حضرت حافظ روشن علی صاحبؓ
(مطبوعہ الفضل ڈائجسٹ، الفضل انٹرنیشنل …؍نومبر2026ء)

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 23؍اپریل 2014ء میں حضرت حافظ روشن علی صاحبؓ کی سیرت کے بارے میں متفرق احباب کے اُن مضامین سے انتخاب شامل اشاعت ہے جو رسالہ الفرقان کی زینت بنائے گئے تھے۔

حضرت مولانا ابوالعطاء جالندھری صاحب تحریر کرتے ہیں: وہ ساعت کسی قدر مبارک ساعت تھی جب میرے والد محترم حضرت میاں امام الدین صاحب نے میری زندگی وقف کی اور مجھے حضرت چودھری غلام احمد صاحب آف کر یام ضلع جالندھر کی معیت میں قادیان لے گئے اور حضرت خلیفۃالمسیح الثانیؓ سے استصواب کے بعد مدرسہ احمدیہ میں داخل کرادیا۔ حضرت مرزا بشیراحمد صاحبؓ مدرسہ احمدیہ کے افسر تھے۔
مدرسہ احمدیہ کی آٹھویں جماعت مولوی فاضل تھی۔ اس جماعت میں پنجاب یونیورسٹی کا مولوی فاضل کا امتحان دیا جاتا تھا۔ مَیں نے 1924ء میں یہ امتحان دیا۔ اسی سال حضرت خلیفۃالمسیح الثانیؓ نے یورپ کا پہلا سفر کیا جس میں حضرت حافظ روشن علی صاحبؓ بھی حضورؓ کے ہمرکاب تھے اور بطور انچارج ڈاک بھی کام کرتے تھے۔ جب مولوی فاضل کا نتیجہ شائع ہوا تو اللہ تعالیٰ کے فضل سے مَیں پنجاب یونیورسٹی میں اوّل آیا۔ مَیں نے حضورؓکی خدمت میں لکھ کر اجازت چاہی کہ اوّل آنے کی وجہ سے مجھے یونیورسٹی کی طرف سے انگریزی کی تکمیل کے لیے تیس روپے ماہوار وظیفہ مل سکتا ہے۔ اس چٹھی کا جواب حضرت حافظ صاحبؓ نے دیا جس میں لکھا تھا کہ حضور فرماتے ہیں کہ: ’’جسے ہم مسیحا نفس بنانا چاہتے ہیں اسے تیس روپے میں گرفتار کرانے کے لیے تیار نہیں‘‘
مولوی فاضل کے بعد مجھے چند ماہ تک نظارتِ تصنیف میں کام کرنے کا موقع ملا اور پھر مربیان کی کلاس میں داخل ہوگیا۔ اکیلے حضرت حافظ صاحبؓ ہی اس کے استاد تھے۔ جس محبت، خلوص اور جذبہ خدمتِ دین کے ماتحت یہاں تعلیم دی جاتی تھی وہ نرالی چیز تھی۔ استاد استاد نہ تھا، انتہائی شفیق والد تھا۔ نہ وقت کی قید تھی نہ مکان کی پابندی۔ مسجد ہو، بازار ہو، جنگل ہو یا آبادی ہر جگہ مدرسہ تھا اور ہر گھڑی سلسلہ تدریس جاری تھا۔
حضرت حافظ صاحبؓ کی طبیعت کو دو باتوں سے چِڑ تھی۔ اوّل یہ کہ طالب علم چھٹی کا مطالبہ کریں، دوم یہ کہ کوئی طالب علم تکلّف اور بیگانگت اختیار کرے۔ جب ہم نے کہنا کہ آج چھٹی کر دیں تو فرماتے کہ میاں مرنے کے بعد بہت چھٹیاں ملیں گی اب تو کام کرلو۔ تکلّف سے آپ کی طبیعت کوسوں دور تھی۔ ایک دن میں نے پوچھ لیا کہ حضرت! آپ کو دو بیویوں کا تو بہت آرام ہوگا؟ آپؓ نے بےتکلّف فرمایا کہ دو بیویوں میں ہر وقت مسافر بننا پڑتا ہے۔ پھر ہنس کر فرمایا کہ مَیں نے ایک اچھا انتظام کر رکھا ہے کیونکہ ہر گھر میں ایک دن گوشت اور ایک دن دال پکتی ہے اور ہر گھر میں میری باری اس دن آتی ہے جب وہاں گوشت پکتا ہے۔ ایک دن مَیں نے ناواقفیت کی بِنا پر پوچھ لیا کہ آپ کے لڑکے کتنے ہیں؟ مجھے اپنے ساتھی سے فوراً سن کر کہ آپ کا کوئی لڑکا نہیں، اپنے سوال پر شرمندگی ہورہی تھی، مگر آپؓ نے بغیر کسی ملال کے بےساختہ ہماری طرف ہاتھ سے اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: ’’تم سب میرے بیٹے ہو۔‘‘ ہم نے فوراً کہا، بالکل سچ، بالکل درست۔
