محترم نواب دین صاحب آف تہال
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ10 ستمبر 2012ء میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں مکرم ظفر احمد ظفر صاحب نے اپنے والد محترم نواب دین صاحب آف تہال (کشمیر) کا ذکرخیر کیا ہے۔
محترم نواب دین ولد عبد النبی صاحب قریباً 1919ء میں پیدا ہوئے۔ آپ کے والدین کی وفات 1924ء میں پھیلنے والی طاعون سے ہوگئی جس کے بعد آپ اپنے مختلف اقرباء کے ہاں قیام پذیر رہے اور پھر ابتدائے جوانی میں اپنے چچا مکرم غلام نبی صاحب کے ہاں رہائش اختیار کر لی۔ اگرچہ محترم نواب دین صاحب کی والدہ کا تعلق احمدی خاندان سے تھا لیکن والد احمدی نہیں تھے اور والدین کی وفات کے بعد آپ کا قیام بھی اپنے غیرازجماعت عزیزوں کے ہاں رہا۔ لیکن جب آپ نے اپنے چچا مکرم غلام نبی کے ہاں رہائش اختیار کی تو اس گھرانہ میں آپ کو احمدی ماحول میسر آگیا کیونکہ آپ کی چچی مکرمہ صاحبزادی صاحبہ مخلص احمدی تھیں۔ چنانچہ محترم نواب دین صاحب نے بھی خلافت ثانیہ میں باقاعدہ بیعت کرلی۔ آپ نے قبولِ احمدیت کے بعد تعلق باللہ اور تقویٰ میں بہت زیادہ ترقی کی۔ ہر وقت ذکرالٰہی میں مصروف رہتے۔ کھانا کھاتے ہوئے ہر لقمہ جب منہ میں ڈالتے تو بسم اللہ پڑھتے۔
مضمون نگار بیان کرتے ہیں کہ مَیں نے 1975ء میں میٹرک کا امتحان دیا اور ٹیکنیکل کالج میں داخلہ لینے کا ارادہ کیا لیکن جب ایک نماز کے بعد معلّم صاحب نے جامعہ احمدیہ میں داخلہ کی تحریک کی اور کہا کہ جن خدام نے میٹرک کا امتحان دیا ہے، اُن میں سے کوئی خود اپنے آپ کو یا اُن کے والد صاحب اپنے بچے کو وقف کے لئے پیش کریں تو والد صاحب نے بلاتوقّف بلند آواز سے کہا کہ میں اپنے بیٹے کو وقف کرتا ہوں۔ پھر آپ نے گھر آکر سب کو سمجھاکر آمادہ کیا اور مجھے جامعہ احمدیہ میں داخل کروادیا۔ لیکن چند دنوں کے بعد ہی مَیں اپنے والدین اور بہن بھائیوں کی جدائی کو برداشت نہ کرتے ہوئے واپس گھرچلا گیا۔ تاہم مرحوم کے ارادہ میں کوئی تزلزل نہ آیا اور مجھے سمجھا بجھا کر دوبارہ جامعہ احمدیہ میں لے آئے اور باوجود اپنی بیماری کے تقریباً دس دن تک ربوہ میں قیام کیا۔ پرنسپل صاحب اور اساتذہ سے مل کر کے مجھے سمجھانے کی درخواست کی اور خود بھی پیار سے سمجھاتے رہے ۔ جب مَیں ماحول سے کچھ مانوس ہوگیا تو پھر واپس گھر چلے گئے۔
