ڈالروں کی دوڑ اتنی تیز ہے … نظم
(مطبوعہ ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘، الفضل انٹرنیشنل لندن 8 جولائی 2022ء)
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 9؍اکتوبر 2013ء میں مکرم عبدالکریم قدسی صاحب کی ایک نظم شامل اشاعت ہے۔ اس نظم میں سے انتخاب ہدیۂ قارئین ہے:
ڈالروں کی دوڑ اتنی تیز ہے
خالی خالی ناشتے کی میز ہے
لہلہائیں اشک کی فصلیں بہت
درد کا رقبہ بہت زرخیز ہے
وصل کی اپنی جگہ خوشبو ، مگر
ہجر کا موسم قیامت خیز ہے
جب کھِلے گی تو قیامت ڈھائے گی
یہ کلی غم کی ابھی نوخیز ہے
سانحۂ نَو کا متحمّل نہیں
غم کا پیالہ صبر سے لبریز ہے
اس کا چپ رہنا بھی قدسیؔ ہے غضب
گفتگو بھی اس کی دلآویز ہے