی بھیجوں گا۔ روزانہ اپنے گناہوں کی معافی بھی مانگوں گا۔ اللہ تعالیٰ کے احسانوں کو بھی دلی محبت سے یاد کروں گا اور اس کی حمد بھی ہمیشہ کرتا رہوں گا۔ یہ باتیں ایسی ہیں جو انسان کی روحانی حالت کو اوپر لے جانے کے لیے بہت ضروری ہیں۔اسی طرح یہ کہ اللہ تعالیٰ کی مخلوق کو عموماً اور مسلمانوں کو خصوصاً ہر قسم کے نفسانی جوشوں سے کسی قسم کی تکلیف نہیں پہنچاؤں گا۔ نہ زبان سے نہ ہاتھ سے نہ کسی اَور طرح سے۔ یہ ایک ایسی بات ہے جو مسلمانوں میں خاص طور پر پیدا کرنے کی ضرورت ہے اور خاص طور پر آج کل کے حالات میں۔اسی طرح ہر حال میں اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا ذکر کرتا رہوں گا اور وفاداری کے ساتھ اللہ تعالیٰ سے تعلق رکھوں گا۔ اللہ تعالیٰ کے جو فیصلے ہوں گے ان کو خوشی سے قبول کروں گا۔ اللہ تعالیٰ کی راہ میں کسی بھی قسم کی تکلیف اور ذلّت برداشت کرنی پڑے تو کروں گا۔ ہوا و حوس سے باز رہوں گا۔ دنیا کی تمام بدرسومات سے باز رہوں گا۔ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسولؐ کی باتوں کو ان سب باتوں پر حاوی رکھوں گا۔ تکبر سے بچوں گا۔عاجزی اختیار کروں گا۔ خوش خلقی اختیار کروں گا۔ حلیمی اور مسکینی سے رہوں گا ۔اور دین کی عزّت اور ہمدردیٔ اسلام کو اپنی جان، مال اپنی عزت اور اپنی اولادہر چیز سے زیادہ عزیز سمجھوں گا۔ اللہ تعالیٰ کی مخلوق کی ہمدردی میں اللہ تعالیٰ کی خاطر ہمیشہ کوشش کرتا رہوں گا اور اپنی تمام تر طاقتوں اور استعدادوں سے بنی نوع انسان کو فائدہ پہنچانے کے لیے کوشش کروں گا۔

پھر آگے دوبارہ بھی آپؑ نے یہاں اس بات کو زور دے کر فرمایا کہ اسی طرح یہ کہ اطاعت کے جذبے کے ساتھ ہمیشہ اپنی جان، مال اور وقت قربان کرنے کے لیے تیار رہوں گا۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام جو بھی فیصلہ کریں گے اس کو دل سے مانوں گا ۔یعنی کہ جب آپؑ کی بیعت کی ہے تو آپ علیہ السلام کے فیصلوں کو بھی دل سے مانوں گا۔ یہاں خلافت کی بھی کامل اطاعت ہے کیونکہ خلافت بھی حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کے کام کو ہی اللہ تعالیٰ کے وعدوں کے مطابق آگے چلانے کے لیے ہے۔ گویا ان شرائط میں جن کے نمبر تو میں نے نہیں لیے لیکن مختصر بیان کر دیا ہے ان میں یہ تمام باتیں آپؑ نے بیان فرما دیں کہ اگر یہ ہو گا تو حقیقت میں تم صحیح احمدی کہلانے کے موجب بن سکو گے اور تبھی تم اپنی بیعت کا حق بھی ادا کر سکو گے۔ (ماخوذ از مجموعہ اشتہارات جلد اول صفحہ 206-207)

پس آج اس وقت میں اس حوالے سے کچھ بیان کروں گا۔ گو کہ شرائط بیعت کے بارے میں مَیں پہلے بھی خطبات دے چکا ہوں اور کافی خطبات اور تقریروں میں بھی بیان کر چکا ہوں اور اس حوالے سے احادیث اور قرآن کے بعض حوالے بھی پیش کر چکا ہوں جو کتابی صورت میں چھپ بھی چکے ہیں لیکن اس پر عمل کرنے کی بہت ضرورت ہے۔ اس لیے دوبارہ اس کی ضرورت ہے کہ مَیں بیان کروں۔

میری کوشش ہوگی کہ وہ حوالے دوبارہ بیان نہ ہوں جو پہلے ہو چکے ہیں بلکہ نئی باتیں یا نئے حوالے ہوں اور نئی احادیث پیش کروں تاکہ ہمارے علم میں مزید وسعت پیدا ہو اور ہم اس پر عمل کرنے کی کوشش کریں اور اس میں بھی مَیں تمام پہلو تو نہیں لوں گا ۔سب سے بڑا پہلو جو پہلی شرط ہے اس کو ہی زیادہ بیان کروں گا۔ بہرحال باتیں تو بہت ساری مَیں نے کی ہیں لیکن وقت کی وجہ سے جیسا کہ مَیں نے کہا اس وقت ان کی تفصیل بیان نہیں ہو سکتی۔ ان کے چند پہلو بیان کروں گا۔

سب سے پہلی بات یہ ہے کہ آپؑ نے جو پہلی شرط رکھی وہ یہ تھی کہ میں شرک سے اجتناب کروں گا اور مرتے دم تک کبھی شرک نہیں کروں گا۔ یہ ایسی شرط ہے کہ اگر انسان اس پر صحیح عمل کرے تو بہت سی برائیوں سے بچ سکتا ہے۔

اس بارے میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام ایک جگہ فرماتے ہیں:’’ہر ایک نبی کی اصل غرض اور مقصد یہ رہا ہے کہ لوگ گناہوں سے نجات پا کر اور ہر قسم کی بدیوں اور بدکاریوں سے بکلّی نفرت کر کے خدا ہی کے لیے ہو جاویں۔ انسانی پیدائش کی اصل غرض اور مقصد بھی یہی ہے کہ وہ خدا ہی کے لیے ہوجائے۔ اس لیے انبیاء علیہم السلام کی بعثت کی غرض اسی مقصد کی طرف انسان کی رہبری کرنا ہوتا ہے تاکہ وہ اپنی گم گشتہ متاع اور مقصد کو پھر حاصل کر لے۔ گناہ اگرچہ بہت ہیں اور ان کے بہت سے شعبے اور شاخیں ہیں یہاں تک کہ ہر ادنیٰ قسم کی غفلت بھی گناہ میں داخل ہے لیکن عظیم الشان گناہ جو اس مقصدِعظیم کے بالمقابل انسان کو اصل مقصد سے ہٹا نے کے لیے پڑا ہوا ہے وہ شرک ہے۔‘‘

پس شرک ایک بہت بڑا گناہ ہے۔’’ انسان کی پیدائش کی اصل غرض اور مقصد یہ ہے کہ وہ خدا ہی کے لیے ہو جائے اور گناہ اور اس کے محرکات سے بہت دور رہے۔ اس لیے کہ جُوں جُوں بدقسمت انسان اس میں مبتلا ہوتا ہے اسی قدر اپنے اصلی مدعا سے دور ہوتا جاتا ہے یہاں تک کہ آخر گرتے گرتے ایسی سفلی جگہ پر جا پڑتا ہے جو مصائب اور مشکلات اور ہر قسم کی تکلیفوں اور دکھوں کا گھر ہے جس کو جہنم بھی کہتے ہیں۔‘‘ (ملفوظات جلد 2صفحہ 418-419، ایڈیشن 2022ء)

پس گناہوں میں پڑ کر انسان اس دنیا میں اگر نہیں تو اگلے جہان میں اللہ تعالیٰ کی سزا کا مورد بنتا ہے۔ اس لیے آپؑ نے فرمایا کہ شرک سے بچو کیونکہ شرک بہت بڑا گناہ ہے اور قرآن کریم میں بھی اللہ تعالیٰ نے بہت جگہ شرک سےبچنے کی تلقین فرمائی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ شرک کرنا ایک ظلمِ عظیم ہے۔(لقمان:14) اسی کی وضاحت حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام نے فرمائی ہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم جب بیعت لیا کرتے تھے تو اس میں شرک کے پہلو کو آپؑ خاص طور پر سامنے رکھا کرتے تھے۔

مثلاً ایک روایت میں آتا ہے کہ جب آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے بیعتِ عقبہ لی تو اس وقت اس میں جو لوگ شامل تھے وہ کہتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے خاص طور پر اس بات پر زور دیا کہ ہمیشہ شرک سے بچے رہو ۔چنانچہ ابو ادریس عائذ اللہ نے بیان کیا کہ حضرت عبادہ بن صامتؓ ان لوگوں میں سے تھے جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ بدر میں شریک ہوئے تھے اور وہ عقبہ کی رات آپؐ کے صحابہؓ میں سے تھے۔ انہوں نے انہیں اس وقت جب آپؐ کے گرد بہت سے صحابہ ؓکی جماعت تھی بتایا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ آؤ تم میری بیعت کرو۔ اس بات پر کہ تم اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہیں ٹھہراؤ گے اور نہ تم چوری کرو گے۔ نہ زنا کرو گے۔ نہ اپنے بچوں کو قتل کرو گے اور نہ تم کسی بہتان کا ارتکاب کرو گے یعنی کسی پر الزام تراشی نہیں کرو گے جس کو تم اپنی طرف سے گھڑتے ہو۔ اور معروف باتوں میں میری نافرمانی نہ کرو گے۔

آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی معروف باتیں تو وہی تھیں کیونکہ آپؐ شریعت لائے تھے۔ آپؐ کی ہر بات ہی معروف تھی لیکن پھر بھی آپؐ نے احتیاط کی ہے۔ اس لیے بعض لوگ جو اعتراض کرتے ہیں کہ معروف کا حکم ہے تو ہر وہ بات معروف ہے جو قرآن اور شریعت کے مطابق ہے اور یہی حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام نے اپنی بیعت لینے والوں سے فرمایا اور یہی آگے خلافت، جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی خلافت ہے وہ اس بات پر بیعت لیتی ہے کہ معروف باتیں اور معروف باتیں وہی ہیں جو خدا اور رسولؐ کے حکم کے مطابق ہیں۔ آپؐ فرماتے ہیں سو جس نے تم میں سے اپناعہد پورا کیا آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تو اس کا اجر اللہ کے ذمے ہے ۔اور جس نے اس میں کسی چیز کا ارتکاب کیا اور اسے اسی دنیا میں اس کی سزا دی گئی تو وہ اس کے لیے بطور کفارہ ہے۔ اور جس نے اس میں سے کسی چیز کا ارتکاب کیا پھر اللہ نے اس کی پردہ پوشی کی یعنی دنیا میں اس کو سزا نہیں ملی تو اس کا معاملہ اللہ کے ساتھ ہے۔ اگر چاہے تو مرنے کے بعد سزا دےاور اگر چاہے تو اسے درگزر کرے۔ وہ کہتے ہیں چنانچہ مَیں نے اس بات پر آپؐ سے بیعت کی۔ (صحیح البخاری کتاب الایمان باب 11 حدیث 18)

پس بڑے واضح طور پر آپؐ نے اس بیعت کے الفاظ میں وہ تمام باتیں فرما دیں جن کی روشنی میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے باتیں فرمائی ہیں، جن کی روشنی میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام نے بھی ہم سے بیعت لی ہے اور یہ کہ شرک بھی نہیں کرنا، غلط باتیں بھی نہیں کرنی، اطاعت کا بھی پورا نمونہ دکھانا ہے، کسی جرم کا ارتکاب نہیں کرنا کیونکہ اگر ہم یہ کریں گے۔ تو پھر آپؑ نے فرمایا کہ اگر اللہ تعالیٰ تمہیں اس دنیا میں اس کی سزا دے دے تو تم اگلے جہان میں بچ جاؤ گے لیکن اگر اس دنیا میں سزا نہیں ملتی تو پھر اگلے جہان میں اللہ تعالیٰ کی مرضی ہے سزا دے یا بخش دے۔ بہرحال وہ بہتر جانتا ہے اور جس کا انسان کو علم نہیں۔ اس سے بچنے کے لیے پھر بہت استغفار کی ضرورت ہے۔ اس لیے