اگرچہ بچپن میں ہی والدین کی وفات ہوجانے کے نتیجہ میں آپ بنیادی تعلیم وتربیت سے محروم رہے تھے۔ تعلیم بھی حاصل نہیں کرسکتے تھے لیکن قرآن کریم سے آپ کو خاص لگاؤ تھا۔ اور قرآن کریم کا جو حصہ زبانی یاد تھا اُس کو ہمیشہ دہراتے رہتے تھے۔ 1995ء میں آپ اپنے بچوں کے پاس کینیڈا چلے گئے تو پھر اپنی اہلیہ محترمہ کی مدد سے 75 سال کی عمر میں قرآن کریم ناظرہ سیکھا اور بعدازاں باقاعدگی سے تلاوت کیا کرتے۔ پانچوں نمازیں بڑے التزام کے ساتھ اور نماز تہجد بھی سوائے اشد مجبوری کے باقاعدہ ادا کرتے تھے۔ آپ کا معمول تھا کہ نماز سے کافی پہلے اور بعد تک مسجد میں نوافل کی ادائیگی اور ذکر الٰہی میں مصروف رہتے۔ آخری عمر میں باوجود کمزوری کے مسجد جاتے اور دوسروں کے کہنے کے باوجود کرسی پربیٹھ کر نماز پڑھنے کی بجائے کھڑے ہوکر نماز ادا کرتے۔
آپ نے بچوں کی تربیت کی طرف خاص توجہ دی۔ نماز کے قیام پر بہت زور دیتے اور جائزہ لیتے کہ ساری نمازیں سب نے ادا کی ہوئی ہیں۔ ربوہ میں جلسہ سالانہ ہوتا تو بعض اوقات فوج کی ملازمت میں ہونے کی وجہ سے مجبوراً خود نہ جاسکتے لیکن بچوں کو اُن کی والدہ کے ہمراہ ضرور بھجواتے۔ باوجود اَن پڑھ ہونے کے بہت پُرجوش داعی الی اللہ تھے۔ خلافت اور جماعت سے جنون کی حد تک عقیدت تھی۔ خطبہ جمعہ باقاعدگی سے سنتے اور خلیفۂ وقت کے ارشادات پر عمل کرنے کی کوشش کرتے۔ آخری بیماری میں کمزوری کی وجہ سے سجدہ نہیں کرسکتے تھے لیکن جب عالمی بیعت کے بعد حضورانور نے سجدۂ شکر ادا کیا تو آپ بھی بے اختیار سجدہ میں چلے گئے لیکن گرگئے۔ بعد میں بچوں نے کہا کہ آپ نے اشارے سے ہی سجدہ کر لینا تھا۔ کہنے لگے جب خلیفہ وقت سجدہ کر رہے تھے تو مجھے پتہ ہی نہیں چلااور مَیں بے اختیار سجدہ میں چلا گیا۔
آپ تمام بچوں اور عزیز واقارب سے ہمیشہ محبت کے ساتھ پیش آتے۔ کبھی کسی سے ذاتی ناراضگی نہ رکھتے اور اگر کوئی عزیز کسی وجہ سے ناراض ہوجاتا تو اس سے معذرت کر کے اسے راضی کرنے کی کوشش کرتے۔
مضمون نگار بیان کرتے ہیں کہ ایک بار مَیں اپنے گاؤں تہال گیا تو مسجد میں نماز کے بعد بعض احباب نے وہاں پر متعین مرکزی معلّم صاحب کی کچھ شکایات کیں۔ مکرم والد صاحب بھی وہاں موجود تھے اور آپ نے بھی وہ ساری باتیں سنیں۔ جب ہم گھر واپس آئے تو مجھے کہنے لگے کہ معلم صاحب کے بارہ میں بعض احباب نے جو باتیں کی ہیں ان کا ذکر مرکز جا کر نہیں کرنا۔ وہ بہت نیک انسان ہیں کیونکہ جب مَیں صبح تہجد کے لئے مسجد میں جاتا ہوں تو وہ پہلے ہی سے تہجد کے لئے بیدار ہوئے ہوتے ہیں۔ اور اپنا گھر بار بیوی بچوں کو چھوڑ کر یہاں جماعت کی خدمت کر رہے ہیں۔
مضمون نگار مزید لکھتے ہیں کہ تہالؔ میں متعین ایک معلّم صاحب حافظِ قرآن بھی تھے اور رمضان میں نماز تراویح بھی پڑھاتے تھے۔ اکثر معلّمین کی خدمت کا موقع ہمارے خاندان کو ملا کرتا تھا۔ لیکن ایک بار جب رمضان کے دوران والد صاحب کینیڈا سے آئے ہوئے تھے تو مسجد میں یہ ذکر ہوا کہ معلّم صاحب کو آجکل دودھ نہیں مل رہا۔ اس پر آپ نے گھر آکر میرے بڑے بھائی سے اس بارہ میں پوچھا تو وہ کہنے لگے کہ آجکل بھینس کا دودھ کم ہوگیا ہے اس لئے معلّم صاحب کو نہیں بھجوارہے۔ اس پر والد صاحب نے کہا کہ آج سے مَیں دودھ نہیں پیوں گا اور یہ دودھ روزانہ معلّم صاحب کو بھجوادیا جایا کرے۔ چنانچہ اُس سال سارا رمضان باوجود گھر والوں کے اصرار کے آپ نے دودھ نہ پیا لیکن معلّم صاحب کو باقاعدگی کے ساتھ دودھ فراہم کیا جاتا رہا۔
1974ء کے دورِ ابتلاء میں تہالؔ میں بھی مخالفین نے جلسے کئے اور جلوس نکالے۔ احمدی گھروں پر پتھراؤ کیا جاتا ۔ 9جون کو ایک بڑے جلوس نے احمدی گھروں پر باقاعدہ حملہ کردیا۔ احمدی اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے، کئی گھروں کو آگ لگادی گئی بہت سے احمدی زخمی ہوئے۔ آپ اپنے نئے تعمیرکردہ مکان میں اکیلے موجود تھے۔ جب آپ نے دیکھا کہ ہزاروں آدمی حملہ آور ہیں تو اندر کمرے میں جاکر دروازہ بند کر کے نوافل ادا کرنے شروع کر دئیے ۔ مخالفین دیواریں پھلانگ کر صحن میں کودے اور دروازے توڑ کر کمروں میں داخل ہوگئے۔ آپ بیان کرتے ہیں کہ مَیں نوافل ادا کرتا رہا اور شرپسند میرے سامنے سے گزرتے ہوئے یہ کہتے جاتے تھے کہ یہاں پر تو کوئی شخص بھی موجود نہیں ۔چنانچہ وہ سارے مکان کی تلاشی لے کر باہر چلے گئے۔ اور اللہ تعالیٰ نے معجزانہ طور پر آپ کو اُن کے شر سے محفوظ رکھا۔
انہی ایام میں آپ معمول کے مطابق اپنی زمین کی کاشت اوردیکھ بھال کرنے بھی جاتے تھے۔ آپ کے بھائی بعض اوقات کہتے کہ زمین کو کاشت کرنے کا کیا فائدہ، نہ معلوم یہ لوگ ہمیں یہاں رہنے بھی دیں گے یا نہیں!۔ لیکن آپ بڑے اطمینان سے کہتے کہ ہم یہاں ہی رہیں گے اور ہمیں کوئی یہاں سے نکال نہیں سکتا۔ آپ بتایا کرتے تھے کہ مجھے یہ اطمینان اور سکون خدا تعالیٰ کی بعض تائیدی شہادات سے نصیب ہوا تھا کیونکہ ایک دفعہ مَیں اپنی زمین میں ہل جوت کر کھڑا ہوگیا، ہل چلانا چھوڑدیا اور بے قراری سے زمین پر بیٹھ کر دعا کرنے لگا تو کشفاً دیکھا کہ سفید کپڑوں میں ملبوس ایک بڑی فوج ہے جو ہمارے گاؤں کی طرف بڑھ رہی ہے۔ اس کے بعد وہ کشفی کیفیت جاتی رہی اور مجھے سکون ہوگیا کہ مخالفین کا کوئی منصوبہ ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکے گا۔ چنانچہ آپ ابتلاء کے اُس لمبے دَور میں گاؤں میں ہی موجود رہے اور بڑے صبر اور حوصلے کے ساتھ جماعتی ڈیوٹیز ادا کرتے رہے ۔
آپ جماعت کے چندوں کی ادائیگی میں بہت باقاعدہ تھے۔ آپ موصی تھے اور آپ نے اپنی جائیداد کا حصۂ وصیت اپنی زندگی میں ہی ادا کردیا تھا۔ آپ کی وفات 7جنوری2011ء کو کینیڈا میں ہوئی اور وہیں تدفین ہوئی۔ یادگاری کتبہ بہشتی مقبرہ ربوہ میں نصب ہے۔