ایک بار ہم گوجرہ میں جلسہ کے لیے گئے۔ مرکز سے آپؓ کے نام تار آیا کہ قصور میں عیسائیوں سے مناظرہ ہے ابوالعطاء کو وہاں بھیج دیں۔ آپؓ نے جواباً تار دیا کہ اس کا گلا خراب ہے کوئی اَور انتظام کیا جائے۔ پھر میرا گلا اچھا ہوگیا تو مجھے قصور جانے کی اجازت مل گئی۔ مَیں نے باتوں باتوں میں کہہ دیا کہ فکر کی کوئی بات نہیں قصور میں مولانا راجیکی صاحب بھی ہوں گے۔ یہ کہنا تھا کہ آپؓ نے غضبناک لہجہ میں کہا کہ اگر یہ بات ہے تو تم کو قصور جانے کی ضرورت نہیں، تم مولوی راجیکی صاحب پر تکیہ کرتے ہو اور اپنے آپ کو ذمہ دار نہیں سمجھتے۔ میں نے فی الفور کہا کہ نہیں حضرت میں اپنے آپ کو ہی ذمہ دار سمجھوں گا اور تکیہ صرف اللہ تعالیٰ پر کروں گا۔ اس پر آپؓ کے چہرہ پر بشاشت آگئی اور کامیابی کی دعا دی۔
حضرت حافظ صاحبؓ جیسا تدریس کا غیرمعمولی شوق مَیں نے کسی اَور میں نہیں دیکھا۔ آپؓ نے مجھے مقررہ نصاب کے علاوہ بھی متعدّد کتب علیحدہ اوقات میں پڑھائی ہیں۔ آپؓ اُس شاگرد سے بہت خوش ہوتے تھے جو خدمت دین کو اپنا شعار بنالے۔ آپؓ کی آخری وصیت میں یہ فقرہ بھی شامل تھا کہ ’’میرے شاگرد ہمیشہ دعوت الی اللہ کرتے رہیں۔‘‘
آپؓ ملہم و صاحبِ کرامات بزرگ تھے۔ آپؓ کی وفات کے بعد 1930ء میں مجھے ’’تفہیماتِ ربانیہ‘‘ تصنیف کرنے کی توفیق ملی تو حضرت خلیفۃالمسیح الثانیؓ کی اجازت سے اس کتاب کا انتساب حضرت حافظ صاحبؓ کے نام کیا۔
مکرم قریشی محمد نذیر صاحب لکھتے ہیں: 1929ء میں خاکسار کو حضرت حافظ روشن علی صاحبؓ سے جامعہ احمدیہ میں حدیث پڑھنے کا موقعہ ملا۔ ایک حدیث کی تشریح بیان کرتے ہوئے آپؓ نے فرمایا کہ میں حضرت خلیفہ اولؓ سے پڑھا کرتا تھا۔ بعض اوقات کھانے کے وقت میں تعلیم جاری رہتی۔ ایک دفعہ اتفاق سے مجھے فاقہ آگیا اور کھانے کا وقت بوجہ تعلیمی مصروفیت کے نہ مل سکا۔ عین دوپہر کا وقت تھا۔ حضرت خلیفہ اوّل کی مجلس میں سبق پڑھتے رہے۔ مجھے خوب بھوک لگی ہوئی تھی۔ اس عالم میں ربودگی سی طاری ہوئی اور میرے سامنے بھنا ہوا گوشت، روٹی اور دودھ پیش کیا گیا۔ میں نے خوب کھایا، دودھ پیا۔ جب یہ کیفیت دُور ہوئی تو میں سیر ہو چکا تھا اور قطعاً بھوک نہ تھی بلکہ کھانے کے بعد جو لطف آتا ہے اس سے لطف اندوز ہو رہا تھا۔ اچانک حضرت مولانا نورالدین صاحبؓ نے فرمایا: روشن! فارغ ہو گئے؟ میں حیران ہوگیا کہ آپؓ کو میرے کھانا کھانے کا علم ہوگیا اور اللہ تعالیٰ نے آپؓ کو بھی میری خواب کا نظارہ دکھلا دیا۔