ہمیشہ اس بات کی کوشش کرنی چاہیے کہ ہم کوئی ایسی حرکت نہ کریں جو ہمیں اپنے عہدِ بیعت سے ہٹانے والی ہو۔ ہم نے ایک عہد کیا ہے اس کو بہرحال پورا کرنا ہے اور اگر نہیں کریں گے تو پھر اللہ تعالیٰ سزا بھی دے گا اور دے سکتا ہے۔

اسی طرح ایک حدیث میں آتا ہے ۔حضرت زید بن خالدؓ نے بیان کیا کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نکلے۔ حدیبیہ کا سال تھا ۔ایک رات ہم پر بارش ہوئی ۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں صبح کی نماز پڑھائی۔ پھر آپؐ ہماری طرف متوجہ ہوئے اور فرمایا کہ تم جانتے ہو کہ تمہارے ربّ نے کیا فرمایا؟ نماز میں اس وقت میری اللہ تعالیٰ سے جو باتیں ہوئیں۔ ہم نے کہا :اللہ اور اس کا رسولؐ بہتر جانتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ میرے بندوں نے صبح کی، کچھ مجھ پر ایمان لانے والے تھے اور کچھ میرا انکار کرنے والے تھے۔ اب دیکھیں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے نماز پڑھ رہے ہیں لیکن اس کے باوجود اللہ تعالیٰ آپؐ کو فرماتا ہے کہ ان میں سے بھی کچھ مجھ پر ایمان لانے والے تھے اور کچھ انکار کرنے والے تھے۔ پھر فرمایا کہ جہاں تک ان کا تعلق ہے جنہوں نے کہا کہ اللہ کی رحمت کے ساتھ اور اللہ کی عطاءکے ساتھ اور اللہ کے فضل کے ساتھ ہم پر بارش ہوئی تو وہ مجھ پر ایمان لانے والے ہیں اور ستاروں کے منکر ہیں۔ اور جس نے کہا کہ فلاں ستارے کی وجہ سے ہم پر بارش ہوئی ہے تو وہ ستارے پر ایمان لانے والا اور میرا انکار کرنے والا ہے۔یعنی اللہ تعالیٰ کا انکار کرنے والا ہے۔ (صحیح البخاری کتاب المغازی باب غزوۃ الحدیبیۃ حدیث 4147)

بڑی باریکی سے آپؐ نے شرک کی نفی کی تعلیم دی اور چونکہ اس زمانے میں کچھ لوگ نئے نئے ایمان لائے تھے اس لیے بعض جو تھے ان پر پرانی روایات کا بھی اثر تھا یا اپنے روایتی مذہب کا اثر تھا اس لیے شرک کی طرف بھی بعض کی توجہ ہو جاتی تھی چاہے وہ خفی شرک ہو اور وہ سمجھتے تھے کہ تاروں کے بارے میں اگر ہم نے کہہ دیا تو یہ کوئی ایسی بات نہیں ۔لیکن آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ نہیں! یہ اللہ تعالیٰ کا شرک ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ تم یہ کبھی نہ کہو جب یہ دیکھو کہ اللہ تعالیٰ کے فضل ہو رہے ہیں، بارش ہو یا اللہ تعالیٰ کا کوئی اَور فضل ہو تو ہمیشہ اس کو اللہ تعالیٰ کی طرف منسوب کیا کرو۔ اسی میں تمہاری بچت ہے اور ایک شخص کے موحّد ہونے کا یہی حقیقی معیار ہے کہ کسی بھی صورت میں کبھی ایسی بات نہیں کرنی چاہیے جس سےشرک کا ہلکا سا شائبہ بھی نظر آتا ہو۔

آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی اپنی حالت کیا تھی۔اللہ تعالیٰ نے قرآن شریف میں آپؐ سے کہلوایا کہ قُلۡ اِنَّمَاۤ اَنَا بَشَرٌ مِّثۡلُکُمۡ یُوۡحٰۤی اِلَیَّ اَنَّمَاۤ اِلٰـہُکُمۡ اِلٰہٌ وَّاحِدٌ ۚ فَمَنۡ کَانَ یَرۡجُوۡا لِقَآءَ رَبِّہٖ فَلۡیَعۡمَلۡ عَمَلًا صَالِحًا وَّلَا یُشۡرِکۡ بِعِبَادَۃِ رَبِّہٖۤ اَحَدًا۔(الکہف:111) یعنی کہہ دے کہ مَیں تو محض تمہاری طرح ایک بشر ہوں۔ میری طرف وحی کی جاتی ہے کہ تمہارا معبود بس ایک ہی معبود ہے۔ پس جو کوئی اپنے ربّ کی لقاء چاہتا ہے وہ بھی نیک عمل بجا لائے اور اپنے ربّ کی عبادت میں کسی کو شریک نہ کرے۔

پس یہ اصل بات ہے۔اصل میں تو ہمارے لیے ہے کہ شرک سے مکمل پرہیز کریں۔ آپؐ تو پرہیز کرنے والے تھے ہی اور لوگوں کو بتایا کہ مَیں جب ایسا ہوں تو پھر تمہیں بھی ایسا ہونا چاہیے اور اس اسوہ پر ہمیں چلنا چاہیے جو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا اسوہ ہے اور یہی ہمیں تلقین ہے۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام نے شرک کے حوالے سے اس آیت کی روشنی میں جو بیان فرمایا ہے یہ ہے۔ وہ فرماتے ہیں کہ ’’وہ ‘‘یعنی اللہ تعالیٰ’’ قرآن شریف میں اس تعلیم کو پیش کرتا ہے جس کے ذریعہ سے اور جس پر عمل کرنے سے اسی دنیا میں دیدارِ الٰہی میسّر آ سکتا ہے جیسا کہ فرمایامَنْ كَانَ يَرْجُوْا لِقَاءَ رَبِّہٖ فَلْيَعْمَلْ عَمَلًا صَالِحًا وَّلَا يُشْرِكْ بِعِبَادَۃِ رَبِّہٖٓ اَحَدًا۔(الکہف:111) یعنی جو شخص چاہتا ہے کہ اسی دنیا میں اس خدا کا دیدار نصیب ہو جائے جو حقیقی خدا اور پیدا کنندہ ہے۔ پس چاہیے کہ وہ ایسے نیک عمل کرے جن میں کسی قسم کا فساد نہ ہو ۔یعنی عمل اس کے نہ لوگوں کے دکھلانے کے لئے ہوں نہ ان کی وجہ سے دل میں تکبر پیدا ہو کہ مَیں ایسا ہوں اور ایسا ہوں اور نہ وہ عمل ناقص اور ناتمام ہوں اور نہ ان میں کوئی ایسی بدبو ہو جو محبتِ ذاتی کے برخلاف ہو بلکہ چاہیے کہ صدق اور وفاداری سے بھرے ہوئے ہوں۔ اور ساتھ اس کے یہ بھی چاہیے کہ ہر ایک قسم کے شرک سے پرہیز ہو۔نہ سورج نہ چاند نہ آسمان کے ستارے نہ ہوا نہ آ گ نہ پانی نہ کوئی اَور زمین کی چیز معبود ٹھہرائی جائے اور نہ دنیا کے اسباب کو ایسی عزّت دی جائے اورایسا اُن پر بھروسہ کیا جائے کہ گویا وہ خدا کے شریک ہیں اور نہ اپنی ہمت اور کوشش کو کچھ چیز سمجھا جائے کہ یہ بھی شرک کے قسموں میں سے ایک قسم ہے بلکہ سب کچھ کر کے یہ سمجھا جائے کہ ہم نے کچھ نہیں کیا اور نہ اپنے علم پر کوئی غرور کیا جائے اور نہ اپنے عمل پر کوئی ناز بلکہ اپنے تئیں فی الحقیقت جاہل سمجھیں اور کاہل سمجھیں اور خدا تعالیٰ کے آستانہ پر ہر ایک وقت روح گری رہے اور دعاؤں کے ساتھ اس کے فیض کو اپنی طرف کھینچا جائے اور اس شخص کی طرح ہو جائیں کہ جو سخت پیاسا ہو اور بےدست و پا بھی ہے اور اس کے سامنے ایک چشمہ نمودار ہوا ہے نہایت صافی اور شیریں۔‘‘ یعنی پانی کا چشمہ پھوٹ پڑے’’ پس اس نے افتاں و خیزاں بہرحال اپنے تئیں اس چشمہ تک پہنچا دیا‘‘ گرتے پڑتے وہاں پہنچ گیا ’’اور اپنے لبوں کو اس چشمہ پر رکھ دیا اور علیحدہ نہ ہوا جب تک سیراب نہ ہوا۔‘‘ جب تک کہ پانی پی کے اپنی پیاس نہ بجھا لی۔ (لیکچر لاہور، روحانی خزائن جلد 20 صفحہ 154)

پس شرک سے بچے رہنے کا یہ وہ معیار ہے کہ کسی بھی حالت میں نہ ظاہری بتوں کی پوجا کرنی ہے وہ تو خیر مسلمان کرتے نہیں لیکن قبروں کو پوجنے کا یہ رواج بھی تو بہرحال مسلمانوں میں ہے اور یہ بھی ظاہری شرک ہے لیکن اپنے اسباب پر، اپنے افسروں پر، اپنے وسائل اور ذرائع پر اور اپنی عقل پر بھی بھروسہ نہیں کرنا۔ یہ تو بہت عام ہے۔ انسان کو جو بھی انعام ملتا ہے یا اس پر جو بھی فضل ہوتا ہے اس کو اللہ تعالیٰ ہی کی طرف منسوب کرنا ہے۔ جب یہ حالت ہوگی تو وہ حقیقی موحد ہونے کی حالت ہے اور شرک سے بچے رہنے کی حالت ہے۔

آپؑ نے ایک جگہ فرمایا کہ نیک عمل کی مثال ایک پرند کی طرح ہے ۔اسے صدق اور اخلاص کے قفس میں رکھو گے۔ سچائی اور اخلاص کے پنجرے میں پرندے کو بند رکھو گے، قید رکھو گے تو وہ رہے گا ورنہ پرواز کر جائے گا۔ اسی طرح اپنے نیک عمل کو بھی رکھو۔ اپنے اعمال کو بھی تمہیں قید رکھنا پڑے گا اور یہ خدا کے فضل کے بغیر حاصل نہیں ہو سکتا۔ آپؑ ایک جگہ فرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہفَمَنۡ کَانَ یَرۡجُوۡا لِقَآءَ رَبِّہٖ فَلۡیَعۡمَلۡ عَمَلًا صَالِحًا وَّلَا یُشۡرِکۡ بِعِبَادَۃِ رَبِّہٖۤ اَحَدًا۔(الکہف:111) فرمایا کہ فَلْيَعْمَلْ عَمَلًا صَالِحًا ۔عمل صالح سے یہاں یہ مراد ہے کہ اس میں کسی قسم کی بدی کی آمیزش نہ ہو۔ صلاحیت ہی صلاحیت ہو۔ نہ عُجب ہو، نہ کبر ہو، نہ نخوت ہو، نہ تکبر ہو، نہ نفسانی اغراض کا کوئی حصہ ہو، نہ رُو بخلق ہو یعنی لوگوں کی طرف توجہ نہ ہو، ان پر انحصار نہ ہو حتّٰی کہ آپؑ نے فرمایا کہ اگر ایک شخص اللہ تعالیٰ سے محبت کرنے والا ہے اور شرک سے بالکل پرہیز کرنے والا ہے تو وہ دوزخ اور بہشت کی خواہش بھی نہیں رکھتا۔ صرف خدا کی محبت سے وہ عمل صادر ہوتا ہے۔ جب تک دوسری قسم کی غرض کو دخل ہے تب تک ٹھوکر کھائے گا۔ اگر اللہ کی محبت کے علاوہ کوئی اَور غرض ہے تو پھر انسان شرک سے نہیں بچ سکتا، کامل موحد نہیں بن سکتا، عمل صالح نہیں کر سکتا۔ فرمایا ٹھوکر کھائے گا اور اس کا نام شرک ہے کیونکہ وہ دوستی اور محبت کس کام کی جس کی بنیاد صرف ایک پیالہ چائے یا دوسری خالی محبوبات تک ہی ہے۔ ایسا انسان جس دن اس میں فرق آتا دیکھے گا اس دن قطع تعلق کر دے گا ۔یعنی جب تک انسان کو دنیاوی فائدے پہنچتے رہتے ہیں اس وقت تک وہ اللہ تعالیٰ کی طرف جھکا رہتا ہے جب اس میں فرق آئے گا تو وہ قطع تعلق کر دے گا۔ اسی لیے شرک سے بچنے اور اللہ تعالیٰ کا کامل موحد بننے اور اس کے ساتھ مکمل تعلق پیدا کرنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ انسان اپنے انجام بخیر کی دعائیں کرتا رہے کہ کبھی میرے اندر ایسی حالت پیدا نہ ہو کہ مَیں دنیاوی فائدے نہ ملنے کی وجہ سے اللہ تعالیٰ سے دور ہو جاؤں۔ بعض لوگ لکھتے ہیں کہ ہم پہلے نمازیں بھی پڑھتے تھے دعائیں بھی کرتے تھے لیکن بعض حالات ایسے پیش آئے جن کی وجہ سے نہ ہماری نمازوں میں اتنا شغف رہا ،نہ اللہ تعالیٰ کی ذات پر اتنا زیادہ یقین رہا جو ہونا چاہیے، اس لیے کہ انہوں نے اپنے دنیاوی مقاصد حاصل کرنے کے لیے اللہ تعالیٰ سے تعلق رکھا تھا نہ کہ اللہ تعالیٰ کی محبت کے لیے۔

