سویڈن سے ماہنامہ ’’ربوہ‘‘ کا اجراء

جون 1999ء سے جماعت احمدیہ سویڈن کے زیراہتمام ایک نئے ماہنامہ کا اجراء عمل میں آیا ہے۔ بیس صفحات پر مشتمل پہلے پرچہ کے سات صفحات مقامی زبان سویڈش میں ہیں جبکہ باقی پرچہ اردودان احباب کے لئے ہے۔ رسالہ زرد رنگ کے کاغذ پر عمدہ طباعت کے ساتھ شائع ہوا ہے اور اس کا سرورق بھی بہت جاذب نظر ہے۔ سیاہ زمین پر سفید رنگ میں رسالہ کا نام اور سورۃ المومنون کی آیت نمبر 51

’’وَ اٰوَیۡنٰھُمَآ اِلیٰ رَبۡوَۃٍ ذَاتِ قَرَارٍ وَّ مَعِیۡنٍ‘‘

درج ہے۔ جبکہ پس منظر میں سویڈن کا نقشہ دکھایا گیا ہے۔
اس رسالہ کے نام کیلئے حضور انور (خلیفۃالمسیح الرابع) کی خدمت میں تین نام تجویز کرکے عرض کیا گیا تھا کہ حضور ان ناموں میں سے کوئی نام منظور فرمادیں یا اپنی پسند سے کوئی اَور نام تجویز فرمادیں۔ حضور انور نے از راہ شفقت تین مجوزہ اسماء میں سے ہی ایک نام ’’ربوہ‘‘ پسند فرمایا ہے۔ اللہ تعالیٰ اس رسالہ کا اجراء ہر لحاظ سے جماعت احمدیہ سویڈن کیلئے بابرکت فرمائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں