مکرم چودھری عبدالواحد صاحب
تحریک آزادی کشمیر کے راہنما اور اخبار ’’اصلاح‘‘ کے ایڈیٹر مکرم چودھری عبدالواحد صاحب کا مختصر ذکر خیر روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 3؍فروری 2003ء میں مکرم عبدالغفار ڈار صاحب کے قلم سے شامل اشاعت ہے۔
مکرم چودھری صاحب پنجاب کے رہنے والے تھے اور مدرسہ احمدیہ قادیان کے سکاؤٹ ماسٹر بھی رہ چکے تھے۔ جب آپ کو ہفت روزہ اخبار ’’اصلاح‘‘ سرینگر کا ایڈیٹر بنایا گیا تو آپ دہلی میں خواجہ حسن نظامی صاحب کے ایک مڈل سکول کے ہیڈماسٹر تھے۔ آپ نے دم توڑتے ہوئے اخبار کی زمام ادارت سنبھالی تو بہت جلد اس کی اشاعت کو ہزاروں کی حیران کن حد تک پہنچا دیا۔ یہ اخبار کشمیر کے مظلومین کے حقوق کے لئے سرگرم عمل تھا جب شیخ محمد عبداللہ نے اخبار کو اپنے مقاصد کے لئے استعمال کرنا چاہا۔ جب ایسا ممکن نہ ہوا تو پہلے اخبار کو بلیک لسٹ کیا گیا، پھر سنسر لاگو ہوا اور بعد میں ہمیشہ کے لئے بند کردیا گیا۔ تاہم اخبار نے جو خدمات سرانجام دیں وہ حضرت مصلح موعودؓ کے اس عہد کو ہمیشہ تاریخ میں یاد رکھیں گی کہ آپؓ کا پُرشفقت ہاتھ ہمیشہ کشمیر کے مظلوم عوام کے سرپر رہا۔