پس جب تک ہم اللہ تعالیٰ کی محبت کے لیے اللہ تعالیٰ سے تعلق پیدا نہیں کریں گے اس وقت تک شرک میں گر سکتے ہیں۔ آپؑ فرماتے ہیں کہ جو لوگ خدا سے اس لیے تعلق باندھتے ہیں کہ ہمیں مال ملے یا اولاد حاصل ہو یا ہم فلاں فلاں امور میں کامیاب ہو جائیں ان کے تعلقات عارضی ہوتے ہیں اور ایمان بھی خطرے میں ہے۔ جس دن ان کے اغراض کو کوئی صدمہ پہنچے اسی دن ایمان میں فرق آ جائے گا۔ اس لیے پکا مومن وہ ہے جو کسی سہارے پر خدا کی عبادت نہیں کرتا (ماخوذ از ملفوظات جلد 6 صفحہ 287، ایڈیشن 2022ء)

یعنی دنیاوی فائدے کے لیے عبادت نہیں کرتا بلکہ اللہ تعالیٰ سے محبت کے لیے اللہ تعالیٰ کی عبادت کرتا ہے۔ اسی طرح اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کے آخر میں ہمیں جو تین سورتیں سکھائی ہیں اس میں سورہ اخلاص بھی ہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اس کو رات کو سوتے ہوئے بھی پڑھنا چاہیے ۔ (مسند احمد بن حنبل جلد5 صفحہ895-896 مسند عقبۃ بن عامرحدیث 17467 مکتبہ عالم الکتب بیروت 1998ء)

یہ انسان کو برائیوں سے پاک کرتی ہے اور شرک سے دور کرتی ہے۔ یعنی: قُلۡ ہُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ ۔ اَللّٰہُ الصَّمَدُ۔ لَمۡ یَلِدۡ ۬ۙ وَلَمۡ یُوۡلَدۡ۔ وَلَمۡ یَکُنۡ لَّہٗ کُفُوًا اَحَدٌ ۔ (الاخلاص:2تا5) حضرت مسیح علیہ الصلوٰة والسلام فرماتے ہیں کہ یہ چھوٹی سی سورت ہے اور اس میں بڑی لطافت سے اور نہایت عمدگی سے ہر قسم کے شرک سے انسان کو دور کر دیا ہے اور اللہ تعالیٰ کی خوبصورتی کو منزّہ کر دیا ہے۔ پاک صاف کر کے دکھا دیا ہے۔ (ماخوذ از براہین احمدیہ حصہ چہارم ، روحانی خزائن جلد 1 صفحہ 518 حاشیہ در حاشیہ نمبر 3)

پھر ایک جگہ آپؑ نے اس کی تفسیر میں فرمایا کہ’’ حسن ایک ایسی چیز ہے جو بالطبع دل اس کی طرف کھینچا جاتا ہے۔‘‘ حسن ہو، خوبصورتی نظر آئے تو دل کی اس طرف توجہ ہوتی ہے ’’ اور اس کے مشاہدہ سے طبعاً محبت پیدا ہوتی ہے۔ تو حسن باری تعالیٰ اس کی وحدانیت اور اس کی عظمت اور بزرگی اور صفات ہیں۔‘‘ اللہ تعالیٰ کا حسن کیا ہے؟ اس کا ایک ہونا۔ اس کی عظمت۔اس کی بزرگی۔ ’’جیسا کہ قرآن شریف نے یہ فرمایا ہے۔ قُلۡ ہُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ ۔ اَللّٰہُ الصَّمَدُ۔ لَمۡ یَلِدۡ ۬ۙ وَلَمۡ یُوۡلَدۡ۔ وَلَمۡ یَکُنۡ لَّہٗ کُفُوًا اَحَدٌ ۔(الاخلاص:2تا5)یعنی خدا اپنی ذات اور صفات اور جلال میں ایک ہے۔ کوئی اس کا شریک نہیں۔سب اس کے حاجت مند ہیں۔ ذرّہ ذرّہ اس سے زندگی پاتا ہے۔ وہ کُل چیزوں کے لئے مبدءِفیض ہے۔‘‘اسی سے فیض کے چشمے پھوٹتے ہیں۔ اسی سے فیض ملتے ہیں’’ اور آپ کسی سے فیضیاب نہیں ۔ ‘‘اس کو کسی سے فیضیاب ہونے کی ضرورت نہیں۔ وہ تو ہر چیز کا مالک ہے۔’’ وہ نہ کسی کا بیٹا ہے اور نہ کسی کا باپ اور کیوں کر ہوکہ اس کا کوئی ہم ذات نہیں۔‘‘ آپؑ نے فرمایا کہ ’’قرآن نے بار بار خدا کا کمال پیش کر کے اور اس کی عظمتیں دکھلا کے لوگوں کو توجہ دلائی ہے کہ دیکھو ایسا خدا دلوں کا مرغوب ہے نہ کہ مردہ اور کمزور اور کم رحم اور کم قدرت ۔‘‘ (اسلامی اصول کی فلاسفی، روحانی خزائن جلد 10 صفحہ 417)

پس یہ مختصر میں نے بیان کیا ہے۔ آپؑ نے اس کی تفصیل میں بہت ساری جگہوں پر کھول کھول کربیان کیا ہوا ہے کہ شرک سے مکمل طور پر اپنے آپ کو پاک کرو۔ جب تم یہ کرو گے تبھی تم میری بیعت کا بھی حق ادا کر سکو گے۔ تبھی تم آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے صحابہؓ سے جو بیعت لی تھی اس کے مطابق اپنے آپ کو بھی اس معیار پر لے جانے کی کوشش کر سکو گے اور تبھی تم اللہ تعالیٰ کے فضلوں سے فیضیاب بھی ہو سکو گے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم شرک کے خلاف اس باریکی میں تعلیم دیتے تھے کہ ایک حدیث میں آیا ہے کہ جس وقت آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے فرزند حضرت ابراہیم کی وفات ہوئی تو سورج کو گرہن لگا۔ لوگوں نے کہا حضرت ابراہیم کی موت کی وجہ سے گرہن لگا ہے ۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ یقیناً سورج اور چاند اللہ تعالیٰ کے نشانات میں سے دو نشانات ہیں ۔یہ دونوں نہیں گہناتے ان پر کسی کی موت کی وجہ سے اور نہ کسی کی زندگی کی وجہ سے گہن نہیں لگتا۔ پس جب تم اسے دیکھو تو اللہ سے دعا کرو اور نماز پڑھو یہاں تک کہ وہ روشن ہو جائیں۔ اس لیے آپؐ کے اس فرمان کے مطابق نماز خسوف و کسوف بھی پڑھی جاتی ہے۔ یعنی آپؐ نے یہ اعلان فرمایا کہ مَیں جو شرک کے خلاف سب سے اوّل نمبر پر ہوں اور اس کے خلاف آواز اٹھانے والا ہوں اور اسی کی تعلیم لے کر آیا ہوں تم میرے بیٹے کو اس درجے پر لا رہے ہو جس میں سے شرک کی بو آتی ہو اور پھر میرے بیٹے کو شرک کاذریعہ بنا رہے ہو۔ یہ کس طرح ہو سکتا ہے۔ تم یاد رکھو کہ کسی کی موت یا زندگی سورج اور چاند کے گرہن کی وجہ نہیں بنتی۔ (صحیح البخاری کتاب الکسوف باب الدعاء فی الخسوف حدیث 1060)

حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام ہمیں ایک جگہ تلقین فرماتے ہوئے فرماتے ہیں کہ ’’قرآن شریف نے تمہارے لئے بہت پاک احکام لکھے ہیں جن میں سے ایک یہ ہے کہ تم شرک سے بکلّی پرہیز کرو کہ مشرک سرچشمۂ  نجات سے بے نصیب ہے۔ ‘‘ (کشتی نوح، روحانی خزائن جلد 19 صفحہ 28)

اس کو نجات نہیں مل سکتی۔ ایک جگہ آپؑ نے فرمایا کہ شرک تین قسم کے ہیں۔ اوّل یہ کہ عام طور پر بت پرستی ہو، درخت پرستی ہو۔ درخت پرستی وغیرہ کی جائے جس طرح بعض لوگ کرتے ہیں۔ اب جاپان میں ہم دیکھتے ہیں یا افریقہ میں بعض اَور روایتی مذاہب میں ہے کہ انہوں نے بہت سارے پتھروں اور درختوں وغیرہ کو بھی عبادت اور شرک کا ذریعہ بنایا ہوا ہے۔ وہ ان کے سامنے جا کے جھکتے ہیں اور سجدے بھی کرتے ہیں۔ یہ سب سے عام اور موٹی قسم کا شرک ہے۔

دوسری قسم شرک کی یہ ہے کہ اسباب پر حد سے زیادہ بھروسہ کیا جائے کہ فلاں کام نہ ہوتا تو مَیں ہلاک ہو جاتا یا فلاں چیز نہ ملتی تو مَیں ہلاک ہو جاتا۔اگر وہ وہ وجہ نہ بنتی تو مَیں ہلاک ہو جاتا۔ اس کی وجہ سے میرا کام ہو گیا ۔یہ بھی شرک ہے ۔اور تیسری قسم شرک کی یہ ہے کہ خدا تعالیٰ کے وجود کے سامنے اپنے وجود کو بھی کوئی شئے سمجھنا

کوئی سمجھنا کہ میری عقل سے۔آج کل اس روشن اور عقل کے زمانے میں کوئی موٹے شرک میں تو گرفتار نہیں ہے سوائے چند روایتی مذہبوں کے جیسا کہ میں نے کہا جس میں بھی بہت کم لوگ گرفتار ہیں۔ عموماً جو پڑھے لکھے لوگ ہیں ان میں سے جو خدا کو ماننے والے ہیں یا نہیں ماننے والے ان میں سے بہت کم ایسے ہیں جو اس طرح شرک کرتے ہیں لیکن آپؑ نے فرمایا کہ مادی ترقی کے زمانے میں شرک فی الاسباب بہت بڑھ گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے مقابلے پر چیزوں کو لانے کا شرک بہت بڑھ گیا ہے۔ انسان اسباب پر بھروسہ کرنے لگ گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کی طرف توجہ نہیں رہی اور لوگ اسباب کی طرف دیکھتے ہیں۔ اس لیے اس سے بچنے کی کوشش کرو۔ (ماخوذ از ملفوظات جلد 3 صفحہ 86، ایڈیشن 2022ء)

