عمر میں اضافے کی کوششیں – جدید تحقیق کی روشنی میں

عمر میں اضافے کی کوششیں – جدید تحقیق کی روشنی میں
(فرخ سلطان محمود)

٭ طبی ماہرین نے کہا ہے کہ زندگی میں اضافے کی ضمانت کوئی شخص نہیں دے سکتا مگر روزانہ پیدل چلنے کی عادت ایک نہایت اہم بات ہے جس سے زندگی میں اضافے کی ضمانت فراہم کی جاسکتی ہے۔ امریکہ میں ماہرین نے اس ضمن میں ایک تحقیق مکمل کی جس کے مطابق روزانہ 20سے 40منٹ تیز پیدل چلنے سے آپ زندگی میں نمایاں بہتر تبدیلی لاکر خود کو جسمانی اور ذہنی سطح پر بہتر بناسکتے ہیں۔ اس تحقیق کے دوران 70سے 92 سال تک کے افراد میں اچانک موت کی شرح بھی دیکھی گئی تھی اور ماہرین یہ دیکھ کر حیران ہوئے کہ پیدل چلنے والے بزرگ افراد میں یہ شرح نمایاں طور پر کم تھی۔ بعد ازاں اس تحقیق کو ماہرین نے 4 مختلف زاویوں سے تبدیل کر کے چیک کیا تو بھی نتائج ملتے جلتے حاصل ہوئے۔ اس تحقیق کی تکمیل کے لئے 4 ہزار 735 افراد کا 10سالہ ریکارڈ پیش نظر رکھا گیا تھا۔
٭ آسٹریا کی گریز یونیورسٹی کے طبی ماہرین نے کہا ہے کہ انسان کے کروموسومز میں تبدیلی لا کر بڑھتی ہوئی عمر کو روکنے اور زیادہ عرصہ تک جوانی کو برقرار رکھنے کا امکان روشن ہے اور اس ضمن میں جانوروں پر کامیاب تجربات کئے جا چکے ہیں۔ ماہرین کے مطابق انسانی جسم میں خلیوں کے ٹوٹنے اور نئے بننے کے عمل سے عمر بڑھنے اور بڑھاپے کی جانب سفر شروع ہوتا ہے جس کو کروموسومز میں تبدیلی لا کر سست کیا جاسکتا ہے۔ فی الحال اس کے تجربات چوہوں، مکھیوں، پھلوں اور بعض دیگر جانوروں پر کامیابی سے کئے جاچکے ہیں۔ انسانوں کے لئے تیار کی جانے والی اِس گولی کو عنقریب مارکیٹ میں متعارف کرادیا جائے گا۔
’’الیکسر آف لائف‘‘ نامی اس گولی میں استعمالی ہونے والے کیمیائی مادوں کو مالیکیولر ٹیکنالوجی سے تیار کیا گیا ہے اور اس کے استعمال سے جسم میں ہونے والی خلیوں کی ٹوٹ پھوٹ کے عمل پر قابو پایا جائے گا۔ پروفیسر ڈاکٹر فرینک میٹرو نے امید ظاہر کی ہے کہ اس گولی کے استعمال سے انسانی عمر کے بڑھنے کی رفتار ڈرامائی طور پر کم ہوجائے گی اور لوگ زیادہ عرصہ تک صحت مند رہیں گے۔ چنانچہ امید ہے کہ برطانیہ میں81 سال اوسط عمر کا گراف اس گولی کی وجہ سے 100 سال تک بڑھ جائے گا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں