بےخُدا انسان آخر کیا کرے — نظم
جماعت احمدیہ امریکہ کے ماہنامہ ’’النور‘‘ مئی و جون 2014ء میں مکرم طارق احمد مرزا صاحب کا کلام شامل اشاعت ہے۔ اس نظم میں سے انتخاب پیش ہے:

بےخُدا انسان آخر کیا کرے
بےلقاء وجدان آخر کیا کرے
جس طرف دیکھیں نظر آتا ہے وہ
دیدۂ حیران آخر کیا کرے
عقل نے تو کہہ دیا کہ ہوش کر
دل تو ہے نادان آخر کیا کرے
بیکراں دشتِ جنوں ، تنہا سفر
یہ سر و سامان آخر کیا کرے
دل تو منّت کشِ دوا ٹھہرا
دردِ بےدرمان آخر کیا کرے
آپ کا جی موہ لینے کے لیے
بندۂ بےجان آخر کیا کرے
مَر کے طارقؔ ہوگئے ہم تو اَمر
عِشق میں انسان آخر کیا کرے

Leave a Reply