آپؑ نے پھر نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ’’ دیکھو! خدا یہ بھی نہیں چاہتا کہ اس کے ساتھ کسی کو شریک کیا جاوے۔ بعض لوگ اپنے شرکاءِ نفسانی کے واسطے بہت سا حصہ رکھ لیتے ہیں اور پھر خدا کا بھی حصہ مقرر کرتے ہیں۔ سو ایسے حصہ کو خدا قبول نہیں کرتا۔ وہ خالص حصہ چاہتا ہے۔ ‘‘اللہ تعالیٰ توچاہتا ہے خالص اسی کے ہو جاؤ۔ ’’اس کی ذات کے ساتھ کسی کو شریک بنانے سے زیادہ اس کو غضبناک کرنے کا اَور کوئی آلہ نہیں ہے۔ایسا نہ کرو کہ کچھ تو تم میں تمہارے نفسانی شرکاء کا حصہ ہو اور کچھ خدا کے واسطے۔ خدا تعالیٰ کہتا ہے کہ مَیں سب گناہ معاف کروں گا مگر شرک نہیں معاف کیا جاوے گا ۔

یاد رکھو شرک یہی نہیں کہ بتوں اور پتھروں کی تراشی ہوئی مورتوں کی پوجا کی جاوے۔ یہ تو ایک موٹی بات ہے۔یہ بڑے بیوقوفوں کا کام ہے۔ دانا آدمی کو تو اس سے شرم آتی ہے۔ شرک بڑا باریک ہے۔ وہ شرک جو اکثر ہلاک کرتا ہے وہ شرک فی الاسباب ہے۔ یعنی اسباب پر اتنا بھروسا کرنا کہ گویا وہی اس کے مطلوب و مقصود ہیں‘‘ اور جیسا کہ مَیں نے پہلے بھی کہا آجکل یہی شرک ہے’’ جو شخص دنیا کو دین پر مقدم رکھتا ہے اس کی بھی یہی وجہ ہے کہ اس کو دنیا کی چیزوں پر بھروسہ ہوتا ہے اور وہ امید ہوتی ہے جو دین و ایمان سے نہیں ۔‘‘ یہاں میں ضمناً یہ بھی ذکر کر دوں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے بعض احمدی عورتیں بلکہ اکثر احمدی عورتیں اپنے ایمان میں بہت مضبوط ہیں لیکن بعض اس بہانے سے اس معاشرے میں آکر پردہ اتار دیتی ہیں کہ اس میں دنیا کا خوف ہے یا نوکری کا خوف ہے۔ ایسی عورتیں یا لڑکیاں مخفی شرک میں مبتلا ہیں بلکہ ظاہری شرک میں مبتلا ہیں کیونکہ اللہ تعالیٰ تو فرماتا ہے کہ مَیں تمہیں ایسے ذرائع سے رزق مہیا کروں گا جہاں تم سوچ بھی نہیں سکتے۔ آپؑ نے فرمایا یہ لوگ’’ نقد فائدہ کو پسند کرتے ہیں‘‘ اور بعض دفعہ بعض خاوند یا مرد اپنی بیویوں اور عورتوں کو کہتے ہیں کہ پردے اتارو۔ وہ بھی اسی ڈر اور خوف سے کہ دنیا والے کیا کہیں گے، دنیا میں ہمارا گزارا کس طرح ہوگا، ہم کس طرح ترقی کریں گے ،کس طرح اپنے آپ کو اس دنیا میں انٹیگریٹ (integrate) کر سکتے ہیں، شامل کر سکتے ہیں، ملا جلا سکتے ہیں۔ تو یہ سب لوگ شرک کرنے والے ہیں اور مردوں کا بھی اس میں ساتھ ہے صرف عورتوں کا نہیں۔بہرحال آپؑ نے فرمایا کہ یہ لوگ نقد فائدے کو پسند کرتے ہیں ’’اور آخرت سے محروم ۔ جب وہ اسباب پر ہی اپنی ساری کامیابیوں کا مدار خیال کرتا ہے تو خدا تعالیٰ کے وجود کو تو اس وقت وہ لغو محض اور بے فائدہ جانتا ہے اور تم ایسا نہ کرو۔ تم توکّل اختیار کرو ۔‘‘تو پھر تمہیں بہت کچھ ملے گا (ملفوظات جلد 4 صفحہ 288، ایڈیشن 2022ء)

پھر یہ بھی ایک اہم بات آپؑ نے فرمائی کہ’’ لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ یہ توحید کا کلمہ ہے اس کے معنے ہیں کہ خدا کے سوا کوئی بھی عبادت اور سچی فرماں برداری کے لائق نہیں ہے۔ خدا اگر توحید کے پھیلانے میں کسی دوسرے کا محتاج ہوتا یا کسی اَور کو اس کام میں اپنا شریک بناتا تو بھی شرک لازم آتا تھا ۔ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰہِ‘‘ صلی اللہ علیہ وسلم’’ کا جملہ کلمہ لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُکے ساتھ شامل کرنے میں سِر یہی ہے‘‘ یہی راز ہے ’’کہ تا توحید کا سبق کامل ہو اور دنیا کو معلوم ہو کہ جو کچھ آتا ہے درحقیقت اسی خدا کی طرف سے آتا ہے ۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم ان ہدایات کو خدا سے پا کر مخلوق کو پہنچانے والے ہیں اور کہ جو کچھ ادھر سے آتا ہے وہ اسی راہ سے آتا ہے۔ ‘‘

جیسا کہ بیان ہوا ہے۔’’ شرک صرف پتھروں کے پوجنے ہی کا نام نہیں ہے بلکہ شرک کی ایک قسم یہ بھی لکھی ہے کہ انسان خدا کو چھوڑ کر صرف اسباب ہی پر تکیہ کرلے ‘‘اور یہ خطرناک شرک ہے۔ (ملفوظات جلد 10 صفحہ 352، ایڈیشن 2022ء)

پس اس شرک سے بھی ہمیشہ بچنا چاہیے ۔اس لیے ہمیں ہمیشہ یہ کوشش کرنی چاہیے کہ ہر کام کرتے ہوئے اور ہر لفظ بولتے ہوئے ہمیں یہ خیال رہے کہ کہیں یہ لفظ ہمیں خدا تعالیٰ سے دور لے جانے والا اور شیطان کے قریب لے جانے والا نہ ہو۔ پس اس بات کا ہمیشہ خیال رکھنا چاہیے۔ جب ہم یہ کریں گے تو تب ہی ہم اپنے عہدِ بیعت کو بھی پورا کرنے والے ہوں گے اور تبھی ہم حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کے آنے کے مقصدکو بھی پورا کرنے والے ہوں گے کیونکہ آپؑ کا بنیادی مقصد یہی تھا کہ دنیا میں خدا تعالیٰ کی توحید کو قائم کیا جائے اور شرک کا خاتمہ کیا جائے۔ اللہ تعالیٰ کا حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام سے تو وعدہ ہے کہ وہ آپؑ کو فتوحات دے گا اور انشاء اللہ تعالیٰ ضرور دے گا ۔لیکن اگر ہم نے اس کا حصہ بننا ہے تو ہمیں بھی چاہیے کہ ہم بھی خالص ہو کر اللہ تعالیٰ کی توحید کا اعلان کرنے والے بنیں اور اس پر عمل کرنے والے بنیں اور اپنی عبادتوں کی بھی حفاظت کرنے والے ہوں اور اپنی ظاہری حالت کو بھی اسی طرح ڈھالنے والے ہوں کہ اس سے ہلکا سا بھی شرک کا شائبہ تک نظر نہ آئے۔

حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ہمیں ایک جگہ بڑی اچھی نصیحت فرمائی ہے۔ آپؓ نے فرمایا کہ

’’ پس اے احمدی قوم!خدا ہمارا رشتہ دار نہیں ۔‘‘

اے احمدی قوم! خدا ہمارا رشتہ دار نہیں ہے۔ ’’شرک سے پرہیز کرو اور عبادت کرو تاکہ خدا تمہارا نگہبان ہو جائے۔ دیکھو کہ خدا نے نوح علیہ السلام کے بیٹے تک کی پرواہ نہیں کی۔ پس اس بات سے خوش ہونا کہ احمدی ہیں نادانی ہے بلکہ ایسے کام کرو کہ احمدی ہونے کے لائق ثابت ہو

اور اسی طرح لوطؑ کی بستی کا حال دیکھ لو کہ کس طرح ہو گئی کہ کفر کرتی تھی اور حضرت لوطؑ جو شکر کرنے والے بندے تھے بچ گئے۔ یہاں حضرت لوطؑ کی بیوی سے بھی ویسا ہی واقعہ پیش آیا کیوں کہ وہ کافروں سے تعلق رکھتی تھی۔ پھر ہے کہوَاِذۡ قَالَ لُقۡمٰنُ لِابۡنِہٖ وَہُوَ یَعِظُہٗ یٰبُنَیَّ لَا تُشۡرِکۡ بِاللّٰہِ ؕؔ اِنَّ الشِّرۡکَ لَظُلۡمٌ عَظِیۡمٌ ۔(لقمان:14)اور جب کہا لقمان نے اپنے بیٹے کو جب کہ وہ اس کو نصیحت کرتا تھا کہ اے لڑکے اللہ سے شرک نہ کر۔ کیوں کہ شرک ایک بڑا ظلم ہے۔ اس جگہ خدا تعالیٰ لقمان کا کلام بتاتا ہے کہ وہ حکمت والا انسان یہ بات کہتا ہے اور پھر اپنے لڑکے کو کہ جس کو اس نے اچھی بات ہی کہنی تھی اور پھر معمولی طور سے نہیں کہا بلکہ وہ اس وقت اس کو نصیحت کرتا تھا تاکہ اس کی آئندہ زندگی ٹھیک ہو کہ اے بیٹے! خدا سے شرک نہ کر کیونکہ شرک جو ہے وہ ایک بڑا ظلم ہے ۔ایک ایسا خدا جو کہ ہم پر ہر طرح سے احسان کرتا ہے اور ہمارے نفع اور ضرر پر بھی قادر ہے اس کے ساتھ ہم اوروں کو برابر ٹھہرائیں ،کتنا ظلم ہے۔ اب یہاں خیال رکھنا چاہئےکہ شرک سے مراد یہ نہیں کہ صرف لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُکہہ دیا اور پاک ہو گئے بلکہ حضرت لقمان فرماتے ہیں کہ کُل شرک جلی اور خفی سے اپنے آپ کو بچا۔‘‘ (چشمۂ  توحید، انوار العلوم جلد 1 صفحہ 12-13) یعنی ظاہری شرک سے بھی اور چُھپے ہوئے شرک سے بھی اپنے آپ کو بچاؤ۔ مسلمانوں کی یہ بھی بڑی بدقسمتی ہے کہ یہ کلمہ لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ ُکو پڑھتے ہیں کہ خدا کے سوا کوئی معبود نہیں ،کوئی چیز قابل پرستش نہیں ہے نہ ہو سکتی ہے ،کسی چیز میں بھی خدا تعالیٰ کی صفات نہیں آ سکتیں اور وہ قادر مطلق بھی ہے لیکن اس کے باوجود دیکھ لیں کہ مسلمانوں میں بعض قسم کے شرک ہیں جیسا کہ قبروں پرجاتے ہیں، پوجتے ہیں، ان کے آگے سجدے کرتے ہیں ۔ایک بہت سارا طبقہ ایسا ہے۔ پاکستان اور ہندوستان اور دوسرے ملکوں میں بعض ان کے آگے جھکتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ بزرگوں سے دعا کرنے سے، ان کے آگے سجدہ کرنے سے ہماری حاجتیں پوری ہو جائیں گی۔ تو ایک طرف لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ ُکہتے ہیں اور دوسری طرف شرک کرتے ہیں۔ اسی لیے اس زمانے میں اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کو مبعوث فرمایا تھا تاکہ آپؑ شرک کے خلاف ایک جہاد کریں اور اپنی ایک ایسی پاک جماعت قائم کریں جو شرک سے بکلّی اجتناب کرنے والی ہو اور بعض دفعہ بڑے بڑے علماء اور مولوی بھی یہ شرک کرتے جاتے ہیں میں نے پہلے بھی کہا۔ پس ہمارا یہ کام ہے کہ ہر قسم کے شرک سے بچیں۔ اپنی تقریروں میں غیر احمدیوں کے بعض مولوی تو بتا بھی دیتے ہیں کہ فلاں بزرگ کی یہ کرامت تھی ،فلاں کی یہ کرامت تھی اور اسے شرک تک پہنچا دیتے ہیں۔

