لَاکَذِبْ اَنْتَ النَّبِیُّ لَاکَذِبْ — نعتیہ کلام

(مطبوعہ الفضل ڈائجسٹ، روزنامہ ’’الفضل انٹرنیشنل‘‘ لندن 2026ء)

مسجد نبوی مدینہ منورہ

روزنامہ‘‘الفضل’’ربوہ 10؍مارچ2014ء میں مکرم مولانا ظفرمحمد ظفر صاحب کا طویل نعتیہ کلام شامل اشاعت ہے جس میں اُس ایمان افروز دعوے کی تکرار ہے جب غزوۂ حنین کے موقع پر کفّار کے تیروں کی بوچھاڑ سے مسلمانوں کی سواریاں بھاگ اُٹھیں اور آنحضورﷺ بجز چند صحابہؓ کے میدان میں تنہا رہ گئے۔ حضرت عباسؓ نے حضورﷺ کو آگے بڑھنے سے روکنا چاہا تو آپؐ نے فرمایا: مجھے مت روکو۔ اَنَالنَّبِیُّ لَاکَذِبْ، اَنَا ابْنُ عَبْدِالْمُطَّلِبْ۔
اس خوبصورت نعت میں سے انتخاب ہدیۂ قارئین ہے:

یا حبیبَ اللہ ، اللہ کے محبّ
جانتا تھا مسمریزم تُو نہ طبّ
صدیوں کے بیمار اچھے کر دیے
تُو ہے عیسیٰ یا ابن عبدالمطّلب
لَاکَذِبْ اَنْتَ النَّبِیُّ لَاکَذِبْ
موسوی اعجاز اِنشقّ الحجر
آپؐ کا اعجاز و انشقّ القمر
دونوں میں ہے قدرتِ حق جلوہ گر
تُو ہے موسیٰ یا ابن عبدالمطّلب
لَاکَذِبْ اَنْتَ النَّبِیُّ لَاکَذِبْ
کعبۃُاللہ میں جو رکھے تھے صنم
جن کے آگے گردنیں تھیں سب کی خَم
کر دیے اُن سب کے تُو نے سر قَلم
تُو ہے ابراہیم یا ابن عبدالمطّلب
لَاکَذِبْ اَنْتَ النَّبِیُّ لَاکَذِبْ

محترم مولانا ظفر محمد ظفر صاحب

تُو ہے سرِّ ابتدائے زندگی
تیری ہستی منتہائے زندگی
تجھ سے وابستہ بقائے زندگی
تُو ہے آدمؑ یا ابن عبدالمطّلب
لَاکَذِبْ اَنْتَ النَّبِیُّ لَاکَذِبْ
الغرض جتنے ہوئے پیغامبر
تھے وہ جن جن خوبیوں سے بہرہ وَر
تُو ہے جامع سب کا قصّہ مختصر
یا محمدؐ یا ابن عبدالمطّلب
لَاکَذِبْ اَنْتَ النَّبِیُّ لَاکَذِبْ

اپنا تبصرہ بھیجیں