مکرم عبدالمجید منیب صاحب ہلال پوری لکھتے ہیں: 1919ء میں خاکسار بغرضِ تعلیم قادیان پہنچا اور حضرت حافظ صاحبؓ کی خدمت میں حاضر ہوا تو آپؓ نے فرمایا کہ حافظ محمد رمضان صاحب اور آپ دونوں مسجد نور میں معاً بعد از نمازِ ظہر مجھ سے پڑھ لیا کریں۔ نیز فرمایا کہ آپ کو یاد رہے کہ میں خیانت کرنے والوں کو نہیں پڑھایا کرتا۔ پھر فرمایا کہ جو سبق مَیں آپ کو دوں وہ بلا کم و کاست اگر دوسرے روز سنا دیں تو آپ امین ورنہ خائن۔ ہم نے عرض کیا کہ ہم انشاء اللہ تعالیٰ امین بننے کی حتّی المقدور کوشش کریں گے۔ پھر آپؓ نے ایک حدیث سناکر فرمایا کہ حافظ محمد رمضان صاحب چونکہ معذور ہیں اس لیے اگر آپ سبق یاد کرانے میں اُن کی مدد بھی کرتے رہیں گے تو اللہ تعالیٰ آپ کی مدد بھی فرمائے گا۔
ایک روز آپؓ کچھ دیر سے تشریف لائے اور فرمایا کہ مَیں آدھا گھنٹہ لیٹ پہنچا ہوں کیونکہ میری لڑکی کے گھر چوری ہوگئی تھی۔ تھانیدار کا اصرار تھا کہ آپ مشتبہ لوگوں کے نام لکھوائیں مگر مَیں نے ہر دفعہ اُس کو یہی کہا کہ چونکہ ہمیں چوروں کا کوئی علم نہیں اس لیے کسی کا نام نہیں لکھوا سکتا۔
جب آپؓ کی ذیابیطس شدّت اختیار کرگئی تو طبّی مشورے کے مطابق آپ کو سلسلہ درس و تدریس سے روکا گیا مگر اُس وقت بھی آپؓ کی منشاء سے استفادہ کرنے والوں کا آپؓ کے گرد ہالہ بنا رہتا تھا۔ خاکسار بغرضِ عیادت ایک دن حاضر ہوا تو آپؓ نے پوچھا کہ تمہاری پڑھائی کا کیا حال ہے؟ مَیں نے حقیقتِ حال عرض کی تو آپؓ نے فرمایا کہ تم کتاب لے کر ہر روز میری عیادت کو آیا کرو، تا سبق اور ثواب دونوں لے جایا کرو۔ مگر ڈاکٹر صاحب نے فرمایا کہ حضرت حافظ صاحبؓ کی صحت کا خیال تم کو اپنی تعلیم سے مقدّم رکھنا چاہیے۔ چنانچہ مَیں نے ایسا ہی کیا مگر حضرت حافظ صاحب ؓکی شفقتیں اور مہربانیاں ہمیشہ میرے سامنے رہتی ہیں۔

مکرم مولوی عبدالرحمٰن انور صاحب تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار 1919ء میں قادیان آیا تھا۔ مسجد اقصیٰ میں اکثر حضرت حافظ صاحبؓ کو مربیان کلاس کے طلباء کو حدیث پڑھاتے ہوئے اور ماہِ صیام میں درس حدیث دیتے ہوئے دیکھتا تھا لیکن زیادہ قریب سے دیکھنے کا موقع اس وقت ملا جب آپؓ کی دوسری شادی حضرت حافظ غلام رسول صاحب وزیرآبادیؓ کی دختر سے نہایت سادگی سے ہوئی۔ آپؓ نے جس مکان کا چوبارہ کرایہ پر لیا تھا اس کے نچلے حصے میں ہماری رہائش تھی۔
1926ء میں مولوی فاضل کرکے مَیں بطور عربک ٹیچر ملازم ہوگیا تو محترم حافظ صاحبؓ نے میری اہلیہ اور میری والدہ صاحبہ کو پُرزور الفاظ میں زندگی وقف کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ چنانچہ مَیں نے زندگی وقف کردی اور اپنی تنخواہ سے نصف وظیفے پر قادیان حاضر ہوکر حضورؓ کے ارشاد پر مربیان کلاس میں داخل ہوگیا۔ حضرت حافظ صاحبؓ استاد تھے۔ بوجہ نئی ابتدائی کلاس ہونے کے پڑھائی زیادہ نہیں تھی۔ پھر آپؓ بیمار ہوگئے تو آپؓ کی محبت کی وجہ سے خاکسار اکثر آپؓ کی خدمت میں حاضر ہوتا تو تاکید فرماتے کہ پروفیسروں پر انحصار نہ رکھو، تم مولوی فاضل ہو،خود کتب کا مطالعہ کرو۔ پھر حضرت مسیح موعودؑ کی مناسب کتب کو تجویز فرما کر مطالعہ کی مقدار روزانہ معین فرمادیتے اور پھر نگرانی بھی فرماتے۔