ہم شرک ظاہری تو نہیں کرتے لیکن شرک خفی سے بھی اجتناب کریں۔ یہ بعض دفعہ غیر محسوس طریقے سے اندر داخل ہو جاتا ہے تبھی ہم حق بیعت ادا کر سکیں گے اور تبھی ہم حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے دست و بازو بن سکتے ہیں۔

پھر آپؑ نے ہمیں فرمایا کہ میری بیعت میں اگر داخل ہوئے ہو تو ہر قسم کےفسادوں سے بچو اور جھوٹ سے بچو۔ جھوٹ بھی ایک بہت بڑا جرم ہے۔ اس لیے حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ذکر کیا ہے اور کئی جگہ یہ واقعہ بھی بیان ہوا ہے کہ آپؑ نے فرمایا کہ لوگ کہتے ہیں کہ جھوٹ سے نہیں بچ سکتے لیکن میرے پر ڈاکخانے کا جو مقدمہ ہوا اور ڈاک کے افسر نے میرے خلاف مقدمہ کر دیا لیکن جج کے سامنے میں نے سچ بولا اور مَیں نے کہا کہ ہاں! یہ میں نے کام کیا تھا۔ لیکن محکمے کو نقصان پہنچانے کے لیے نہیں کیا تھا بلکہ مجھے اس کا علم نہیں تھا اس لیے مَیں نے یہ کیا اور اللہ تعالیٰ نے میرے سچ کی وجہ سے مجھے باعزّت بری کروا دیا ۔اور کئی ایسے اَور مواقع پیش آئے جہاں مَیں لوگوں کے شر سے سچائی کی وجہ سے بچا رہا۔ (ماخوذ از ملفوظات جلد 8 صفحہ 181-183، ایڈیشن 2022ء)

آج کل دنیا میں ہم دیکھتے ہیں کہ صرف جھوٹ کی حکمرانی نظر آتی ہے۔ بین الاقوامی سیاست میں دیکھ لیں ۔ملکی سیاست میںدیکھ لیں ۔لوگوں کے آپس کے معاشرتی تعلقات میں دیکھ لیں ۔لوگ سمجھتے ہیں کہ جھوٹ کا سہارا نہ لیا تو کام نہیں ہوگا۔ جج ہیں، وکیل ہیں وہ بھی جھوٹ بولتے ہیں اور جھوٹے فیصلے کرتے ہیں اور لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ ہو ہی نہیں سکتا کہ کوئی شخص سو فیصد سچ بولتا ہو اور اگر سچ بولے تو وہ سمجھتے ہیں کہ اس نے بھی ضرور جھوٹ بولا ہو گا۔ یہ ہو ہی نہیں سکتا کہ اس میں جھوٹ شامل نہ ہو۔

حضرت مصلح موعودؓ نے اس کے بارے میں بھی ایک جگہ بہت خوبصورت طور پر اس بات کو پیش کیا کہ ایسی صورتحال میں جب جھوٹ کا رواج زیادہ ہو جائے تو پھر جو سچ بولنے والا ہے وہ گھبرا جاتا ہے کہ لوگ مجھے جھوٹا سمجھیں گے تو وہ خود بھی جھوٹ بولنے لگ جاتا ہے ۔لیکن مومن کو یہ دیکھنا چاہیے کہ حقیقت کیا ہے۔ سچ کیا ہے ۔اسے یہ نہیں دیکھنا چاہیے کہ گِرد و پیش کے لوگ کیا کہتے ہیں۔ (ماخوذ از خطبات محمود جلد 35 صفحہ 186)

ہمیں یہ سوچنا چاہیے کہ خدا ہمیں کیا کہتا ہے۔ اگر یہ نہیں تو پھر ہمارا ایمان بھی مکمل نہیں۔ پھر ہمارا یہ دعویٰ غلط ہے کہ ہم ایمان لے آئے اور ہم نے اپنی اصلاح کی خاطر بیعت کی۔ ہم نے اپنی اصلاح کی خاطر بیعت نہیں کی۔ اگر ہم اصلاح کی طرف قدم نہیں بڑھا رہے تو ہم نے شاید کسی اَور مقصد کے لیے بیعت کی۔

پس ایک احمدی کے لیے ہر قسم کے فتنہ و فساد سے بچنا اور جھوٹ سے بچنا ضروری ہے۔ اگر یہ نہیں تو پھر ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ ہم نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کی بیعت اس لیے کی ہے کہ ہم اپنی بھی اصلاح کریں اور دنیا کی بھی اصلاح کریں اور ایک پاک جماعت کا قیام کرنے میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کے معاون اور مددگار ثابت ہوں۔

حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ایک اَور جگہ ایک بڑی خوبصورت بات لکھی ہے۔ پہلے تو ایک دو فقرے مَیں نے ایک جگہ بتائے تھے۔ آپؓ نے خطبے میں بڑی تفصیل سے بیان کیا کہ خدا کی بادشاہت تو اسی صورت میں قائم ہو سکتی ہے جب سچی گواہی دیتے وقت انسان نہ اپنے باپ سے ڈرے، نہ اپنے بیٹے سے ڈرے، نہ ماں سے ڈرے، نہ بیوی سے ڈرے، نہ بھائی سے ڈرے، نہ دوست سے ڈرے اور نہ کسی اَور رشتہ دار سے ڈرے۔ اگر ایک باپ جھوٹ بولتا ہے، جرم کرتا ہے تو اس لیے کہ وہ سمجھتا ہے کہ وہ میرا بیٹا میری تائید کرے گا یا میری بیوی میری تائید کرے گی ۔لیکن اگر عدالت میں پیش ہو اور بیٹا کہے کہ نہیں! میرا باپ غلط کہتا ہے اور اصل بات یہ ہے تو وہ کبھی جھوٹ نہیں بولے گا۔ نہ خاوند جھوٹ بولے گا ۔نہ بیٹا جھوٹ بولے گا۔نہ بیوی جھوٹ بولے گی ۔نہ کوئی اَور رشتہ دار جھوٹ بولے گا۔نہ بھائی جھوٹ بولے گا ۔ (ماخوذ از خطبات محمود جلد35صفحہ187تا189)

اور جب یہ صورتحال ہوگی تو تبھی ایک ایسا معاشرہ قائم ہوگا جو سچائی پر مبنی معاشرہ ہوگا جو صرف اور صرف خدا تعالیٰ کی حکومت قائم کرنے والا معاشرہ ہوگا اور ہمارے اندر وہ معاشرہ ہوگا جس کے قائم کرنے کے لیے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی غلامی میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام تشریف لائے تھے اور جس کی خاطر ہم نے بیعت کی ہے۔

آج کل بہت سے معاملات ایسے آتے ہیں جہاں مقدمے جیتنے کے لیے جھوٹ پہ بنیاد کی جاتی ہے تو اس چیز کو ہمیں بہرحال چھوڑنا پڑے گا کیونکہ جھوٹ بھی شرک کی طرف لے کے جاتا ہے۔ شرک سے بچنے کے لیے جھوٹ سے بچنا بہت ضروری ہے اور سچائی کو قائم کرنا ضروری ہے۔ جب ہر ایک کو یہ پتہ لگ جائے کہ میرا جھوٹ مجھے کوئی فائدہ نہیں دے گا تو وہ جھوٹ نہیں بولے گا اور یوں پھر سچائی کی حکومت دنیا میں قائم ہوگی۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام نے بھی کئی جگہ بیان کیا ہے کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ ہم جھوٹ بولیں گے تو ہم بچ جائیں گے۔ (ماخوذ از احمدی اور غیر احمدی میں کیا فرق ہے؟ ،روحانی خزائن جلد 20 صفحہ479)

لیکن اگر یہ پتہ ہو کہ ہم جھوٹ بولنے سے بچیں گے نہیں بلکہ سزا ملے گی کیونکہ میری تائید کرنے والا کوئی نہیں ہوگا۔ میرے عزیزوں اور رشتہ داروں میں سے کوئی نہیں ہوگا تو پھر وہ یقینا ًسچ بولے گا۔ انبیاء نے ہمیشہ اس بات پر خاص زور دیا ہے کہ اپنے اندر اخلاقی اچھائیاں پیدا کرو کیونکہ سچائی بھی اخلاقی اقدار کا ایک بہت بڑا حصہ ہے۔ اسی لیے یہ پیدا کرنا بھی ہمارے لیے بہت ضروری ہے اور خاص طور پر اس زمانے میں جبکہ ہر طرف جھوٹ ہی جھوٹ رائج ہے ۔اور آج کل تو ہم دیکھتے ہیں جو پہلے بھی میں نے کہا کہ سیاسی اور قومی مفاد کی خاطر جھوٹ کو جھوٹ سمجھا ہی نہیں جاتا بلکہ اسے ایک نہایت ضروری چیز قرار دیا جاتا ہے حالانکہ اگر دیکھا جائے تو جھوٹ فطرت کے خلاف ہے۔ اب آج دنیا میں دیکھ لیں، کوئی بھی سیاستدان دیکھ لیں یا دنیاوی لیڈر دیکھ لیں وہ یہ نہیں کہہ سکتا کہ وہ سو فیصد سچ پر اپنی بات کی بنیاد رکھتا ہے۔

آج کل جو دنیا کے حالات ہیں وہ تو کھل کر یہ بتا رہے ہیں کہ ہر معاملے میں صرف اور صرف جھوٹ ہی بنیاد ہے اور جو سچ بولنے والا ہے جو حقیقت بیان کرنے والا ہے اس کو سزا دی جاتی ہے۔ تمام ملک اکٹھے ہو کے اس کے خلاف بیان دے دیتے ہیں۔ اس کے خلاف مقدمے کھڑے کر دیے جاتے ہیں۔ اس کے خلاف شور مچایا جاتا ہے۔تو جب ایسے حالات دنیا میں پیدا ہو جائیں تو آپ دیکھ لیں کہ اس وقت احمدیوں کی کتنی بڑی ذمہ داری ہے کہ وہ جھوٹ کے خلاف ایک جہاد کریں اور اس لیے جہاد کریں کہ ہم نے توحید کو قائم کرنا ہے۔ شرک کو دنیا سے مٹانا ہے۔

جھوٹ اس لیے بولا جاتا ہے کیونکہ لوگوں کو اللہ تعالیٰ کی ذات پر ایمان نہیں ہوتا اور وہ سمجھتے ہیں کہ ہماری بقاء جھوٹ ہے اور جھوٹ کو اللہ تعالیٰ کے مقابلے پر لے کر آتے ہیں اور اسی طرح شرک کرنے والے ہوتے ہیں۔پس آج اگر دنیا میں ہم نے انقلاب لانا ہے اور اپنی بیعت کا حق ادا کرنا ہےتو ہمیں جھوٹ کے خلاف جیسا کہ میں نے کہا ایک جہاد کرنا ہو گا۔

اسی طرح ایک برائی یہ بھی ہے جو آپؑ نے بیان کی کہ میری بیعت کی ہے تو کسی کو غلط نظر سے نہ دیکھو۔ بدنظری نہ کرو۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام فرماتے ہیں کہ قرآن کریم عیسائیوں کی تعلیم کی طرح یہ نہیں کہتا کہ بدنظر سے عورت کو نہ دیکھو بلکہ قرآن کریم تو یہ کہتا ہے کہ نہ تو شہوت کی نظر سے اور نہ بغیر شہوت کے بیگانہ عورت کے منہ پر نظر ڈال اور ان کی ایسی باتیں جو نرم مزاجی کی باتیں ہیں جو خیالات کو غلط طرف لے جانے والی باتیں ہیں ایسی باتیں نہ سنو۔ ان کے حسن کے قصّے مت سنو کیونکہ اگر پرہیز کرو گے تبھی تم ٹھوکر سے بچ سکو گے۔

اب آج کل کے معاشرے میں یہی برائیاں ہیں جس کی وجہ سے بہت سارے لوگ برائیوں میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔ گھر بھی ٹوٹتے ہیں اس لیے کہ یہ برائی انسان میں پیدا ہو گئی ہے۔ آپؑ فرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے : قُلْ لِّلْمُؤْمِنِيْنَ يَغُضُّوْا مِنْ اَبْصَارِہِمْ وَيَحْفَظُوْا فُرُوْجَہُمْ ذٰلِكَ اَزْكٰى لَہُمْ۔ (النور: 31)یعنی مومنوں کو کہہ دے کہ نامحرم کو دیکھنے سے اپنی آنکھوں کو بند رکھیں اور اپنے کانوں اور ستر گاہوں کی حفاظت کریں یعنی کان کو بھی ان کی نرم باتوں اور ان کی خوبصورتی کے قصّوں سے بچاویں کہ یہ سب طریق ٹھوکر کھانے کے ہیں۔ فرماتے ہیں کہ یہی وجہ ہے کہ کوئی حیا نہیں رہی اور بے شرمی کی انتہا ہو چکی ہے۔ اس لیے بہت ساری برائیاں نام نہاد ترقی یافتہ ممالک میں رائج ہو چکی ہیں۔ آپؑ نے فرمایا کہ

یاد رکھو! جو شخص آزادی سے نامحرم عورتوں کو دیکھتا رہے گا آخر ایک دن بدنیتی سے بھی دیکھے گا کیونکہ نفس کے جذبات ہر ایک طبیعت کے ساتھ لگے ہوئے ہیں اور تجربہ بلند آواز سے بلکہ چیخیں مار کر ہمیں بتلا رہا ہے کہ بیگانہ عورتوں کو دیکھنے سے ہرگز انجام بخیر نہیں ہوتا۔ آپؑ نے فرمایا کہ بدکاری کا ایسا دریا بہ رہا ہے نہ تو کانوں کو بچا سکتے ہیں، نہ آنکھوں کو، نہ ہاتھ کو، نہ منہ کو۔ (ماخوذ از مکتوبات احمد جلد1صفحہ204-205)

اور اس زمانے میں ہم یہی دیکھ رہے ہیں کہ ایک طرف ٹی وی ہے، انٹرنیٹ ہے ،سوشل میڈیا ہے، پرنٹ میڈیا ہے، اخبارات ہیں، ہر جگہ یہ چیز عام ہو گئی ہے کہ جب تک بدکاری کا اظہار نہ کیا جائے اور اسے سامنے نہ لایا جائے بلکہ سمجھتے ہیں کہ نہ ہمارے پرنٹ میڈیا کو پذیرائی ملے گی ،نہ ہمارے اخبار بکیں گے، نہ سوشل میڈیا پر ہماری مشہوری ہوگی اور نہ ہم لوگوں کی توجہ اپنی طرف کھینچ سکتے ہیں کہ جب تک ہم عورتوں کی غلط قسم کی تصویریں شائع نہ کریں لیکن احمدی کی سوچ مختلف ہونی چاہیے۔ اس لیے یہ ساری برائیاں جو پیدا ہو رہی ہیں ان سے ہم نے بچنا ہے اور نہ صرف بچنا ہے بلکہ ان کے خلاف جہاد کرنا ہے۔

آج کل اتنی برائیاں پیدا ہو چکی ہیں کہ اب تو یہاں کی بعض ترقی یافتہ عورتوں میں بھی یہ شعور پیدا ہونے لگ گیا ہے اور وہ شور مچانے لگ گئی ہیں کہ ہماری عزّت کے لیے کوئی قانون بننا چاہیے اور عورتوں کے خلاف جو زیادتیاں ہوتی ہیں ان کے خلاف قانون بننا چاہیے۔ یہ چیزیں اس لیے ہیں کہ آزادی کے نام پر ہم بے حیائی میں چلے گئے ہیں اور جب تک یہ چیزیں ہوں گی اس وقت تک اللہ تعالیٰ کی طرف توجہ پیدا نہیں ہو سکتی۔ پس ان حالات میں ایک احمدی کو تو بہت زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے اور بہت احساس کرتے ہوئے اپنی اصلاح کرنے کی طرف توجہ کرنی چاہیے۔ بہرحال مضمون بھی لمبا ہو رہا ہے اس لیے مَیں مختصراً چند باتیں اَور بھی کر دیتا ہوں۔

حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام فرماتے ہیں کہ پاک دامن رہنے کے لیے پانچ باتیں ہیں۔ پانچ علاج ہیں جو اللہ تعالیٰ نے ہمیں اسلام میں بتلائے ہیں۔

نمبر ایک اپنی آنکھوں کو نامحرم پر نظر ڈالنے سے بچاؤ۔

نمبر دو کانوں کو نامحرموں کی آواز سننے سے بچاؤ۔ نرم قسم کی غلط قسم کی نرم آوازیں سننے سے بچاؤ۔

نمبر تین نامحرموں کے قصّے نہ سنو۔ ایسے قصّے جو تمہارے جذبات کو ابھارنے والے ہوں ۔

اور نمبر چار ایسی تمام تقریبیں اور ایسے مواقع جہاں بد فعل کے پیدا ہونے کا اندیشہ ہے ان سے اپنے آپ کو بچاؤ

اور پانچویں بات جوانوں کے لیے یہ ہے ۔نوجوانوں کو یہ بات چاہیے کہ اگر نکاح اور شادی میں کوئی دقّت ہے تو پھر روزہ رکھیں تاکہ غلط جذبات کو غلط جگہ استعمال نہ کر سکیں۔

بعض دفعہ یہ بیماری بھی آ جاتی ہے کہ شادیاں بھی ہو جاتی ہیں لیکن پھر بھی غلط قسم کی سوسائٹی میں پڑ کر بعض نوجوان غلط کام کرنے لگ جاتے ہیں۔ گھروں میں بیویوں سے پوچھنے کی بجائے اِدھر اُدھر پھر رہے ہوتے ہیں۔ دوستیاں لگا رہے ہوتے ہیں ۔ یہ بھی غلط ہے اور یہ کسی احمدی کا شیوہ نہیںہے۔ آج اگر یہ چیزیں ہم میں پیدا ہو جائیںتو یہ جو اصلاح کے طریقے آپؑ نے بتائے ہیں ان سے ہم سب بد عادتوں سے بچ سکیں گے جو اخلاقی طور پر ہمیں گراوٹ اور تباہی کے کنویں کی طرف لے جا رہی ہوتی ہیں۔ اس کی مزید وضاحت کرتے ہوئے آپؑ فرماتے ہیں کہ ہم بڑے دعوے کے ساتھ کہتے ہیں کہ یہ اعلیٰ تعلیم ان سب تدبیروں کے ساتھ جو قرآن شریف نے بیان فرمائی ہے صرف اسلام سے ہی خاص ہے۔

اور اس جگہ ایک نقطہ یاد رکھنے کے لائق ہے اور وہ یہ ہے کہ چونکہ انسان کی وہ طبعی حالت جو شہوات کا منبع ہے جس سے انسان بغیر کسی کامل تغیر کے الگ نہیں ہو سکتا یہی ہے کہ اس کے جذباتِ شہوات محل اور موقع پا کر جوش مارنے سے رہ نہیں سکتے یا یوں کہو کہ سخت خطرے میں پڑ جاتے ہیں ۔اس لیے خدا تعالیٰ نے ہمیں یہ تعلیم نہیں دی کہ ہم نامحرم عورتوں کو بلا تکلّف دیکھ تو لیا کریں اور ان کی تمام تر زینتوں پر نظر ڈالیں اور ان کے تمام انداز ناچنا وغیرہ مشاہدہ کر لیں لیکن پاک نظر سے دیکھیں۔اور نہ یہ تعلیم ہمیں دی ہے کہ ہم ان بیگانہ جوان عورتوں کا گانا بجانا سن لیں اور ان کے حسن کے قصّے بھی سنا کریں لیکن پاک خیال سے۔ بلکہ ہمیں تاکید ہے کہ ہم نامحرم عورتوں کو اور ان کی زینت کی جگہ کو ہرگز نہ دیکھیں۔ نہ پاک نظر سے اور نہ ناپاک نظر سے اور ان کی خوش الحانی کی آوازیں اور ان کے حسن کے قصّے نہ سنیں ۔نہ پاک خیال سے اور نہ ناپاک خیال سے تاکہ ٹھوکر نہ کھائیں۔

یہاں اعتراض کرنے والے نام نہاد لوگ جو عورتوں کے حق میں یہ آواز اٹھاتے ہیں کہ اسلام کی تعلیم نے عورتوں کو بند کر کے رکھ دیا ہے اور اسی وجہ سے کہہ دیا کہ عورتیں اپنے آپ کو بند کریں۔ یہاں تو مردوں کو حکم ہے کہ اس طرف عورتوں پر پابندیاں لگا دی ہیں کہ جب انہوں نے دکھانا نہیں تو تم نے باہر بھی نہیں نکلنا۔ اس کے جواب میں آپؑ فرماتے ہیں کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ اسلامی پردہ عورتوں پر ایک ظلم ہے تو آپؑ نے فرمایا کہ اسلامی پردے کی یہی فلاسفی ہے اور یہی ہدایت شرعی ہے ۔خدا کی کتاب میں پردے سے مراد یہ نہیں ہے کہ فقط عورتوں کو قیدیوں کی طرح حراست میں رکھا جائے۔ یہ ان نادانوں کا خیال ہے جن کو اسلامی طریقوں کی خبر نہیں بلکہ مقصد یہ ہے کہ عورت مرد دونوں کو آزاد نظر اندازی اور اپنی زینتوں کے دکھانے سے روکا جائے کیونکہ اس میں دونوں مرد اور عورت کی بھلائی ہے۔ دونوں کو روکا گیا ہے کہ اپنی زینتوں کو نہ دکھاؤ۔ بالآخر یاد رہے کہ خوابیدہ نگاہ سے غیر محل پر نظر ڈالنے سے اپنے تئیں بچا لینا اور دوسری جائزالنظر چیزوں کو دیکھنا اس طریق کو عربی میں غضِّ بصر کہتے ہیں۔ جہاں ضرورت ہو وہاں نظر ڈال دی جاتی ہے لیکن خوابیدہ نظر سے بالکل آنکھیں پھاڑ پھاڑ کے نہیں۔ فرماتے ہیں عربی زبان میں اس کو غضِّ بصر کہتے ہیں۔ اور ہر ایک پرہیزگار جو اپنے دل کو پاک رکھنا چاہتا ہے اس کو نہیں چاہیے کہ حیوانوں کی طرح جس طرح چاہے جس طرف چاہے بے محابہ نظر اٹھا کر دیکھ لیا کرے بلکہ اس کے لیے اس تمدّنی زندگی میں غضِّ بصر کی عادت ڈالنا ضروری ہے اور یہ وہ مبارک عادت ہے جس سے اس کی یہ طبعی حالت ایک بھاری خلق کے رنگ میں آ جائے گی اور اس کی تمدّنی ضرورت میں بھی فرق نہیں پڑے گا۔ یہی وہ خلق ہے جس کو اِحصان اور عفت کہتے ہیں۔ (ماخوذ ازاسلامی اصول کی فلاسفی ، روحانی خزائن جلد 10 صفحہ 343-344)

پھر ایک برائی فسق و فجور اور فساد کی ہے ۔ اس سے بچنے کی طرف بھی آپؑ نے توجہ دلاتے ہوئے فرمایا جہاں تم ایسی مجالس دیکھو جہاں فسق و فجور کی مجالس ہوں وہاں سے اٹھ جایا کرو۔ حکومت کے خلاف جو بغاوت ہو اس سے بھی آپؑ نے منع فرمایا۔ یہ بھی فرمایا کہ میری بیعت کا ایک حصہ ہے۔ (ماخوذ از کشف الغطاء، روحانی خزائن جلد 14 صفحہ 188)