انہی دنوں لاہور سے ایک غیر احمدی عالِم کے ساتھ مباہلہ کی بات چیت شروع ہوئی۔ حضرت حافظ صاحبؓ اس مرحلہ کو طے کرنے کے لیے بیماری میں خود لاہور تشریف لائے اور سفر میں مجھے بھی ساتھ لے گئے۔ راستے میں فرمایا کہ اگرچہ مَیں بیمار ہوں لیکن اگر مباہلہ ہوجائے تو اللہ تعالیٰ کے فضل سے تسلی ہوگی کہ ایک سال تک اللہ تعالیٰ ضرور زندگی عطا کرے گا۔ یہ اس ایمان کا کرشمہ تھا جو مکرم حافظ صاحبؓ کو احمدیت کی صداقت پر تھا۔ افسوس کہ مباہلہ کے لیے فریقِ ثانی آمادہ نہ ہوا۔
حضرت حافظ صاحبؓ مفتی سلسلہ عالیہ بھی تھے۔ جو خطوط احباب کی طرف سے آتے انہیں اپنی جیب میں محفوظ رکھتے اور ہر وقت ڈاکخانے کے سادے کارڈ اور لفافے بھی ساتھ رکھتے تھے اور مجھے ارشاد فرمایا ہوا تھا کہ تم اپنے قلم میں سیاہی تیار رکھا کرو تا کہ جب بھی فرصت کا موقع ملے گھر پر یا مسجد میں ان خطوط کے جوابات لکھوانے کی صورت ہو جایا کرے۔ فتویٰ کے آخر میں اپنے دستخط بھی کرتے تھے۔ حضرت حافظ صاحب ہمیشہ اپنے پاس جیبی گھڑی بھی رکھتے اور اوقات کی پابندی کا خاص خیال رکھا کرتے تھے۔

حضرت مولانا جلال الدین شمس صاحبؓ تحریر کرتے ہیں کہ جب مَیں 1919ء میں مولوی فاضل پاس کرچکا تو حضرت مصلح موعودؓ نے میرے لیے ایک نصاب تجویز کیا جس میں حضرت مسیح موعودؑ کی کتب کا خلاصہ نکالنا بھی شامل تھا۔ اس کے لیے مجھے نظارت تالیف و تصنیف میں بھی کام کرنا پڑا جس کے ناظر مکرم درد صاحبؓ تھے اور حضرت حافظ صاحبؓ بطور نگران کام کرتے تھے۔ چنانچہ مَیں نے آپؓ کی نگرانی میں چند کتب اور بہت سے مضامین بھی لکھے۔ پھر ہماری مربیان کلاس شروع ہوگئی تو آپؓ کی شفقت سے کئی سال تک مجھے حصہ ملتا رہا۔ آپؓ نے میری تربیت فرمائی اور مناظرات کے مشق کرائی۔ کئی سفروں میں آپؓ مجھے ہمراہ لے گئے۔ آپؓ حد درجہ متواضع اور مجسّم محبت تھے۔ ایک سفر میں ہمارے پاس دو ٹکٹوں کا سیکنڈ کلاس کا کرایہ نہ تھا اس لیے مجبوراً ایک سَرْونٹ ٹکٹ لیا۔ آپؓ اُن دنوں کچھ مریض بھی تھے۔ مگر آپؓ بارہا راستے میں مختلف سٹیشنوں پر اُتر کر میرے پاس آتے اور فرماتے کہ آؤ جگہ تبدیل کرلیں۔ مگر مَیں نے منظور نہیں کیا۔
اپنے شاگردوں سے آپؓ کا ایسا تعلق تھا کہ جو بھی ضرورت ہوتی شاگرد آپؓ سے ہی کہا کرتے اور آپؓ انجمن میں معاملہ پیش کرتے اور فیصلہ کرواتے۔
آپؓ کو سلسلہ سے اس قدر محبت تھی کہ جب مَیں شام جانے کے لیے روانہ ہونے لگا تو مجھے جو نصائح فرمائیں اُن میں یہ بھی تھیں کہ سلسلہ احمدیہ کے متعلق کبھی یہ خیال نہ کرنا کہ خلیفہ یا کوئی اَور اس کا ذمہ دار ہے بلکہ اپنے ذہن میں یہ خیال پختہ کرلو کہ یہ سلسلہ میرا ہے اور مَیں اس کا ذمہ دار ہوں۔ پھر یہ نصیحت بھی فرمائی کہ خداتعالیٰ سے براہ راست تعلق پیدا کرنے کی کوشش کرنا اس کے بغیر حقیقی راحت نہیں مل سکتی۔

Leave a Reply