اسی طرح ظلم کے خلاف آپؑ نے فرمایا کہ ظلم سے ہمیشہ بچو ۔ اس بارے میں ایک حدیث ہے۔ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہمانے بیان کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :مسلمان مسلمان کا بھائی ہے۔نہ خود اس پر ظلم کرے اور نہ اسے ظالم کے سپرد کرے۔ جو شخص اپنے بھائی کے کام میں مشغول ہوگا اللہ بھی اس کے کام میں مشغول رہے گا۔ (صحیح البخاری کتاب المظالم باب لا یظلم المسلم المسلم ولا یسلمہ ، حدیث 2442)

مسلمان پہ نہ خود ظلم کرنا ہے نہ کسی ظالم کے سپرد کرنا ہے لیکن بدقسمتی سے آج جو دنیا دار لوگ ہیں بڑے بڑے ملک وہ یہی کچھ کر رہے ہیں ۔اور جس نے کسی مسلمان سے کوئی تکلیف دور کی اللہ یوم قیامت کی تکالیف میں سے ایک تکلیف اس کی دور کرے گا ۔اور جس نے ایک مسلمان کی پردہ پوشی کی اللہ بھی قیامت کے روز اس کی پردہ پوشی کرے گا ۔اور ایک جگہ اَور بھی فرمایا کہ انسانوں سے ظلم نہ کرو صرف مسلمانوں کی حد تک نہیں بلکہ کُل انسانیت سے آپؐ نے فرمایا کہ ظلم نہ کرو۔ ان کا بھی خیال رکھو ۔ (سنن الترمذی ابواب البر و الصلۃ باب ما جاء فی الاحسان و العفو، حدیث 2007)

اور ہمیشہ آپؑ نے اس بات پر بیعت بھی لی کہ ظلم نہیں کروں گا ،خیانت نہیں کروں گا، بغاوت اور فساد نہیں کروں گا۔ پھر فتنہ و فساد سے بچنے کے لیے حضرت مسیح موعود الصلوٰة والسلام نے فرمایا کہ میری بیعت میں آئے ہو تو فتنہ و فساد سے بھی بچنا ہوگا ۔اگر تم اس سے نہیں بچتے تو بیعت کا حق بھی ادا نہیں کرتے۔ اسی طرح فرائض نمازوں کے علاوہ آپؑ نے فرمایا کہ تہجد کی طرف بھی توجہ کرو۔ نوافل کی طرف بھی توجہ کرو ۔

کیونکہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ رات کو تہجد کے لیے اٹھنا تمہارے لیے ایک بہت بڑا جہاد ہے ۔اس کا ثواب تمہیں ملے گا۔ حدیث میں آتا ہے حضرت ابو ہریرہ ؓنے بیان کیا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ جس نے میرے کسی ولی سے دشمنی کی تو مَیں اس سے جنگ کا اعلان کرتا ہوں ۔اور میرا بندہ کسی چیز کے ذریعے میرے قریب نہیں ہوتا جو مجھے سب سے زیادہ پسند ہو اس میں سے جو مَیں نے اس پر فرض کیا ہے اور میرا بندہ نوافل کے ذریعے مجھ سے قریب ہو جاتا ہے اور یہاں تک کہ مَیں اس سے محبت کرنے لگتا ہوں اور جب مَیں اس سے محبت کرتا ہوں تو مَیں اس کا کان ہو جاتا ہوں جس سے وہ سنتا ہے، اس کی آنکھ جس سے وہ دیکھتا ہے، اس کا ہاتھ جس سے وہ پکڑتا ہے، اس کا پاؤں جس سے وہ چلتا ہے۔ اگر وہ مجھ سے مانگے تو مَیں اس کو ضرور دیتا ہوں ۔اگر وہ مجھ سے پناہ مانگے تو مَیں اس کو ضرور پناہ دیتا ہوں۔اور مجھے کسی چیز کے متعلق جو مَیں کرنے والا ہوتا ہوں تردّد نہیں ہوتا۔ مَیں اس کی تکلیف کو ناپسند کرتا ہوں۔ (صحیح البخاری کتاب الرقاق باب التواضع حدیث 6502)

پس اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ جو نوافل کے ذریعے سے میرے قریب آتے ہیں وہ اس لیے آتے ہیں کہ ان کو مجھ سے محبت ہے اور جب وہ مجھ سے محبت کرتے ہیں تو پھر میں ان کو بچانے کا اور ان کو اپنے انعامات سے نوازنے کا ہر طریقہ اختیار کرتا ہوں۔

حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام فرماتے ہیں: ’’بدیوں کاچھوڑ دینا کسی کے اپنے اختیار میں نہیں اس واسطے راتوں کو اٹھ اٹھ کر تہجد میں خدا کے حضور دعائیں کرو۔‘‘ بدیاں چھوڑنا آسان کام نہیں ہے اس کے لیے راتوں کو اٹھوتہجد پڑھو اور اس میں دعائیں کرو’’ وہی تمہارا پیدا کرنے والا ہے۔ خَلَقَكُمْ وَمَا تَعْمَلُوْنَ (الصّٰفّٰت:97) ۔ ‘‘کہ تمہیں بھی اس نے پیدا کیا ہے اور اسے بھی جسے تم بناتے ہو جو تمہارے عمل ہیں۔’’ پس اَور کون ہے جو ان بدیوں کو دور کر کے نیکیوں کی توفیق تم کو دے۔‘‘ (ملفوظات جلد 9 صفحہ 36 حاشیہ، ایڈیشن 2022ء)

اسی طرح تسبیح و تحمید کے بارے میں آپؑ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ قرآن شریف میں فرماتا ہے: وَسَبِّحُــوْہُ بُكْرَۃً وَّاَصِيْلًا۔ (الاحزاب:43) اور اس کی تسبیح صبح بھی کرواور شام کو بھی کرو۔ یہ مسلمانوں کو حکم ہے اور یہ وہ باتیں ہیں جن کو پیدا کرنے کے لیے اس زمانے میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام مبعوث ہوئے تھے۔ ایک حدیث میں آتا ہے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ہر اہم کام جس کو حمد کے بغیر شروع کیا جائے بے برکت ہوتا ہے۔

(صحیح ابن حبان صفحہ 135، باب ما جاء فی الابتداء بحمد اللہ تعالیٰ ذکر الاخبار عما یجب علی المرء …حدیث 1، دار المعارف مصر)

اس لیے ہمیشہ ہر کام شروع کرنے سے پہلے اللہ تعالیٰ کی حمد کرنی چاہیے تبھی اس میں برکت پڑے گی۔ اسی طرح آپؐ نے تلقین فرمائی کہ ہر نماز کے بعد اللہ تعالیٰ کی حمد اور شکر ادا کیا کرو۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ کَلِمَتَانِ خَفِیْفَتَانِ عَلَی اللِّسَانِ ۔ دو کلمے ایسے ہیں جو زبان پر تو بڑے ہلکے معلوم ہوتے ہیں۔ ایک منٹ میں انسان کہہ جاتا ہے لیکن ثَقِیْلَتَانِ فِی الْمِیْزَانِ ۔ جب خدا تعالیٰ انہیں ترازو میں رکھے گا تو بڑے بوجھل ہوں گے۔ یعنی اعمال کا پلڑا ان کے بوجھ سے جھک جائے گاکیونکہ وہ حَبِیْبَتَانِ اِلَی الرَّحْمٰنِ ۔ اللہ کو بہت ہی محبوب ہوتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کو سن کر بہت خوش ہوتا ہے اور وہ یہ ہیں کہ سُبْحَانَ اللّٰہِ وَبِحَمْدِہٖ سُبْحَانَ اللّٰہِ الْعَظِیْمِ ۔ پاک ہے اللہ تعالیٰ اپنی تمام تعریفوں کے ساتھ پاک ہے خدا تعالیٰ اپنی تمام عظمتوں کے ساتھ۔ (صحیح البخاری کتاب الدعوات باب فضل التسبیح ، حدیث 6406)

پس انسان کو نیکیوں کی طرف لے جانے اور اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کے لیے اللہ تعالیٰ کی حمد کرنا بھی بہت ضروری ہے۔ اسی طرف بھی ہمیں زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

اسی طرح درود شریف پڑھنے کی طرف بھی خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ان دنوں میں اکثر خاص طور پر آپ درود شریف پڑھتے رہے ہیں ۔مَیں نے کہا تھا اور امید ہے پڑھتے رہیں ہوں گے لیکن اسے اپنی زندگیوں کا حصہ بنا لیں۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جب تم کسی مؤذن کی اذان دیتے ہوئے آواز سنو تو وہی الفاظ کہو جو موذن کہتا ہے۔ پھر مجھ پر درود بھیجو کیونکہ یقیناً جس نے ایک مرتبہ مجھ پر درود بھیجا اللہ تعالیٰ اس پر دس مرتبہ رحمت بھیجے گا۔ پھر اللہ سے دعامیں میرے لیے وسیلہ طلب کرو کیونکہ یہ جنت میں ایک مقام ہے جو اللہ کے بندوں میں سے صرف ایک بندے کے لیے ہی شایانِ شان ہے اور مجھے امید ہے کہ وہ مَیں ہوں۔ پس جس نے میرے لیے وسیلہ طلب کیا تو اس کے لیے شفاعت ہو گئی ۔ (الترغیب و الترھیب للمنذری جلد 1 صفحہ 159، الترغیب فی اجابۃ المؤذن … حدیث 377 ، مکتبۃ المعارف ریاض 1424ھ)

پس درود شریف کی طرف بھی بہت توجہ دینے کی ضرورت ہے اور جب ہم یہ کریں گے تب ہی ہم اپنا حقِ بیعت بھی ادا کرنے والے ہوں گے۔ اسی طرح توبہ اور استغفار کی طرف بھی بہت توجہ کی ضرورت ہے۔

آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو استغفار کرنے کو لازم کرے گا تو اللہ تعالیٰ اس کے لیے ہر تنگی سے نکلنے کا راستہ بتا دے گا اور ہر غم سے کشائش دے گا اور ایسی جگہ سے رزق عطا فرمائے گا جہاں سے اس کو گمان بھی نہیں ہوگا۔ (سنن ابی داؤد کتاب الوتر باب فی الاستغفار، حدیث 1518)

پس استغفار کی طرف بھی بہت توجہ کی ضرورت ہے۔ بہت سارے لوگ اپنے مسائل کے حل کے لیے پوچھتے ہیں تو مَیں ان کو یہی جواب دیتا ہوں کہ استغفار کی طرف بہت زیادہ توجہ دو۔ آپؐ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ تو توبہ قبول کر لیتا ہے جب تک انسان آخری حالت میں مرنے کے قریب نہ ہو اس وقت تک جو بھی دعا اللہ تعالیٰ سے کرو، استغفار کرو اللہ تعالیٰ قبول کرتا ہے۔ (سنن ابن ماجہ کتاب الزھد باب ذکر التوبۃ حدیث 4253)

حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کا بھی یہی اصول تھا کہ بعض دفعہ لوگ اپنے قرض کے لیے قرض کے اترنے کے لیے دعا کی درخواست کرتے تھے تو آپؑ فرمایا کرتے تھے کہ استغفار کرو۔ (ماخوذ از ملفوظات جلد 2 صفحہ 96، ایڈیشن 2022ء)

ایک دفعہ کسی نے کہا مجھے اولاد نہیں ہو رہی تو آپؑ نے کہا استغفار زیادہ کرو ۔اور استغفار پڑھنے کے بارے میں آپؑ نے فرمایا اولاد کے لیے بھی استغفار کرو۔ استغفار بہت پڑھا کرو۔ (ماخوذ از ملفوظات جلد 2 صفحہ 89، ایڈیشن 2022ء)

کیونکہ’’ انسان کی دو ہی حالتیں ہیں یا تو وہ گناہ نہ کرے یا اللہ تعالیٰ اس گناہ کے بد انجام سے بچا لے۔‘‘ یہی چیزیں ہیں انسان کو بچانے کے لیے کہ انسان سے گناہ نہ ہو اور جو گناہ ہو گئے ہیں ان سے اللہ تعالیٰ بچا لے۔ ’’سو استغفار پڑھنے کے وقت دونوں معنوں کا لحاظ رکھنا چاہیے۔ ایک تو یہ کہ اللہ تعالیٰ سے گذشتہ گناہوں کی پردہ پوشی چاہے اور دوسرا یہ کہ خدا سے توفیق چاہے کہ آئندہ گناہوں سے بچا ئے۔ مگر استغفار صرف زبان سے پورا نہیں ہوتا بلکہ دل سے چاہیے‘‘ استغفار کیا جائے۔

(ملفوظات جلد 1صفحہ 525، ایڈیشن1988ء)

ایسا ہو گا تبھی ہماری استغفار بھی قبول ہو گی۔

اسی طرح پہلے تہجد کا بھی ذکر آیا تھا تو انسان تہجد اسی وقت پڑھ سکتا ہے جب وہ عام

نمازیں بھی پڑھ رہا ہو ۔

اور جب نمازوں کی طرف توجہ ہو گی تو پھر تہجد کی طر ف بھی توجہ ہو گی۔ ایک حدیث میں آتا ہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ یقیناًآدمی اور شرک و کفر کے درمیان فرق نماز ترک کرنا ہے۔ (صحیح مسلم کتاب الایمان باب اطلاق اسم الکفر علی من ترک الصلاۃ، حدیث 109)

ایک مسلمان ہے ایک مومن ہے ایک مشرک ہے اور کافر ہے جس کے درمیان فرق یہی ہے کہ مومن حقیقی مومن جو ہے وہ نماز پڑھنے والا ہے اور اللہ تعالیٰ کی عبادت کرنے والا ہے ۔اور اگر ایک مومن مسلمان کہلا کے بھی نماز ترک کرتا ہے تو وہ شرک اور کفر کے قریب پہنچ جاتا ہے۔ اب ہم نے اس کے خلاف بیعت کی ہے اور جہاد کرنے کا عہد کیا ہے ۔شرک کے خلاف ہم نے بیعت کی ہے اور جہاد کرنے کا عہد کیا ہے تو اس کے لیے ہمیں اپنی نمازوں کی بھی حفاظت کرنی پڑے گی۔ مرد کوشش کریں کہ پانچ وقت نمازوں کی نماز سینٹر یا مسجد میں جا کر ادائیگی کو رواج دیں تا کہ ہماری مسجدیں آباد ہوں۔ ہماری نسلوں کو عبادتوں کا ایک شعور حاصل ہو۔ ان میں ایک شوق اور جذبہ پیدا ہو اور انہیں یہ پتہ لگے کہ نمازیں کیوں ضروری ہیں لیکن نمازیں ایسی ہونی چاہئیں جن کا حق ادا کیا جائے۔

اس کے لیے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام فرماتے ہیں کہ نماز کی ظاہری صورت پر اکتفا کرنا نادانی ہے۔ اکثر لوگ رسمی نمازیں ادا کرتے ہیں اور بہت جلدی کرتے ہیں جیسے ایک ناواجب ٹیکس لگا ہوا ہے۔ جلدی گلے سے اتر جائے۔ بعض لوگ نمازیں تو جلدی پڑھ لیتے ہیں لیکن اس کے بعد دعا اس قدر لمبی مانگتے ہیں کہ نماز کے وقت سے دوگنا تین گنا وقت لے لیتے ہیں حالانکہ نماز تو خود دعا ہے جس کو یہ نصیب نہیں کہ نماز میں دعا کرے اس کی نماز ہی نہیں ہے۔ چاہیے کہ اپنی نماز کو دعا سے مثل کھانے اور سرد پانی کے لذیذ اور مزیدار کر لو۔ تمہیں نماز میں کھانے اور پانی سے زیادہ مزہ آئے۔ ایسا نہ ہو کہ اس پر ویل ہو۔ نماز خدا کا حق ہے ایسا نہ ہو کہ اللہ تعالیٰ اسے ردّ فرما دے۔ یہ نہ ہو بلکہ نماز کا حق ادا کرو اور اچھی طرح ادا کروتبھی تم اپنی زندگی کو سنوار سکتے ہو۔

اسی طرح آپؑ نے فرمایا کہ خلق اللہ کے ساتھ عموماً حسن سلوک کرو۔ (ماخوذ ازملفوظات جلد 6 صفحہ 90-91، ایڈیشن 2022ء)

پس حضرت مسیح موعود علیہ السلام نصیحت کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ دیکھو وہ جماعت جماعت نہیں ہو سکتی جو ایک دوسرے کو کھائے اور جب چار مل کر بیٹھیں تو اپنے غریب بھائی کا گلہ کریں اور نکتہ چینیاں کریں اور کمزوروں اور غریبوں کو حقارت اور نفرت سے دیکھیں۔ ایسا ہرگز نہیں چاہیے بلکہ اجماع میں چاہیے کہ قوّت آجاوے اور وحدت پیدا ہو جائے جس سے محبت آتی ہے اور برکات پیدا ہوتی ہیں۔ آپؑ نے فرمایا کہ مَیں دیکھتا ہوں کہ ذرا ذرا سی بات پر اختلاف پیدا ہو جاتے ہیں جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ مخالف لوگ جو ہماری ذرا ذرا سی بات پر نظر رکھتے ہیں معمولی باتوں کو بعد میں بہت بڑی بنا کر پیش کر دیتے ہیں اور خلق کو گمراہ کرتے ہیں لیکن آپؑ نے فرمایا کہ اگر اندرونی کمزوریاں نہ ہوں تو کیوں کسی کو جرأت ہو کہ اس قسم کے مضامین شائع کرے جو ہمارے خلاف جائیں۔ آپؑ نے فرمایا کیوں نہیں کیا جاتا کہ اخلاقی قوّتوں کو وسیع کیا جائے اور یہ تب ہوتا ہے کہ جب ہمدردی، محبت اور عفو اور کرم کو عام کیا جائے اور تمام عادتوں پر رحم، ہمدردی اور پردہ پوشی کو مقدم کر لیا جائے۔ (ماخوذ ازملفوظات جلد 3 صفحہ 143، ایڈیشن 2022ء)

آپؑ نے فرمایا کہ مَیں کہتا ہوں کہ ہرگز کوئی آج بھی مسلمان نہیں بنتاجب تک کہ دوسروں کی ایسی ہمدردی نہیں کرتا جیسا کہ اپنے نفس کے لیے اور میری یہی نصیحت ہے کہ دلوں کو صاف کرو اور تمام بنی انسان کی ہمدردی اختیار کرو۔

تمام بنی نوع انسان کی ہمدردی اختیار کرو اور کسی کی بدی مت چاہو کہ اعلیٰ تہذیب یہی ہے۔ افسوس کہ یہ لوگ دوسری قوموں سے انتقام لینے کے لیے سخت حریص ہیں مگر مَیں کہتا ہوں کہ عفو اور درگزر کرو اور کینہ ور اور منافق طبع مت بنو۔ زمین پر رحم کرو تا آسمان سے تم پر رحم ہو اور مَیں نے نہ صرف کہا بلکہ عملی طور پر دکھلایا اور مَیں نے ہرگز پسند نہیں کیا کہ جو شخص شر کا ارادہ کرتا ہے اس کے لیے مَیں بھی شر کا ارادہ کروں ۔اور پھر آپ نے مثال دی کہ ڈاکٹر کلارک کے اقدامِ قتل کے مقدمے میں جو میرے پر الزام لگایا گیا وہ غلط ثابت ہوا اور مجھے عدالت کی طرف سے مقدمہ کی اجازت بھی مل گئی لیکن مَیں نے مقدمہ نہیں کیا اس لیے کہ میں ان سے ہمدردی چاہتا تھا۔ اسی طرح اَور بہت سارے مواقع پیدا ہوئے لیکن میں نے ہمیشہ ہمدردی کی۔ (ماخوذ از کشف الغطاء، روحانی خزائن جلد 14 صفحہ 194)

اس لیے تم لوگ بھی اگر دنیا میں امن قائم کرنا چاہتے ہو تو ہمدردی کی فضا پیدا کرو اور آپس میں محبت اور پیار سے رہو اور نہ صرف آپس میں بلکہ ہر انسان سے محبت کرو۔ پس یہ چند باتیں ہیں جو مَیں نے بیان کی ہیں۔ اگر ہم اپنے اندر پاک تبدیلی کرتے ہوئے، بیعت کا حق ادا کرتے ہوئے ان شرائطِ بیعت پر مکمل عمل کریں تو نہ صرف ہم اپنے اندر ایک پاک معاشرہ پیدا کرنے والے ہوں گے بلکہ اسلام کے حقیقی پیغام کو دنیا میں پھیلانے والے بن کر مسلمانوں اور غیر مسلموں، اسلام مخالف لوگوں بلکہ دہریوں میں بھی ایک ایسی تعلیم کے پھیلانے والے ہوں گے جو ایک دن انہیں بہرحال یہ سوچنے پر مجبور کرے گی کہ احمدی ہی وہ لوگ ہیں جو دنیا میں خدائے واحد کی حکومت قائم کرنے کے ساتھ اعلیٰ اخلاقی قدروں کو بھی قائم کرنا چاہتے ہیں تاکہ دنیا دارالفساد نہ بنے بلکہ امن اور سلامتی کی آماجگاہ بن جائے۔

آج کل دجالی طاقتیں اپنے پورے زور پر اس بات کو پھیلانے کی کوشش کررہی ہیں کہ دنیا سے خدا تعالیٰ کے نام کو مٹایا جائے۔ دنیا میں فساد پیدا کیا جائے۔ ایسے میں ہماری بہت بڑی ذمہ داری ہے کہ حقِ بیعت ادا کرتے ہوئے، ان دجالی قوتوں کے خلاف جہاد کرتے ہوئے، اللہ تعالیٰ سے فضل مانگتے ہوئے، ان کی چالوں کو ناکام و نا مراد کرتے ہوئے اپنی بھرپور کوشش کریں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے عہدِ بیعت نبھانے کی توفیق عطا فرمائے۔

دعاؤں میں ساری دنیا کے امن و سلامتی کی دعائیں کریں ۔اور مسلمانوں کی بقا اور سلامتی کے لیے بھی دعا کریں۔ اللہ تعالیٰ کرے کہ ہر احمدی دنیا میں خدائے واحد کی حکومت قائم کرنے اور دنیا میں امن و سلامتی پھیلانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے والا بن جائے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس کی توفیق عطا فرمائے۔اب ہم دعا کریں گے۔ دعا کر لیں۔

٭…٭…٭

دعا کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: اس وقت جو حاضری کی رپورٹ ہے اس کے مطابق اللہ تعالیٰ کے فضل سے 51,181؍لوگ ہیں جو یہاں جلسے میں حاضر ہو کے جلسہ سن رہے ہیں ۔الحمدللہ۔ اس جلسے میں117؍ممالک کی شمولیت بھی ہے۔ وہاں کے لوگ شامل ہیں۔ نمائندے ہیں۔

مردوں کی تعداد scan کے حساب سے 24,671؍ہے اور عورتوں کی تعداد 23,611؍ہے۔اور جو دوسرے بچے وغیرہ unscanned ہیں ان کو بھی انہوں نے شامل کیا ہے جو 2,895بنتے ہیں، وہ ملا کے 51،181؍ تعداد بنتی ہے۔ اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ پچھلے سال سے تو کافی زیادہ ہے۔

اور اسی طرح ایم ٹی اے کے ذریعے سے دنیا کے مختلف سینٹرز میں بھی جلسہ سنا جا رہا ہے جو 62؍ممالک میں 95؍سینٹر قائم ہیں جہاں16,211؍لوگ مختلف وقتوں میں بیٹھ کے سنتے رہے

اور آخری سیشن میں بھی 16،211؍ہیں ۔میرا خیال ہے اس سے بھی زیادہ تعداد ہوگی۔ انفرادی طور پر بھی بہت لوگ سن رہے ہوتے ہیں۔ بہرحال اللہ تعالیٰ اس جلسے کی برکات سے ہر ایک کو فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے۔ اب ترانے کرنے ہیں۔ جلدی جلدی کریں ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *